"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن، میجر اسحاق محمد اور افضال نوید

داخلی سلامتی کے مسائل سنگین
ہوتے جا رہے ہیں: شہبازشریف
مسلم لیگ کے صدر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''داخلی سلامتی کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں‘‘ جو ہماری سلامتی کو در پیش خطرات سے صاف ظاہر ہیں اور میری گرفتاری سے جن میں مزید اضافہ ہو جائے گا اور پارٹی نے جس کی مزاحمت کی پوری تیاری کر لی ہے اور وہ فوراً سڑکوں پر آ جائے گی، جس کے لیے سڑک کے انتخاب کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اس ضمن میں جلد ہی کوئی فیصلہ ہو جائے گا جبکہ سڑک کا صاف اور ہموار ہونا بے حد ضروری ہے کیونکہ ٹوٹی پھوٹی سڑک سے وہ مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا جو صحیح و سلامت سڑک سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز کوئٹہ دھماکے کی مذمت میں بیان جاری کر رہے تھے۔
سندھ میں بھی اب پی ٹی آئی کا پرچم
لہرائے گا: ڈاکٹر شہباز گل
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ''سندھ میں بھی اب پی ٹی آئی کا پرچم لہرائے گا‘‘ جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا اور یہ ہم کر کے دکھا دیں گے جو کوئی مشکل کام بھی نہیں ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے کسی بھی رکنِ اسمبلی کے گھر کی چھت پر یہ پرچم کسی وقت بھی لہرایا جا سکتا ہے اور اب اس سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کر کے ایک رکنِ اسمبلی کا انتخاب کر لیا جائے گا جس کے گھر پر یہ پرچم بالآخر لہرا دیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ اس تقریبِ خاص کے مہمانِ خصوصی خود وزیراعظم ہوں، بصورتِ دیگر گورنر صاحب یہ فریضہ سر انجام دیں گے ، اور اگر کسی وجہ سے یہ بھی ممکن نہ ہوا تو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے درخواست کی جائے گی۔ آپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کر رہے تھے۔
پورے ملک میں پی ٹی آئی کی تبدیلی
کا بخار اتر چکا ہے: قمر زمان کائرہ
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''پورے ملک میں پی ٹی آئی کی تبدیلی کا بخار اتر چکا ہے‘‘ اور یہ میں نے خود تھرمامیٹر لگا کر معلوم کیا ہے جس کے لیے پورے ملک کا دورہ کرنا پڑا اور کئی ہفتوں کی سرتوڑ کوشش کے بعد بالآخر اس میں کامیابی حاصل کی جبکہ پورے ملک نے خواہ مخواہ کونین کی کڑوی گولیاں کھا کھا کر اپنا برا حال کر لیا تھا لہٰذا عوام کی کوششوں اور خاکسار کی دعائوں کی بدولت یہ مرحلہ سر ہوا اور اب بخار سے پیدا ہونے والی صرف کمزوری اور نقاہت باقی رہ گئی ہے جس کے لیے میں الگ سے کوشش کر رہا ہوں اور اللہ نے چاہا تو یہ بھی بہت جلد رفع ہو جائے گی۔ آ پ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
مدر اینڈ چائلڈ بلاک گنگا رام آئندہ سال
تک فعال ہو جائے گا: یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ''مدر اینڈ چائلڈ بلاک گنگا رام آئندہ سال تک فعال ہو جائے گا‘‘ اور امید ہے کہ آئندہ سال تک اس کے ساتھ حکومت بھی فعال ہو جائے گی کیونکہ زیادہ سے زیادہ اتنے عرصے تک ہی غیر فعال رہا جا سکتا ہے، تاہم ع
کوشش کرے انسان تو کیا ہو نہیں سکتا
یعنی اس عیاشی میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ غیرفعال رہنے سے مشینری پرانی نہیں ہوتی اور جب بھی کبھی فعال ہونے کا موقع میسر آئے تو اس سلسلے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ آپ اگلے روز لاہور میں ڈاکٹر عامر زمان خاں کی بریفنگ کے بعد صحت سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔
میجر اسحاق محمد دیاں لکھتاں
یہ کتاب ممتاز انقلابی دانشور میجر اسحاق محمد کی تحریروں کا مجموعہ ہے جو پاکستانی مزدور پارٹی کی کاوشوں اور خدمات کا احاطہ کرتی ہے۔ جسے مقصود ثاقب نے مرتب کیا ہے اور جسے مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے مثلاً پنجاب دا نواں روپ رنگ، ویہار تے ویروا، موہرلی گل، عام پروگرام، ویہار، قاعدے، پارٹی پروگرام دا ویروا، پنجاب کا المیہ (1972)، گزارشات، 1971 ء کی تیرہ بختی، نیا پاکستان، پنجاب کا المیہ۔ یہ ایک چشم کشا رپورٹ ہے جو پنجاب کی تاریخ کے ایک اہم حصے کی حیثیت رکھتی ہے اور جو ایک جدوجہد کی پُرجوش داستان بھی ہے جس کا بیان دلچسپ بھی ہے اور عام فہم بھی اور جو پنجاب ہی کی زبان میں ایک ثقہ دستاویز بھی ہے۔ امید ہے کہ اس کتاب کا استقبال کھلے بازوئوں سے کیا جائے گا۔
اور‘ اب آخر میں افضال نویدؔ کی غزل:
چراغِ خواب لبِ بام رہ گیا ہو گا
کہیں پہ راست کا ہنگام رہ گیا ہو گا
کوئی جھروکا سرِ شام رہ گیا ہو گا
لبوں پہ آیا ہوا نام رہ گیا ہو گا
تلاشِ مہر کا کہرام رہ گیا ہو گا
رہینِ گردشِ ایام رہ گیا ہو گا
جو نشہ آیا نہیں خام رہ گیا ہو گا
ضرور میکدے میں جام رہ گیا ہو گا
صدا لگانے میں تاخیر ہو گئی ہو گی
کوئی خمارِ در و بام رہ گیا ہو گا
شنید ہو گی کہیں پر پرندہ آنے کی
قریبِ کاہکشاں دام رہ گیا ہو گا
تمام راہگزاریں نمٹ چکی ہوں گی
وجودِ خستہ کا آرام رہ گیا ہو گا
نویدؔ لوٹ کے آیا نہیں تو عار نہیں
کسی گلی میں کوئی کام رہ گیا ہو گا
آج کا مقطع
اُن کا برتائو ہی برا ہے ظفرؔ
ویسے وہ آدمی تو اچھے ہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں