"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

تحریک انصاف نے کشمیر میں حکومت بنائی
تو پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''تحریک انصاف نے کشمیر میں حکومت بنائی تو پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے‘‘ جس سے کوئی صحت افزا مقام بھی باقی نہیں بچے گا جبکہ صحت پہلے ہی کافی مشکوک رہتی ہے؛ تاہم بوقت ضرورت اس شک کو یقین میں بھی بدلا جا سکتا ہے اور والد صاحب کی مساعیٔ جمیلہ اس سلسلے میں ایک روشن مثال کی حیثیت رکھتی ہیں کہ کس طرح وہ حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونک کر راہیٔ ملکِ برطانیہ ہوئے تھے حتیٰ کہ ملک میں دھول کی کمی واقع ہو گئی تھی جو اب بیرونی ممالک سے درآمد کرنی پڑ رہی ہے کیونکہ دُھول اڑانے کو بھی موجود نہیں ہے۔ آپ اگلے روز بلوچ پور پلندری میں جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔
ٹکٹ چوری ہورہے، ریلوے کو 50 ارب
کا نقصان ہو رہا ہے: اعظم سواتی
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ''ریلوے کے ٹکٹ چوری ہورہے، سالانہ 50 ارب کا نقصان ہو رہا ہے‘‘ بلکہ ملک میں کوئی چیز بھی چوری ہونے سے بچی ہوئی نہیں ہے کیونکہ ملک خدا خدا کر کے ڈاکا زنی سے محفوظ ہوا ہے تو چوری چکاری کی زد میں آ گیا ہے اور ٹکٹ چوری باقاعدہ ایک کاروبار کی حیثیت اختیار کر چکی ہے حتیٰ کہ اس چوری سے حادثات سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے اس لیے حادثات کے بجائے اب اس چوری پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے کیونکہ حادثات کا تدارک تو قدرت ہی کر سکتی ہے ۔آپ اگلے روز ریلوے کیرج فیکٹری میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
امریکا نے اڈے مانگنے کے لیے
ماحول بنایا ہوا تھا: ڈاکٹر معید یوسف
مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ ''امریکا نے اڈے مانگنے کے لیے ماحول بنایا ہوا تھا‘‘ جبکہ اس کے جواب میں ہم نے بھی انکار کرنے کا ماحول بنایا ہوا تھا جو ہم نے اڈے مانگنے سے پہلے ہی واضح کر دیا اور کہا کہ اگر ویسے ہی کام چلتا ہے تو آپ کو اڈوں کی کیا ضرورت ہے ؟اور یہ بات ان کی سمجھ میں آ گئی تھی کیونکہ ہماری طرح ان کی عقل بھی ٹھکانے پر رہتی ہے؛ چنانچہ اب وہ اپنے گھر میں خوش ہیں اور ہم اپنے گھر میں اور ان کی یہ دور اندیشی قابلِ داد ہے کہ ماحول انہوں نے اڈے مانگنے کے لیے بنایا تھا لیکن ان کا اصل مقصد ایئر سپیس حاصل کرنا تھا جبکہ ہوا تو ایک ہوائی چیز ہے اس سے ہمارا کیا بگڑے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کو کشمیر کا بیڑا غرق نہیں
کرنے دیں گے: فریال تالپور
پی پی رہنما سیاسی امور آزاد کشمیر کی انچارج فریال تالپور نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کو کشمیر کا بیڑا غرق نہیں کرنے دیں گے‘‘ کیونکہ کسی اور کو اس کا کوئی حق نہیں پہنچتا جبکہ ہم کراچی سے فارغ ہو چکے ہیں اور اس کی صورتحال کو نقطۂ عروج پر پہنچانے کے بعد ہم ہر طرح کا کارنامہ سر انجام دے سکتے ہیں اور آزاد کشمیر ہماری طرف امید بھری نظروں سے دیکھ بھی رہا ہے اور یقینا ہم اس کی امیدوں پر پورا اتریں گے کیونکہ کراچی کے اثاثوں کے بعد ہماری نیک کمائی میں اتنا کچھ پھر بھی بچ گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز مظفر آباد میں خطاب کر رہی تھیں۔
نواز شریف لندن میں بیٹھ کر مودی کا بیانیہ
آگے بڑھا رہے ہیں: فرخ حبیب
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''نواز شریف لندن میں بیٹھ کر مودی کا بیانیہ آگے بڑھا رہے ہیں‘‘ حالانکہ ان کی پارٹی کی قیادت بھی اسی مشن پر محسوس ہوتی ہے بلکہ اب رفتہ رفتہ شہباز شریف بھی لائن پر آ گئے ہیں اس لیے نواز شریف کو وہاں بیٹھ کر کوئی اور محاذ سنبھالنا چاہیے، ان کا بیانیہ یہاں ان کی غیر موجودگی میں بھی پوری بہار دکھا رہا ہے اور اس طرح حقِ ہمسائیگی پوری طرح ادا کیا جا رہا ہے۔ آپ اگلے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں یہ تازہ غزل:
جانے اور نہ آنے کے لیے کافی ہے
یہ رستا کھو جانے کے لیے کافی ہے
اس کو ہم سمجھا نہیں سکتے ہیں جو بات
وہ خود کو سمجھانے کے لیے کافی ہے
جو پایا نہیں، خطرہ ہے کھو دینے کا
جو کھویا نہیں پانے کے لیے کافی ہے
اختیار ہے تم کو، رکھ لو مرضی سے
جو عنوان افسانے کے لیے کافی ہے
تیری طرف سے آنے والی تیز ہوا
بجھتا دیا جلانے کے لیے کافی ہے
تیرے تغافل کی یہ چادر ہی مجھ کو
اوڑھنے اور بچھانے کے لیے کافی ہے
تیرا اتا پتا جو ہمیں معلوم نہیں
تجھ کو ڈھونڈ کے لانے کے لیے کافی ہے
موت ہی کوئی طریقہ بتلا دے شاید
جو بھی جان بچانے کے لیے کافی ہے
ساری بات بتا دینا ہی یہاں، ظفرؔ
ساری بات چھپانے کے لیے کافی ہے
آج کا مقطع
جسے ہر دم اچھالتا ہوں، ظفرؔ
ایک اٹھنی ہے وہ بھی کھوٹی ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں