دوسری شادی کی خبر محض افواہ ہے، اللہ
ہدایت دے: مولانا طارق جمیل
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ ''دوسری شادی کی خبر محض افواہ ہے، اللہ ہدایت دے‘‘ اگرچہ اسلام میں چار شادیوں کی اجازت ہے پر میری تو فی الحال ایک ہی شادی ہے، ایسی افواہیں اڑانے سے پرہیز کیا جائے کیونکہ یہ بعد میں خبر بن کر سچ بھی ثابت ہو جایا کرتی ہیں؛ تاہم یہ افواہ یقینا میرے کسی خیر خواہ ہی کی اڑائی ہوئی ہیں جس میں اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ میں نے بھی مستقبل کے بارے میں کوئی حتمی ر ائے دینے سے گریز کیا ہے، اگر کوئی چاند چڑھا تو کُل عالم دیکھ لے گا۔ آپ اگلے روز لاہور سے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کر رہے تھے۔
جلد اپنی جماعت کے درمیان موجود ہوں گا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''جلد اپنی جماعت کے درمیان موجود ہوں گا‘‘ تاہم اس جلد کا دورانیہ طویل بھی ہو سکتا ہے کیونکہ قوموں کی زندگی میں دو چار‘ دس سال کوئی اہمیت نہیں رکھتے، نیز میں اتنا جلد باز آدمی نہیں ہوں اور 'سہج پکے سو میٹھا ہو‘ کا قائل ہوں جبکہ جلد بازی ویسے بھی شیطان کا کام ہے جبکہ ہم نے جماعتی سطح پر تمام شیطانیوں پر پابندی لگا رکھی ہیں، ویسے پارٹی کے درمیان موجود ہونے کا ایک مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انتقامی کارروائیوں کے باعث باقی ماندہ جماعتی زعما بھی یہاں آ جائیں، اور اس طرح میں یہاں رہتے ہوئے بھی اپنی پارٹی کے درمیان ہو سکتا ہوں۔ آپ اگلے روز نواز لیگ لاہور ڈویژن کے اجلاس سے ورچوئل خطاب کر رہے تھے۔
خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے
اقدامات کررہے ہیں: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں‘‘ اور اگر اس مہم میں کامیاب ہو گئے تو اس کے بعد مردوں کو بھی با اختیار بنانے کی کوشش کریں گے کیونکہ لیڈیز فرسٹ کے فارمولے پر عمل کرنا بھی ضروری ہے اور اگر خواتین مکمل طور پر با اختیار ہو گئیں تو مردوں کو با اختیار بننے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی کیونکہ وہ سارا کچھ خود ہی اپنے ہاتھ میں لے لیں گی کیونکہ مردوں سے کام لینا بھی ان کی صوابدید اور اختیار میں ہو گا جبکہ مردوں کا زن مرید ہونا تو پہلے ہی بہت مشہور ہے اور انہیں زیادہ خوشی بھی اسی میں ملتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پی پی کارکنوں کو جگانا اور اٹھانا ہماری
ذمہ داری ہے: پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''پی پی کارکنوں کو جگانا اور اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے‘‘ جو گھوڑے بیچ کر سوئے ہوئے ہیں؛ چنانچہ سب سے پہلے تو اس کا سراغ لگایا جائے گا کہ انہوں نے اتنے گھوڑے لیے کہاں سے تھے کیونکہ اکثر کو تو روٹی کے لالے پڑے ہوئے تھے، یہ ہو سکتا ہے کہ یہ ان لوگوں میں شامل ہوں جن کے جعلی اکائونٹس میں پیسے رکھوائے گئے تھے اور بعد میں یار لوگ وہاں سے نکالنا بھول گئے ہوں اور مالا مال ہونے کے باوجود ہم تو گھوڑوں کی شکل کو بھی ترس گئے ہیں ماسوائے ہمارے لیڈران کے جو خاص طور پر گھوڑوں کے شوقین ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
میں دن‘ رات عمران خان کے خوابوں
میں آتا ہوں: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''میں دن‘ رات عمران خان کے خوابوں میں آتا ہوں‘‘ اور بجائے اس کے کہ وہ میرا شکریہ ادا کریں اور حال احوال پوچھیں، مجھ سے الٹا منی لانڈرنگ کے بارے میں سوالات کرنا شروع کر دیتے ہیں حالانکہ میں بے حد مصروف آدمی ہوں اور خوابوں میں آنے کے لیے بھی بمشکل ہی وقت نکال پاتا ہوں کیونکہ اس وقت لندن عدالت کے فیصلے کا جشن منانے میں لگا ہوا ہوں؛ تاہم میں ان کو بھی وہی جواب دیتا ہوں جو میں نے احتساب والوں کو دے رکھے ہیں کہ مجھے کچھ پتا نہیں، اور یہ کہ میرے بیٹوں سے پوچھیں جس کے لیے عنقریب میرے بیٹے بھی ان کے خوابوں میں آنا شروع ہو جائیں گے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی شاعری
آنسو ہیں، آنسوئوں کے ستارے بنائوں گا
دریا کو خشک کر کے کنارے بنائوں گا
چھتری بنے کھڑے ہو مرے سر پہ دھوپ میں
پیڑو! تمہارے واسطے آرے بنائوں گا
احباب اور سانپ تسلی سے رہ سکیں
میں اپنی آستیں میں پٹارے بنائوں گا
اربابِ اختیار ہوس کے غلام ہیں
ان میں ہوا بھروں گا غبارے بنائوں گا
اترا ہے میرے ساتھ ہی یہ ڈر زمین پر
کیا کیا یہاں میں خوف کے مارے بنائوں گا
سر کر رہا ہوں پھر سے محبت کا سلسلہ
بیلے میں جاکے تخت ہزارے بنائوں گا
اگلے جہاں سے اتنا بھی غافل نہیں ہوں میں
دنیا میں آخرت کے خسارے بنائوں گا
صوت و صدا کا شور بڑا زہر خند ہے
میں بول چال کے بھی اشارے بنائوں گا
بیساکھیاں تو خود بھی مرے آسرے پہ ہیں
بیساکھیوں کو کیسے سہارے بنائوں گا
جاتے تھے وہ جو شہرِ محبت کو راستے
مسعودؔ پھر میں سارے کے سارے بنائوں گا
آج کا مطلع
مت سمجھو وہ چہرہ بھول گیا ہوں
آدھا یاد ہے، آدھا بھول گیا ہوں