"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

انتخابی اصلاحات، وزیراعظم کی پیشکش پر
اپوزیشن متفقہ فیصلہ کرے گی: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''انتخابی اصلاحات، وزیراعظم کی پیشکش پر اپوزیشن متفقہ فیصلہ کرے گی‘‘ جبکہ ہماری جماعت میں میرا گروپ علیحدہ متفقہ فیصلہ کرے گا اور نظریاتی گروپ علیحدہ متفقہ فیصلہ کرے گا اور دونوں ایک دوسرے کے فیصلے کی کوئی مخالفت نہیں کریں گے اور اسی طرح آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں وہ گروپ اپنی متفقہ کمپین کریں اور میں اپنی، اور امید ہے کہ اس اتفاقِ رائے کے اچھے نتائج نکلیں گے، اور نہ بھی نکلے تو ہمارے اس اتفاق اور اتحاد میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
پیپلز پارٹی کو آصف زرداری
کنٹرول کرتے ہیں: شاہ محمودقریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''بلاول شو بوائے، پیپلز پارٹی کو آصف زرداری کنٹرول کرتے ہیں‘‘ جبکہ ہماری پارٹی کو کوئی کنٹرول نہیں کرتا اور ہر آدمی آزادانہ فضا میں کام کرتا ہے جبکہ کسی کو شو بوائے اس لیے بھی نہیں کہا جا سکتا کہ اب کوئی بوائے نہیں رہا، چنانچہ ہماری پارٹی اور حکومت کسی کنٹرول کے بغیر کامیابی سے چل رہی ہے اور اگر کبھی ہم رکتے بھی ہیں تو تھوڑی دیر آرام کر کے پھر چل پڑتے ہیں کہیں پر دوبارہ رکنے کے لیے اور سارا سفر نہایت خوش اسلوبی سے طے ہوتا رہتا ہے، کیونکہ سب کی منزل اپنی اپنی ہے اور کوئی دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرتا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
گیس کی لوڈ شیڈنگ کی مثال 70
سالہ ملکی تاریخ میں نہیں ملتی: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''گیس کی لوڈ شیڈنگ کی مثال 70 سالہ ملکی تاریخ میں نہیں ملتی‘‘ اور گزشتہ 30 سال میں جھولیاں بھر بھر کر جو خدمت ہم نے کی ہے، اس کی بھی مثال کہیں نہیں ملے گی، ماسوائے پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور کے لیکن ہم میں اور ان میں فرق یہ ہے کہ خدمت کا کافی حصہ انہیں واپس کرنا پڑا ہے جبکہ ہم نے خدمت کا ایک دھیلا بھی واپس نہیں کیا جبکہ ہمارے سب سے بڑے خدمات گار لندن میں اس خدمت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور کئی دیگر افراد بھی مائلِ پرواز ہیں کیونکہ اپنے حصے کی خدمت وہ بھی جی بھر کے کر چکے ہیں جبکہ اپنی اپنی بساط کے مطابق دیگران کی خدمت بھی اپنی جگہ ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بت
پاش پاش کر دیے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کر دیے‘‘ اور کرپشن کی صرف چھوٹی چھوٹی مورتیاں باقی ہیں جو ہر جگہ موجود ہیں اور جو اپنے دانے دنکے کی فکر میں رہتی ہیں اور کسی کا کچھ نہیں بگاڑتیں‘ اس لیے وہ چوری چھپے ادھر اُدھر دال دلیا کرتی رہتی ہیں اور واقعی اس قابل ہیں کہ انہیں نظر انداز کر دیا جائے۔ اگرچہ بڑے بت پاش پاش ہونے کے باوجود اپنی جگہ پر موجود ہیں لیکن اب وہ مزید کرپشن نہیں کر سکتے، بلکہ اپنی کرپشن کو چھپانے اور اپنے خلاف مقدمات اور ریفرنسز ہی سے عبرت حاصل کرتے رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر تعزیت کر رہے تھے۔
صفائی نصف ایمان‘ لاہور کے لیے چھ
ہزار کنٹینر خرید لیے گئے: یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ''صفائی نصف ایمان، لاہور کے لیے چھ ہزار کنٹینرز خرید لیے گئے ‘‘ تا کہ اپوزیشن کے غیر جمہوری جلسوں کا راستہ روکنے میں آسانی ہو جبکہ صفائی کی بنا پر حاصل ہونے والے ثمرات کا باقی حصہ ان کی طبیعت کی صفائی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا اور اگر کوئی تھوڑی بہت کسر باقی رہ گئی تو اس کے لیے کچھ لوگ ہاتھ کی صفائی پر یقین رکھتے ہیں۔ نیز اس سے لاہور ایک صاف شفاف شہر کہلانے کے قابل ہو جائے گا اور اگر کراچی بھی ہمارے ساتھ شامل ہونا چاہے تو وہ بھی ہماری پیروی کر کے صفائی نصف ایمان ہے کے مقولے پر عمل کر سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
اندر سے جب پری نکالی
پہلی، پھر دوسری نکالی
دشتِ دل سے بہائے آنسو
خشکی سے کیا تری نکالی
دیوار تھی دوسری طرف بھی
دیوار سے جب جھری نکالی
جا اُس کے بھی ساتھ سر کھپایا
خود سے بھی خود سری نکالی
پھر بھی ہم اس میں رہ نہ پائے
گھر میں سے بے گھری نکالی
دیکھا تو فرش بھی نہیں تھا
نیچے سے جب دری نکالی
بیگم سے مار کھا کے اس نے
ماتحت پر افسری نکالی
کر ڈالا یاد کا صفایا
پہلے تو سرسری نکالی
تب شعر، ظفرؔ، بچا ہے کوئی
جب ساری سخن وری نکالی
آج کا مطلع
ہیں کس طرح کے بام و در تو دکھائو
کسی دن ہمیں اپنا گھر تو دکھائو

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں