"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

لانگ مارچ کی آڑ میں انتشار پھیلانے
کی اجازت نہیں دیں گے: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''لانگ مارچ کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘ کیونکہ لانگ مارچ کے بغیر بھی کامیابی سے یہ کام ہو سکتا ہے اس لیے بہانے بازی کی ضرورت نہیں ہے جبکہ اصل حقیقت یہی ہے کہ اپوزیشن کا ہر اقدام انتشار کا باعث بن رہا ہے جبکہ اس صورتحال میں حکومت کام نہیں کر سکتی، اس لیے اپوزیشن حکومت کو اس کی بے عملی کا بہانہ مہیا کر رہی ہے بلکہ حکومت کے ساتھ یہ ایک طرح سے تعاون بھی ہے تا کہ حکومت کھل کر کہہ سکے کہ اپوزیشن کے پھیلائے ہوئے انتشار نے اسے کچھ کرنے کا موقع ہی نہیں دیا اس لیے ہمیں ایک موقع مزید ملنا چاہیے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔
مفاہمت، مزاحمت کے بیانیے میں نون
لیگ پھنس کر رہ گئی ہے: خواجہ آصف
مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ''مفاہمت، مزاحمت کے بیانیہ میں نون لیگ پھنس کر رہ گئی ہے‘‘ اور دونوں دھڑے اپنی اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں؛ چنانچہ ہم سوچ رہے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں دونوں دھڑے علیحدہ علیحدہ الیکشن لڑیں اور اپنے امیدوار بھی الگ الگ کھڑے کریں اور جس کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ دونوں دھڑے مل کر حکومت بنا سکیں گے اور چونکہ مشترکہ وزیراعظم تو ہو نہیں سکتا اس لیے دونوں اپنا اپنا وزیراعظم بھی منتخب کر لیں گے جبکہ ہر محکمے کا وزیر بھی الگ الگ ہو گا، یعنی ایک محکمے کے وزیر بھی دو‘ دو ہوں گے تاکہ اتفاق اور اتحاد سے کام چلتا رہے کہ اتفاق میں ویسے بھی بڑی برکت اور طاقت ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
پاکستان میں بھارتی کورونا
تیزی سے پھیل رہا ہے: اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ ''پاکستان میں بھارتی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے‘‘ حالانکہ ہم نے سرحدیں مکمل طور پر بند کر رکھی ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ دشمن اسے کہیں نہ کہیں سے سمگل کر دیتا ہے جو کہ فرائضِ ہمسائیگی کے بھی سراسر خلاف ہے اس لیے ہماری بھارت سے درخواست ہے کہ وہ اپنے وائرس کو اپنے پاس رکھے اور خواہ مخواہ اسے ہماری طرف مت دھکیلے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عوام بلاول کا راستا دیکھ رہے ہیں: شازیہ مری
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ''عوام بلاول کا راستا دیکھ رہے ہیں‘‘ اور اندازہ لگا رہے ہیں کہ آیا بلاول اس راستے سے آ بھی سکیں گے یا نہیں کیونکہ یہ راستا بیحد اونچا نیچا ہے اور اس پر پارٹی رہنمائوں کے کارہائے نمایاں کی دھند بھی پھیلی ہوئی ہے بلکہ یہ سموگ ہے جو ویسے ہی صحت کے لیے بہت خطرناک ہوتی ہے اس لیے انہیں چاہیے کہ کوئی ایسا راستا تلاش کریں جو اس سموگ سے پاک ہو، اور صاف نظر بھی آتا ہو ورنہ ان اندھیروں میں گھر کر وہ خود تو پریشان ہوں گے ہی‘ پارٹی کو بھی ایک مشکل میں مبتلا کر دیں گے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کررہی تھیں۔
شہباز شریف کے بیان کو بعض میڈیا ذرائع
نے توڑ مروڑ کر پیش کیا: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف کے بیان کو بعض میڈیا ذرائع نے توڑ مروڑ کر پیش کیا‘‘ اور اس وضاحت کو تین چار دن اس لیے لگ گئے کہ اس بات کا مشاہدہ کیا جا رہا تھا کہ اس بیان کو کہاں سے توڑا اور کہاں سے مروڑا گیا ہے بلکہ یہ وضاحت شہباز شریف کے ترجمان کی طرف سے آنی چاہیے تھی جن کو حال ہی میں تعینات کیا گیا ہے، شاید اس لیے کہ وہاں سے وضاحت نہیں آئی کہ انہیں یہ بیان ہوبہو لگا ہے جسے ہرگز توڑا مروڑا نہیں گیا، لیکن میرا تعلق چونکہ دوسرے دھڑے سے ہے اور ہمارے بیانیے کے یہ بیان سراسر خلاف تھا، اس لیے میں نے اپنے ترجمان ہونے کا فریضہ ادا کیا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک وضاحتی بیان جاری کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
گھنگھرو والا، گانی والا
چال کوئی مستانی والا
دوسری بار نظر نہیں آیا
صورت وہ انجانی والا
تھا کچھ ابدیت کا پیکر
کچھ دنیائے فانی والا
میزبان تھا اپنا، لیکن
لہجہ تھا مہمانی والا
تھا اپنی روداد میں شامل
کوئی موڑ کہانی والا
ہوا اڑا لے جائے گی اسے
بادل نہیں یہ پانی والا
سوچا، سمجھا اور کر بیٹھے
کام بہت نادانی والا
اور، بڑھاپے میں چھیڑا ہے
نغمہ ایک جوانی والا
یہ کیا کِیا، ظفرؔ کرنا تھا
کام کوئی حیرانی والا
آج کا مقطع
ساری بات بتا دینا ہی یہاں‘ ظفرؔ
ساری بات چھپانے کے لیے کافی ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں