وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر گھوم رہے
عوام سائیکلوں پر آ گئے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ''وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر گھوم رہے ہیں، عوام سائیکلوں پر آ گئے‘‘ اور اب تک انہوں نے ہیلی کاپٹر پر کافی گھوم لیا ہے اس لیے انہیں چاہیے کہ خود سائیکل پر آ جائیں اور عوام کو گھومنے کے لیے ہیلی کاپٹر مہیا کریں جبکہ ہمارے دور میں لوگ سائیکل پر نہیں بلکہ سڑک سوار تھے کیونکہ ان کے پاس سائیکل خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے اور غالباً لوٹ مار سے بچنے کے لیے سارے پیسے محفوظ کر لیے گئے تھے؛ چنانچہ اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعظم عوام کو کب ہیلی کاپٹر میں گھماتے اور خود سائیکل پر کس وقت سوار ہوتے ہیں۔ اگر وہ مستعفی نہیں ہوتے تو کم از کم اتنا تو کرکے دکھا دیں۔ آپ اگلے روز این اے 153کے دورہ پر ریلی اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
میانوالی پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے
اور رہے گا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''میانوالی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے اور رہے گا‘‘ صرف شہر کے ارد گرد ایک مضبوط فصیل بنوانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بیرونی جارحیت کی صورت میں اس میں محصور ہوا جا سکے کیونکہ اپوزیشن کے ارادے کچھ اچھے نہیں لگتے، اگرچہ اس کی اپنی حالت ناگفتہ بہ ہے لیکن جھلاہٹ میں وہ کوئی بھی اقدام کر سکتی ہے جبکہ قلعے کے مضبوط دروازے توڑنا اس کے لیے ممکن نہیں ہوگا؛ تاہم ہمیں اپنے دفاع کو ہر صورت مضبوط رکھنا ہوگا۔ اگرچہ اُس کو اِدھر اُدھر سے اشارے بھی ہو رہے ہیں لیکن یہ اتنے واضح نہیں ہیں اور اسے بغلیں بجانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اگلے روز شاہ رکن عالم کے عرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، نواز لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''حکومت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے‘‘ اگرچہ ملک اتنا کمزور نہیں ہے کیونکہ جو کچھ اس کے ساتھ ہو چکا ہے اور اس کے باوجود یہ جوں کا توں موجود ہے اور اس کا بال تک بیکا نہیں ہوا تو یہ حکومت اس کا کیا بگاڑ سکتی ہے بلکہ ایک بار پھر اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس کے ساتھ مزید جو کچھ کرنے کا ارادہ ہے‘ اس کی سلامتی اس سے بھی متاثر نہیں ہوگی کیونکہ یہ کافی سخت جان واقع ہوا ہے اور ہم اسے اچھی طرح آزما چکے ہیں اور اس کی سخت جانی پر حیرت زدہ بھی ہیں۔ آپ اگلے روز شائستہ پرویز کے گھر جا کر انہیں الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کر رہے تھے۔
کم ترین مہنگائی کا بیان شرمناک
بھاگنے نہیں دیں گے: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور نواز لیگ کے اہم رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''کم ترین مہنگائی کا بیان شرمناک‘ بھاگنے نہیں دیں گے‘‘ اور تایا جان اگر ملک سے باہر گئے تھے تو اپنی قابلیت اور ہُنرمندی کے طفیل گئے تھے اور اس کام میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے سب کو ان کی شاگردی اختیار کرنا پڑے گی جس کے لیے وہ تیار ہیں کیونکہ وہ ایک فراخدل آدمی ہیں جبکہ اُن کا سارا کام فراخ دلی کا آئینہ دار ہے جس کی‘ پیپلز پارٹی کے علاوہ‘ کہیں سے مثال بھی نہیں مل سکتی اور اب اسی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ دل کھول کر لندن میں براجمان ہیں، البتہ نصیبِ دشمناں وہ اتنے فراخدل نہیں ہیں کہ واپس بھی آ جائیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
کرتے ہوئے نویدؔ یہی غور رہ رہے
ہم سے بچھڑ گئے جو کہیں اور رہ رہے
معلوم یہ ہوا وہ کہیں اور جا رہا
ہم جا رہے تھے جانے سے فی الفور رہ رہے
کیا کیا آبشار نہ اتارا وجود پر
یہ سوچ کر گھٹا کوئی گھنگھور رہ رہے
بارش تو جانتی ہے کہاں کوئی رہ گیا
چاہے نشانی ہو نہ کہیں گور‘ رہ رہے
پنچھی اتر کے پنجرے سے میت کو لے اڑیں
زنجیرِ آہنی کا فقط شور رہ رہے
مرضی کا دیکھنا ہو جہاں مطمح نظر
اچھی بھلی نگاہ وہاں کور رہ رہے
معلوم ہی نہیں کہ کہاں اڑ گئی پتنگ
ہم کھینچتے ہی دور کھڑے ڈور رہ رہے
پھیلائے پر کسی نہ کسی بام پر نویدؔ
جنگل کہاں پہ جائے‘ کہاں مور رہ رہے
آج کا مقطع
ظفرؔ وہ سانولا چھوٹا سا ہاتھ رکھ دل پر
کہ وہ بھی دیکھے سفینہ بھنور میں کتنا ہے