"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور بھارت سے صابر کی نظم

صرف وفاقی حکومت نہیں پنجاب میں
بھی جیالا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں: بلاول بھٹو
چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''صرف وفاقی حکومت نہیں پنجاب میں بھی جیالا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں‘‘ اگرچہ ہمیں سندھ کے بھی لالے پڑے ہوئے ہیں، لیکن چاہنے اور خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور جس کی کھلی اجازت ہے اور ہم اس اجازت کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں کیونکہ یہی ایک ایسا کام ہے جس میں ہم یدطولیٰ رکھتے ہیں اور جس میں ہمارا کوئی ثانی بھی آج تک پیدا نہیں ہوا؛ اگرچہ اس نے ہمارے لیے کئی مشکلات بھی کھڑی کی ہیں اور یہ الیکشن میں ایک شاخسانے کی بھی صورت اختیار کر سکتا ہے جس سے سارے خواب چکنا چور ہو سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز میلسی میں جلسے اور پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
ملک کیا اور کب کرنے جا رہا ہے اس کا
فیصلہ وزیراعظم کریں گے: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''ملک کیا اور کب کرنے جا رہا ہے اس کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے‘‘ اور اس وقت تک سب اندازے ہی لگاتے رہیں گے کیونکہ اس بات کا کسی کو علم نہیں ہے کہ وہ کیا کرنے جا رہا ہے اور کب کس طرف جانا شروع کر دے اور وزیراعظم خود بھی اس راز سے پردہ نہیں اٹھا رہے کیونکہ موجودہ صورتحال سے وہ خود بھی مطمئن نہیں ہیں اور اس ادھیڑ بن میں رہتے ہیں کہ پاکستان کیا کرے اور یہ نیک کام کب شروع کریں کہ دیکھنے والوں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
بلاول توبہ کر کے ہمارے
ساتھ آ جائیں: عبدالغفور حیدری
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنمامولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ''بلاول توبہ کر کے ہمارے ساتھ آ جائیں‘‘ کیونکہ ہمارا ابھی اس کام کو کرنے کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ ہم مستقل مزاج لوگ ہیں، نیز اس کے لیے کوئی خاص وقت مقرر نہیں ہے اور یہ کسی وقت بھی کی جا سکتی ہے بلکہ بار بار بھی کی جا سکتی ہے اور ہم ہر وقت اللہ سے معافی کے طلبگار رہتے ہیں، تاہم اگر نوجوانی میں ہی توبہ کر لی جائے تو بہت بہتر ہوتا ہے جبکہ توبہ کر کے نیک پاک لوگوں میں شامل ہونے کا ثواب دگنا ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے: فیصل سلطان
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ''صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘‘ کیونکہ حکومت کی اپنی صحت خاصی متاثر ہو چکی ہے اس لیے حکومت سب سے پہلے اپنی صحت بحال کرنے کی طرف متوجہ ہو گی تا کہ صحت مند ہو کر قوم کی صحت کے بارے میں سوچ بچار کر سکے جبکہ بنیادی طور پر حکومت کو خون کی کمی کی شکایت ہے جس کے لیے قوم سے اپیل ہے کہ حکومت کے لیے زیادہ سے زیادہ خون دے کر اسے صحت یاب کرے‘ بھلے اس کے اپنے جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی باقی نہ رہے۔ قوم ویسے بھی خون کے بغیر ہی چل رہی ہے اور کافی عرصے تک مزید بھی چل سکتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں آبپارہ ایم ایچ سنٹر کا دورہ کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں بھارت سے صابر کی نظم:
فہمائش بجا
خبردار!
چوکنّے رہو
یہ بے جا فہمائش نہیں ہے
خوف اور جرأت کے بیچ بیچ رہو
یہ عقلمندی ہے سراسر
کسی کو بھی زخمی کر سکتے ہیں
ایک ہی سمت بے تحاشا دوڑتے رہنے
کے بعد
اچانک بیچ راستے میں رُک کر
ہانپتے ہوئے کھجلی زدہ سائے
اور ان کی لپلپاتی زبان سے پھسلتے
تھوک کے لیس دار تاروں میں الجھے
گہری معنویت کے وائرس
اگرچہ ممکن ہے
ہر معنویت کے زہریلے اثرات کا علاج
مگرعلاج سے بہتر ہے
حفظِ ما تقدم، احتیاطی تدابیر
دُوری بنائے رکھنا
اندھا دھند ایک ہی سمت دوڑنے والے
سایوں سے
اور گہری معنویت کے وائرس سے
کبھی کبھار ضروری ہو جاتا ہے
مسابقت سے اجتناب
سکہ اچھال کر ہار جیت کا فیصلہ
کرنے سے پہلے
سکے کو غائب کر دینا
اور اس ہاتھ چالاکی سے میسر آتا ہے
اپنے اطراف کے منظر میں
شامل رہنے کا احساس
ساری ممکنہ سمتوں میں
بھٹکنے کی آزادی
بے معنویت کا امرت
اور لاجواب ہو جانے کا لطف
جب کوئی حقارت سے پوچھتا ہے:
کیا مطلب ہے ایسی زندگی کا؟
آج کا مطلع
دور و نزدیک بہت اپنے ستارے بھی ہوئے
ہم کسی اور کے تھے اور تمہارے بھی ہوئے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں