"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور کاشف مجید

آزاد کشمیر کے الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ
سب نے دیکھ لیا: رانا ثنا اللہ
نواز لیگ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''آزاد کشمیر الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھ لیا‘‘ اور جو ہونا چاہیے تھا وہ بالکل نہیں ہوا، کیونکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شیر دھاڑتا اور ہم وہاں اپنی حکومت بناتے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا، اوپر سے ہم سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن بھی بری طرح ہار گئے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ہمارے بیانیے کی لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آئی یا وہ اسے اچھی طرح سے سمجھ گئے ہیں جبکہ ہمارے قائد لندن سے پوچھ رہے ہیں کہ ووٹ تو میرا تھا‘ وہ کہاں گیا؟ اور ہم اسی کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جونہی ہمیں اس کا کوئی اتا پتا ملتا ہے، ہم ان کو آگاہ کر دیں گے۔ آپ اگلے روز نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اگلے الیکشن میں پی پی کو سندھ سے
آئوٹ کریں گے: فیاض چوہان
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''اگلے الیکشن میں پی پی کو سندھ سے آئوٹ کریں گے‘‘ بشرطیکہ ہم خود آئوٹ نہ ہو گئے کیونکہ اِن اور آئوٹ کا سارا کھیل قدرت کے اختیار میں ہے حتیٰ کہ مہنگائی اور بیروزگاری بھی اسی کے اختیار میں ہے جس میں ہم کسی بھی طرح کا رد و بدل نہیں کر سکتے کیونکہ ہم خدا کی رضا پر راضی ہیں؛ اگرچہ جو کچھ ہمیں ملا ہے، ہم اس کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کر رہے حتیٰ کہ کچھ کرنے کی توفیق بھی اللہ ہی کے پاس ہے اور جونہی ہمیں وہ عنایت ہو گی‘ ہم سارا کچھ کر کے دکھا دیں گے، اس لیے اس وقت تک عوام ہمیں معاف رکھیں اور اس شبھ گھڑی کا انتظار کریں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
سلیکشن میں ہار اور جیت نہیں ہوتی: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''سلیکشن میں ہار اور جیت نہیں ہوتی‘‘ اور جب ہم سلیکٹ ہوا کرتے تھے تو اس وقت بھی ہار جیت نہیں ہوا کرتی تھی بلکہ اعلان کر دیا جاتا تھا اور بس! اور اب جو کچھ ہمارے ساتھ آزاد کشمیر الیکشن میں ہوا ہے اس میں ہم صرف ووٹ کو عزت دلاتے رہے اور ووٹروں کو یہ نہیں کہہ سکے کہ ہمارا بھی خیال رکھنا ہے، اور وہی ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا؛ اگرچہ مخالفین کے مطابق یہ ہمارے بیانیے کا شاخسانہ ہے حالانکہ اس میں کچھ کردار والد صاحب کی افغان مشیر سے ملاقات کا بھی تھا جو حکومت کی طرف سے ناپسندیدہ قرار دیے جا چکے تھے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
نواز لیگ دوسروں پر الزام لگانے کے
بجائے اپنا گھر درست کرے: عثمان ڈار
تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ''نواز لیگ دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے اپنا گھر درست کرے‘‘ اگرچہ گھر ہمارا بھی کچھ اتنا درست نہیں ہے اور ترین گروپ گھر کی باتیں ادھر اُدھرکر رہا ہے‘ اس لیے اسے چاہیے کہ وہ بھی اپنا گھر درست کرے کیونکہ اس کا ایک اہم رکن اندر ہو چکا ہے اور باقیوں کو بھی اپنی خیر منانی چاہیے کیونکہ بجٹ پاس ہو چکا ہے اور ہر طرف چین کی بانسری بجنے کی سریلی آوازیں آ رہی ہیں اور اگر صورتِ حال مزید خراب ہوئی تو حکومت کا بھی بینڈ بج سکتا ہے جس سے ہر طرف موسیقی ہی موسیقی سنائی دے گی، اس لیے کس کا گھر کس حد تک درست ہوتا ہے‘ یہ ظاہر ہونے میں زیادہ عرصہ نہیں لگے گا۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
انتظامی دھاندلی برداشت نہیں کروں گا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار نے کہا ہے کہ ''انتظامی دھاندلی برداشت نہیں کروں گا‘‘ کیونکہ جب دوسری تمام دھاندلیاں‘ جو حکومت کی آنکھوں کے سامنے ہورہی ہیں‘ انہیں ہم برداشت کر رہے ہیں تو اسے بھی برداشت کر لیتے، لیکن برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور یہ سب کچھ ایک حد تک ہی برداشت کیا جا سکتا ہے اور اگر زبردستی حکومت سے یہ سب کچھ برداشت کروانے کی کوشش کی جائے گی تواس کی ہر طرح سے مزاحمت کی جائے گی۔ اگرچہ انتظامی افسر پہلے بھی حکومت کا کہا ذرا کم ہی مانتے ہیں جو کہ بہت بری بات ہے، انہیں کچھ تو خیال کرنا چاہیے ۔آپ اگلے روز اوکاڑہ سمیت اضلاع کے طوفانی دورے کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں کاشف مجید کی شاعری:
حرص و ہوس کی دنیا دل سے نکل جائے
تجھ کو دیکھوں میرا خواب بدل جائے
میرے خواب اور میری دعائیں اپنی جگہ
کسی اور کا جادو تجھ پر چل جائے
اب تو یہی خواہش ہے دنیا کے پیچھے
بھاگتے بھاگتے میرا پائوں پھسل جائے
وقت کا یہ پھیلائو بھی فانی اور میں بھی
جانے کون سا لمحہ کس کو نگل جائے
٭......٭......٭
آدمی کا ہنر آدمی سے لیا
میں نے تو سب کا سب زندگی سے لیا
چیخ سب سے مؤثر ذریعہ نہیں
چیخ کا کام بھی خامشی سے لیا
شخصیت میں اندھیرا اجالا ہے جو
کچھ تکبر سے، کچھ عاجزی سے لیا
گھر میں لے آئے بازار بھی‘ دشت بھی
انتقام اپنی آوارگی سے لیا
اس کی تعبیر میں زندگی لگ گئی
میں نے جو خواب تیری گلی سے لیا
آج کا مطلع
میرے دل میں محبت بہت ہے
اور اس محبت میں طاقت بہت ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں