"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور شور کوٹ سے حبیب سعید

عوام کو ظلم سے نجات دلائیں گے: شہبازشریف
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، نواز لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''عوام کو ظلم سے نجات دلائیں گے‘‘ کیونکہ عوام کے نزدیک کرپشن، منی لانڈرنگ اور کمیشن وغیرہ کوئی ظلم نہیں ہیں ورنہ وہ ہمیں کبھی کے رد کر چکے ہوتے جبکہ وہ اب بھی ہماری پیروی کرنا فخر سمجھتے ہیں۔ اور نہ ہی ملک سے فرار ہو کر لندن میں جا کربیٹھ جانا ان کے نزدیک کوئی ظلم ہے اس لئے کہ ایک دوسرے کے ساتھ جھوٹ اور بے ایمانی کے بغیر شاید ان کا اپنا گزارہ بھی نہیں ہو سکتا جبکہ دھیلے اور پائی کی کرپشن کو بھی وہ کرپشن نہیں سمجھتے اور نہ ہی ہمارے پیدا کردہ حالات ان کیلئے ظلم کا درجہ رکھتے ہیں۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
چینی کی قیمت میں اضافہ روکنے کیلئے
ہر آپشن استعمال کیا جائے گا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''چینی کی قیمت میں اضافہ روکنے کیلئے ہر آپشن استعمال کیا جائے گا‘‘؛ اگرچہ وہ جملہ آپشنز سے پہلے ہی بے نیاز اور دور ہو چکی ہے، لیکن عوام کو بھی اس سلسلے میں تعاون کرنا چاہئے اور چینی کے استعمال کو کم سے کم کرتے ہوئے دیگر ذرائع استعمال کرنے چاہئیں مثلاً انہیں صبر کرنا چاہئے جس کا پھل چینی سے بھی میٹھا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ میٹھی نیند سونے سے بھی کافی مٹھاس حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ دوسروں کو میٹھی نظروں سے دیکھنا بھی کافی مفید ثابت ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ میٹھی چھری سے ذبح ہونا بھی اپنی ایک الگ ہی شیرینی کا حامل ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز پرائس کنٹرول کمیٹی اور صوبائی انتظامیہ کو چینی کی قیمت پر کنٹرول رکھنے کی ہدایات جاری کر رہے تھے۔
مہنگائی نے حکومت کا خاتمہ کر دیا: رانا ثناء اللہ
سابق وزیر قانون پنجاب اور نواز لیگ کے اہم رہنما رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ''مہنگائی نے حکومت کا خاتمہ کر دیا‘‘ اور جو کام ہم ایک مدت کی تگ و دو کے باوجود نہیں کر سکے تھے وہ بالآخر مہنگائی نے کر دکھایا اور اس فضول مشن سے ہماری جان خلاصی ہو گئی جبکہ میں نے تو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ حکومت کے دن پورے ہو چکے ہیں لیکن کچھ لوگوں نے اسے مذاق سمجھا حالانکہ ہمارے اثاثوں کے خلاف جو انکوائری ہو رہی ہے وہ سرا سر مذاق ہے اور اس مذاق پر میری تو ہنسی ہی نہیں رکتی؛ اگرچہ بعض شرپسند لوگ انگریزی محاورے کے مطابق اسے آخری قہقہہ بھی قرار دے رہے ہیں۔ آپ اگلے روز فیصل آباد میں ایک نیوز ایجنسی سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت عوام کیلئے سونامی بن چکی ہے: فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ''حکومت عوام کیلئے سونامی بن چکی ہے‘‘ جس سے بچنے کیلئے ہم نے انہیں خدا کے سپرد کر رکھا ہے کیونکہ اس کی قدرتوں پر ہم سب مکمل یقین رکھتے ہیں اور اس کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم خواص کو اس نے اس بلا سے محفوظ رکھا ہے جبکہ ہماری تحریک اور لانگ مارچ وغیرہ ایک اپنی طرز کا سونامی ہیں جس میں عوام ڈبکیاں کھا رہے ہیں اور اس طرح ان کا میل کچیل بھی دور ہو رہا ہے جس کیلئے انہیں ہمارا شکر گزار ہونا چاہئے کہ ہماری کوششوں سے ان کے کیا چاند سے مکھڑے نکل آئے ہیں،ما شاء اللہ۔ آپ اگلے روز جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
مافیا پی ٹی آئی حکومت کو ناکام بنانے کی
ہر ممکن کوشش کر رہا ہے: شہباز گل
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ''مافیا پی ٹی آئی حکومت کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے‘‘ حالانکہ وہ صرف اپنا قیمتی وقت ضائع کر رہا ہے کیونکہ یہ حکومت جس وجہ ناکام ہو سکتی تھی‘ پہلے ہی ہو چکی ہے اور مافیا کو یہ تکلیف اور تردد کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے اور اسے چاہئے کہ حسبِ معمول اپنا کام کرتا رہے اور اسی میں مست رہے کیونکہ حکومت اگر مکمل طور پر ناکام ہو گئی تو اپنا کام جاری رکھنا اس کیلئے بھی ممکن نہ رہے گا، اس لئے سب سے پہلے اسے اپنا نفع و نقصان سوچنا چاہیے اور اپنا قیمتی وقت برباد نہیں کرنا چاہیے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور اب شورکوٹ سے حبیب سعید کی غزل:
چشمِ نظارہ کناں اتنی اناڑی نہیں ہے
یہ جو میدان میں اترا ہے کھلاڑی نہیں ہے
آئینہ خانے نے تصویر بگاڑی نہیں ہے
گرد چہرے کی حضور آپ نے جھاڑی نہیں ہے
سانس کے جھونکوں سے اڑ جائے گا رفتہ رفتہ
یہ بدن ریت کا ٹیلہ ہے‘ پہاڑی نہیں ہے
دونوں آپس کے تعاون سے کھڑے ہیں سیدھے
میں ہوں معذور تو بیساکھی بھی جھاڑی نہیں ہے
ایک جھڑتا ہے تو دو پات نکل آتے ہیں
زندگی موت نے جڑ سے تو اکھاڑی نہیں ہے
تیرے شاعر کو کہاں آئے گی نکتہ چینی
دستِ جراح کا اوزار کلہاڑی نہیں ہے
وصل کے بطن سے پیدا ہوا کرتا ہے فراق
فصل غیروں نے کبھی بھی یہ اُجاڑی نہیں ہے
آج کا مطلع
میرے دل میں محبت بہت ہے
اور محبت میں طاقت بہت ہے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں