"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے مسعود احمد

اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی، حکمران گھبرانا
شروع کر دیں: راجہ پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی، حکمران گھبرانا شروع کر دیں‘‘ بلکہ حکمرانوں سے بھی پہلے عوام گھبرانا شروع کر دیں کیونکہ یہ عوام ہی کو عبرت دلانے کے لیے آئے گی اور پچھلی دفعہ جو کمی رہ گئی تھی‘ وہ ساری کمی بھی پوری کر دے گی۔ اول تو ان کے کان کھڑے کرنے کے لیے یہ اطلاع ہی کافی ہے تا کہ وہ اپنا کوئی بندوبست کر لیں؛ چنانچہ سب سے پہلے ہم سندھ میں اپنے اکھڑتے ہوئے پائوں جمانے کی کوشش کریں گے اور اگر اس میں کامیاب ہو گئے تو اسی کو اپنی فتح سمجھیں گے اور اس پر قناعت بھی کرنے کی کوشش کریں گے۔ آپ اگلے روز اپنی لاہور آمد کے موقع پر وسطی پنجاب سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
3 سال میں برسوں کے کام نمٹائے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''3 سال میں برسوں کے کام نمٹائے، 100 فیصد خواندگی ہمارا عزم ہے‘‘ بلکہ اسے 100 فیصد سے بھی آگے بڑھائیں گے اور دوسرے صوبوں بلکہ اسے ہمسایہ ملکوں تک بھی لے جائیں گے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ایک بز رگ صوفی شاعر کے قول کے مطابق ''علموں بس کریں اور یار‘‘ کے فارمولے پر بھی عمل کریں کیونکہ صوفی شعراء کا کلام ہی ہمارے لیے شمعِ ہدایت کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ہمارے وزیراعظم نے بھی کئی بار تصوف کی طرف توجہ دینے پر زور دیا ہے جبکہ ہمارے وزیراعظم بھی ہمارے لیے شمعِ ہدایت سے کسی طور کم نہیں ہیں۔ آپ اگلے روز پختونخوا کے وفد سے ملاقات کے بعد عالمی یومِ خواندگی پر اپنا بیان دے رہے تھے۔
بیورو کریسی میں تبدیلیاں لا کر ناقص
گورننس پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا: حمزہ شہباز
صوبائی اسمبلی پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''بیورو کریسی میں تبدیلیاں لا کر ناقص گورننس پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا‘‘ اور ہم ان کی خواہش پر ان کے تبادلے کیا کرتے تھے کیونکہ یہ ہمارے ہاتھوں کے لگائے ہوئے ہی پودے تھے جبکہ ہماری گورننس پر پردہ اس لیے ڈالا جاتا تھا کہ اسے لوگوں کی نظر نہ لگ جائے کیونکہ یہ اس قدر نتیجہ خیز تھی کہ اسے لوگوں کی نظرِ بد سے بچانا بھی ضروری تھا لیکن اس کی روشنی کو کہاں تک چھپایا جا سکتا ہے جبکہ احتساب والے بھی دن رات اسی کام میں لگے رہتے ہیں حالانکہ چغل خوری بہت بُری چیز ہے اور اس سے احتراز کرنا چاہیے۔ آپ اگلے روز افسروں کی تبدیلیوں پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے۔
ہمیں پی پی کا بیک گرائونڈ سامنے رکھنا چاہیے تھا: خواجہ آصف
نون لیگ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''ہمیں پیپلز پارٹی کا بیک گرائونڈ سامنے رکھنا چاہیے تھا‘‘ جبکہ ہم نے تو اپنا بیک گرائونڈ بھی سامنے نہیں رکھا کہ ہمارا ورودِ مسعود کس طرح ہوا تھا حتیٰ کہ ہمارے قائد وہ وعدہ بھی بھول گئے جو وہ اپنے محسن جنرل ضیاء الحق کی قبر پر جا کر اور آنسوئوں کی بارش میں کیا کرتے تھے کہ وہ ان کا مشن جاری رکھیں گے اور اقتدار میں آتے ہی وہ اپنے مشن پر لگ گئے جس کی و جہ سے کچہریوں میں دھکے کھانے کے بعد اب لندن میں پناہ گزیں ہوئے ہیں؛ چنانچہ اپنے مشن پر کاربند رہنے پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
مہنگے پاور پلانٹس پر انحصار کم کیا جائے: شوکت ترین
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ''مہنگے پاور پلانٹس پر انحصار کم کیا جائے‘‘ اور جب تک سستے پاور پلانٹس دستیاب نہیں ہوتے، آسمانی بجلی پر گزارہ کیا جائے جس کے لیے بارش کا ہونا ضروری ہے اور پچھلے دنوں کافی بارشیں ہوئی بھی ہیں جبکہ بادلوں سے بجلی کشید کرنا کوئی خاص مشکل کام بھی نہیں ہے بلکہ اس جفا کش قوم کے آگے تو دنیا کا کوئی کام بھی مشکل نہیں ہے کیونکہ اگر ایک صوبائی وزیر دانتوں سے فیتہ کاٹ سکتا ہے، تو کیا نہیں کر سکتا جبکہ ہمارے عوام اس سے بھی زیادہ پُر جوش واقع ہوئے ہیں اور دنیا کی کوئی بھی رکاوٹ عبور کر سکتے ہیں، آزمائش شرط ہے۔ آپ اگلے روز توانائی کے امور پر اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
نیب نے ملک کو مفلوج کر دیا: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزیرہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''نیب نے ملک کو مفلوج کر دیا‘‘ کیونکہ ہمارے رہنما جنہوں نے ملک کو چلانا تھا ان میں سے کئی مفرور ہیں تو کئی جیل میں ہیں یا مقدمات بھگت رہے ہیں اور ملک کو مجبوراً باہر ہی سے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلکہ جو جیلوں سے باہر ہیں وہ بھی ہروقت گرفتاری کے خطرے سے دو چار رہتے ہیں، اس لیے ہماری کوشش ہے کہ بقایا خواتین و حضرات کو بھی ملک کو باہر سے چلانے کا موقع مل سکے لیکن حکومت ان کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے جبکہ ہمارے پارٹی صدر کو ایئر پورٹ ہی سے واپس بھیج دیا گیا تھا اور ہماری نائب صدر کو بھی حکومت باہر جانے سے روکے ہوئے ہے اور باہر جا کر ملک چلانے کا ان کا حق چھین لیا گیا ہے۔ آپ اگلے روز عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی شاعری:
فلک کو پائوں سے چھو کر زمین کر لیا ہے
اب اپنے آپ کو گوشہ نشین کر لیا ہے
وہ ایک دل جو محبت کی راجدھانی تھا
اس ایک دل کو بھی ہم نے مشین کر لیا ہے
کریدتے ہوئے یادوں کو بے خیالی میں
پرانے زخموں کو تازہ ترین کر لیا ہے
جو چوکیدار تھے سب دھر لیے خیانت میں
جو چور تھے انہیں صادق امین کر لیا ہے
ہمیں پتا تھا سراسر فریب ہے لیکن
تمہاری باتوں پہ پھر بھی یقین کر لیا ہے
نتیجہ کتنا بھیانک ہے صاف گوئی کا
ہر ایک مدح سرا نکتہ چین کر لیا
٭......٭......٭
خود کو صادق امین سمجھا ہے
اس قدر ہم نے دین سمجھا ہے
ساتویں آسماں پہ بیٹھے ہوئے
اس کو زیر زمین سمجھا ہے
اتنا جغرافیے سے واقف ہیں
روس کو ہم نے چین سمجھا ہے
کتنی پشتوں سے حکمرانوں نے
ہم کو کمی کمین سمجھا ہے
آج کا مطلع
یہ شہر وہ ہے جس میں کوئی گھر بھی خوش نہیں
دادِ ستم نہ دے کہ ستم گر بھی خوش نہیں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں