"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں،متن اور ضمیر طالب

صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر اختلافات
کو ہوا نہ دی جائے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر اختلافات کو ہوا نہ دی جائے‘‘ یہاں پہلے ہی اس قدر اختلافات موجود ہیں تو نئے اختلافات کو ہوا دینے کی کیا ضرورت ہے کیونکہ جتنی سیاسی جماعتیں ہیں، اتنے ہی اختلافات موجود ہیں، علاوہ ازیں‘ اختلاف کو اگر کئی اور طریقوں سے ہوا دی جا سکتی ہے تو صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑنے کا تکلف کیوں کیا جائے کیونکہ جس قدر سیاسی جماعتیں ہیں، اتنے ہی شوشے بھی موجود ہیں جبکہ ہر جماعت کا اپنا اپنا شوشہ ہے جس سے وہ پہچانی جاتی ہے بلکہ جماعتوں کے اندر بھی کئی کئی شوشے موجود ہیں اور ہم سب اس معاملے میں مکمل طور پر خود کفیل واقع ہوئے ہیں۔ آپ اگلے روز منصورہ میں مرکزی میڈیا کی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔
خطے کے امن میں بھارت سب
سے بڑی رکاوٹ ہے: شاہ محمودقریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''خطے میں امن کے حوالے سے بھارت سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘‘ اور یہ نہایت اہم انکشاف ہے جو میں کر رہا ہوں اور ہم سنجیدگی سے اس پر بھی غور کر رہے ہیں کہ انکشافات کا ایک الگ شعبہ قائم کر دیا جائے تاکہ قوم ان انکشافات سے مستفید ہوتی رہے، مثلاً اب تک یہ بات پردئہ راز ہی میں تھی کہ خطے کے امن میں بھارت کا کیا کردار ہے جس پر سے ہم نے پردہ اٹھا دیا ہے، اس پر کسی داد کے بھی طلبگار نہیں ہیں کیونکہ کچھ کام سیاست سے ماورا ہو کر بھی کرنے چاہئیں۔ آپ اگلے روز ملتان میں ایک عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔
ملک کو سیکولر ازم کی طرف لیجایا جا رہا ہے: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''ملک کو سیکولر ازم کی طرف لے جایا جا رہا ہے‘‘ اور یہ بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ حکومت کے خلاف تمام دلائل ختم ہونے کے بعد ایک نئی مضبوط بنیاد دریافت کر لی گئی ہے جس پر اپنی گاڑی کو رواں رکھا جا سکے اور اس حکومت کا قلع قمع کیا جا سکے۔ اگرچہ پہلے بھی حکومت کے خلاف تحریک کا ڈول ڈالا گیا تھا مگر پی ڈی ایم کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں ہی پھوٹ گئی تھی اور حکومت کے بجائے تحریک رخصت ہو گئی اور اس دوران حکومت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ ضمنی انتخاب جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئی‘ سو اس سے پہلے کہ یہ مزید کامیابیاں حاصل کرے‘ اس کے لیے ایک نیا محاذ تلاش کر لیا گیا ہے اور اب اسے رخصت کر کے ہی دم لیا جائے گا۔ آپ اگلے روز پشاور میں جے یو آئی کی صوبائی مجلس ِ شوریٰ سے خطاب کر رہے تھے۔
پاکستان کوسستا ترین ملک کا درجہ ملنے پر فخر ہے: فرخ
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''پاکستان کو رہن سہن کے اعتبار سے سستا ترین ملک کا درجہ ملنے پر فخر ہے‘‘ اگرچہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں لیکن انہیں اپنی چیخ و پکار ختم کر کے مذکورہ بالا درجے پر فخر کرنا چاہئے اور اگر وہ ایسا نہیں کر سکتے تو کم از کم یہ تو کر ہی سکتے ہیں کہ بیک وقت دونوں کام جاری رکھیں جبکہ حکومت نے یہ درجہ ملنے پر مہنگائی وغیرہ پر پریشان ہونا چھوڑ دیا ہے اور دیگر مفید کاموں میں مصروف ہو گئی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس درجے کا احساس دلانے کے لیے ایک ریفریشر کورس شروع کرنے کا بھی اہتمام کیا جا سکتا ہے تاکہ ملنے والے اس درجے کے فیوض و برکات سے لوگ مستفید ہونا شروع کر دیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
موجودہ راز میرے سینے میں دفن ہیں: شہباز شریف
نواز لیگ کے صدر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''موجودہ دور کے راز سینے میں دفن ہیں‘‘ بلکہ سابقہ ادوار کے راز بھی میرے سینے میں دفن تھے لیکن احتساب والوں نے یہ گڑے مُردے اُکھاڑ دیے اور میرا سینہ رازوں سے خالی ہو گیا تھا لیکن اب اسے موجودہ دور کے رازوں سے بھر لیا گیا ہے کیونکہ خلا جہاں بھی پیدا ہو‘ اسے پُر کر لینا چاہئے چنانچہ یہ بھی کوشش کر رہا ہوں کہ دفن شدہ ان رازوں کو نہ صرف باقاعدہ ایک مقبرے کی شکل دے دی جائے بلکہ ہرسال دھوم دھام سے ان کا میلہ بھی منایا جائے کیونکہ سیاست سے تو فراغت نوشتۂ دیوار کی طرح صاف نظر آ رہی ہے، بعد میں کچھ تو کرنا ہی ہو گا۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
شادی پر سادگی کا نیا ریکارڈ بناؤں گا: جمشید دستی
عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ ''میں شادی پر سادگی کا نیا ریکارڈ بناؤں گا‘‘ جبکہ گدھا گاڑی کا استعمال تو میں پہلے بھی کرتا رہا ہوں چنانچہ بارات اس پر بھی جا سکتی ہے بلکہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کفایت شعاری اور سادگی کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے شادی کے بعد گھومنے پھرنے بھی اکیلا ہی چلا جاؤں کیونکہ اصراف اور فضول خرچی نے اس ملک کی معیشت کو پہلے ہی تباہ حال کر رکھا ہے جس کے تدارک کی جتنی ضرورت آج ہے‘ پہلے کبھی نہ تھی؛ چنانچہ عوام سے بھی درخواست ہے کہ ان کے علاوہ سادگی کے جو جو طریقے بروئے کار لائے جا سکتے ہوں، خاکسار کو ان سے آگاہ کیا جائے تاکہ ان سے استفادہ کر کے سادگی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے کے اس خواب کو شرمندئہ تعبیر کر سکوں۔ آپ اگلے روز ملتان میں نکاح کی مبارکباد دینے کے لیے آنے والے افراد سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ضمیر طالب کی غزل:
پیروںنے رستے کو چلا لیا ہے
پتوں نے آندھی کو اُڑا لیا ہے
اک شجر تجھ سے ملتا جلتا تھا
میں نے گھر میں اسے لگا لیا ہے
چہرہ ٹوٹا ہے میرا گر کے مگر
میں نے آئینے کو بچا لیا ہے
آج گلشن کو جا نہ پایا میں
آج گلشن کو گھر بلا لیا ہے
رنگ آئے ہیں شوخیاں کرنے
جسم نے پیرہن سجا لیا ہے
حال پوچھا تھا اس نے اوروں کا
میں نے ساتھ اپنا بھی سُنا لیا ہے
وہ تری یاد سے دھڑک نہ اُٹھے
کسی نے میرا دل چُرا لیا ہے
لگ رہا ہے تمہارے چہرے سے
تم نے شاید مجھے منا لیا ہے
پانی نے اُس کے ہونٹوں کو چھو کر
تشنگی اپنی کو بجھا لیا ہے
ہم کہ صاحب ابھی مرے بھی نہیں
لوگوں نے مقبرہ بنا لیا ہے
پہلے دل رہتا تھا سمندر پار
اب مجھے بھی وہیں بلا لیا ہے
آئے تھے لوگ کھانا کھانے ضمیرؔ
کھانے نے ہر کسی کو کھا لیا ہے
آج کا مقطع
آسماں پر کوئی تصویر بناتا ہوں‘ ظفرؔ
کہ رہے ایک طرف اور لگے چاروں طرف

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں