آبادی اسی طرح بڑھتی ر ہی تو بھوک کا
سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''آبادی اسی طرح بڑھتی ر ہی تو بھوک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘‘ اس لیے سردست شادیوں کے سلسلے کو معطل کرنا پڑے گا کیونکہ آدمی شادی کے بغیر تو گزارہ کر سکتا ہے، روٹی کے بغیر نہیں اور جونہی آبادی میں کمی کے آثار نمودار ہوں، فوراً بیاہ رچایا جا سکتا ہے، اور شادی تو ٹل نہیں سکتی اور ایک نہ ایک دن ہوتی ہی ہے کیونکہ جوڑے آسمان پر بنتے ہیں؛ چنانچہ جیسا کہ آٹے کی مہنگائی روکنے کے لیے عوام کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ کھانا اگر ختم نہیں کر سکتے تو کم ضرور کر دیں اور امید ہے کہ عوام اس تجویز پر بھی عمل کریں گے تاکہ آبادی کا بم پھٹنے سے بچایا جا سکے جبکہ شادی نہ کرنے کے ساتھ گھبرانا بھی ترک کرنا ہو گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ای سی سی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
ویکسین کا حکومتی ریکارڈ جعلی اور ناقص ہے: مریم نواز
نواز لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ویکسین کا حکومتی ریکارڈ جعلی اور ناقص ہے‘‘ جس کا سب سے بڑا ثبوت لندن بیٹھے والد صاحب کی ویکسی نیشن ہو جانا ہے، اگرچہ ان کے لیے یہ کام مشکل نہیں بلکہ بائیں ہاتھ ہی کا کرتب تھا لیکن اس سے بھی حکومت کی نا اہلی ظاہر ہوتی ہے؛ اگرچہ اُن کے بھی بعض کام اصلی نہیں تھے لیکن وہ کسی نہ کسی مجبوری کے عالم میں کیے گئے تھے جن میں پلیٹ لیٹس میں کمی بیشی کا معاملہ سرفہرست ہے اور جس کے لیے ان کے ذہنِ رسا کی داد دینا پڑے گی، اور اگر ایسی ہنر مند شخصیت کو خدمت کا دوبارہ موقع دیا جائے تو یہ ملک کہیں کا کہیں پہنچ سکتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
قیدیوں کی گاڑیوں میں پنکھے لگوا دیے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''قیدیوں کی گاڑیوں میں سیٹیں اور پنکھے لگوا دیے‘‘ اور قیدیوں کے لیے اس سے بڑی عیاشی اور کیا ہو سکتی ہے اور چونکہ میاں شہباز شریف کے ایسی گاڑی میں آنے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا اس لیے یہ ایک نہایت ضروری اقدام کیا گیا ہے کیونکہ مستقبل قریب میں انہیں بار بار ایسی گاڑی میں سفر کرنے کی سعادت حاصل ہونے والی ہے اس لیے محض ان کی خوشنودیٔ طبع کی خاطر یہ کام کیا گیا ہے جس سے دوسرے قیدی بھی بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے، اور اگر سردیاں شروع ہو گئیں اور مطالبہ کیا گیا تو ان میں ہیٹر لگوانے کا بھی اہتمام کیا جا سکتا ہے کیونکہ ہمیں قیدیوں کے آرام و آسائش سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں۔ آپ اگلے روز سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
قوم کی بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی: رانا ثنا
مسلم لیگی رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''قوم کی بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی‘‘ کیونکہ حکومت کو گرانے کے لیے ہمارا سارا زور اب بددعائوں پر ہی رہ گیا ہے کیونکہ باقی ہر حربہ اس سلسلے میں ناکام ہو چکا ہے، اس لیے ایک الگ شعبہ پی ڈی ایم میں قائم کر دیا گیا ہے جو قوم سے یہ اپیل کرنے کی تحریک چلائے گا کہ وہ حکومت کے خلاف زیادہ سے زیادہ بددعائیں کریں تا کہ اس حکومت سے چھٹکارا حاصل ہو؛ اگرچہ ہم نے خود بھی تھوک کے حساب سے ایسی دعائیں مانگی تھیں مگر وہ تاحال منظور نہیں ہوئیں‘ اس لیے اب قوم ہی ہماری مشکلیں آسان کر سکتی ہے کیونکہ تحریکوں اور مارچوں سے تو ہم ویسے بھی بہت تنگ آ چکے ہیں۔ آپ اگلے روز فیصل آباد جلسے کے انتظامات کے حوالے سے ساتھیوں سے مشورہ کررہے تھے۔
نیوزی لینڈ‘ انگلینڈ کی ٹیموں کے جانے پر صرف
مریم نواز نے شادیانے بجائے: فیاض چوہان
پنجاب حکومت کے ترجمان اور وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے جانے پر صرف مریم نواز نے شادیانے بجائے‘‘ اور وقت کاٹنے کا یہ بھی ایک بہت اچھا ذریعہ ہے کیونکہ اپوزیشن کے پاس کرنے کو اور تو کچھ ہے ہی نہیں ، بات بات پر شادیانے نہ بجائے گی تو اور کیا کرے گی، اگرچہ ہمارے پاس بھی کرنے کو کچھ نہیں ہے اور ہم نے بھی شادیانوں کی خریداری کے لیے آرڈر دے رکھا ہے کیونکہ ہم اپوزیشن کے لیے یہ میدان بھی خالی نہیں چھوڑیں گے، اور ہم نے شادیانے بجانے کی تربیت حاصل کرنے کا بھی معقول انتظام کر رکھا ہے اس لیے یہ مقابلہ بہت جلد شروع ہونے کی امید ہے کیونکہ ہمیں صرف ڈھول پیٹنا آتا ہے مگر اب اس کا بھی پول کھل چکا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
فیک نیوز پر پابندی لگی تو حکومت
ختم ہو جائے گی: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''فیک نیوز پر پابندی لگی تو حکومت ختم ہو جائے گی‘‘ اس لیے متعلقہ اداروں سے درد مندانہ درخواست ہے کہ یہ پابندی جلد از جلد لگائیں تا کہ اس حکومت کا خاتمہ ہو کیونکہ اس ضمن میں فیک نیوز پر پابندی ہی امید کی آخری کرن نظر آ رہی ہے، اگرچہ اس سلسلے میں ہم نے حکومت کے خاتمے کے لیے قوم سے بھی بددعائوں کا سلسلہ شروع کرنے کی اپیل کر رکھی ہے لیکن ان کی منظوری کی بھی امید کم ہی ہے کیونکہ قوم بھی ہماری طرح جن کاموں میں پڑی ہوئی ہے‘ اسے اس مکمل ناکامی ہی کا منہ دیکھنا پڑے گا، اور اب فیک نیوز کے خاتمے کا یہ آخری سہارا بھی جاتا رہا تو ہماری ساری امیدیں دم توڑ جائیں گی۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
تیز ہوا کو جہاں گزرتے دیکھتا رہتا ہوں
خاک بھی اپنی وہاں بکھرتے دیکھتا رہتا ہوں
کبھی تو میں کچھ بھی نہیں ہوتا اور کبھی سب کچھ
خود کو خالی ہوتے‘ بھرتے دیکھتا رہتا ہوں
میری سوچ کی سیڑھی فارغ رہتی نہیں کبھی
اس کو چڑھتے اور اترتے دیکھتا رہتا ہوں
اس کے پانیوں کی حد ہی نہیں کوئی‘ اپنا آپ
جن میں ڈوبتے اور ابھرتے دیکھتا رہتا ہوں
جو میں دیکھنا ہی نہیں چاہتا ہوں اس منظر میں
آخر وہ بھی جیتے مرتے دیکھتا رہتا ہوں
جہاں گزر جانا ہوتا ہے مجھے تیزی کے ساتھ
وہاں بھی رکتے اور ٹھہرتے دیکھتا رہتا ہوں
باہر سے جب کچھ بھی نہیں ملتا ہے مجھے تو پھر
خود کو اپنی جیب کترتے دیکھتا رہتا ہوں
محنت سے ہے پیار بہت، میں سارا سارا دن
مزدوروں کو محنت کرتے دیکھتا رہتا ہوں
کام دلیری سے بھی کافی کر جاتا ہوں، ظفرؔ
اس کی طرف بھی ڈرتے ڈرتے دیکھتا رہتا ہوں
آج کا مقطع
گلی گلی مرے ذرے بکھر گئے تھے، ظفرؔ
خبر نہ تھی کہ وہ کس راستے سے گزرے گا