"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں متن اور افضال نوید کی نعتِ رسول مقبول

میری حکومت میں کوئی کرپٹ نہیں، وزرا
ملوث ہوئے تو تحقیقات کروں گا: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''میری حکومت میں کوئی کرپٹ نہیں‘ وزرا ملوث ہوئے تو تحقیقات کروں گا‘‘ اور اگر وزرا کے علاوہ کوئی دیگر فرد ملوث ہوا تو اس کا ذمہ دار نہیں ہوں کیونکہ صرف وزرا کی حد تک جوابدہ ہوں جبکہ ہمارے ہاں تحقیقات میں کچھ برآمد اور ثابت نہیں ہوتا ‘اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ وزرا بھی بے گناہ ہی نکلیں گے؛ تاہم اگر وہ پھر بھی گناہگار ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی بشرطیکہ حکومت کے خلاف کوئی کارروائی تب تک شروع نہ ہو جائے لہٰذا میرے وزرا کے خلاف یہ پروپیگنڈا مہم فوری بند کی جائے ۔آپ اگلے روز الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔
تین سال میں کسان اور زراعت
کو بے تحاشا نقصان ہوا: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف‘ نواز لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''تین سال میں کسانوں اور زراعت کو بے تحاشا نقصان ہوا‘‘ اور اب آئندہ چند سالوں میں جو ہمارا بے تحاشا نقصان ہونے والا ہے‘ اس کا کسی کو اندازہ ہی نہیں کیونکہ ہمارے خلاف مقدمات کو عدالتوں میں سپیڈاَپ کرنے کیلئے روزانہ سماعت کیلئے کوشش کی جا رہی ہے اور یہ بھی طے کر لیا گیا ہے کہ آئندہ کوئی پراسیکیوٹر کبھی التوائے مقدمہ کی درخواست نہیں کرے گا جبکہ ملکِ عزیز آج کل جن مسائل کا شکار ہے اور جو فوری حل چاہتے ہیں‘ انہیں اُن کی فکر کرنی چاہئے نہ کہ ہمارے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ جائیں حالانکہ وہ یہ کام ہاتھ دھوئے بغیر بھی کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز کسانوں کے عالمی دن پر اپنا بیان جاری کر رہے تھے۔
بھنگ کی کاشت سے چند سالوں میں
دو ارب ڈالر سے زائد آمدن ہو گی: شبلی فراز
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ ''بھنگ کی کاشت سے چند سالوں میں دو ارب ڈالر سے زائد آمدن کی توقع ہے ‘‘ جبکہ اس کا اضافی فائدہ یہ ہوگا کہ چوروں‘ ڈاکوئوں کو بھنگ کے پکوڑے کھلا کر بے دست و پا کیا جا سکے گا کیونکہ پکوڑے کھانے کی دعوت کو کوئی بھی نظر انداز نہیں کر سکتا جبکہ ہر پکوڑا ساز کے پاس یہ سہولت موجود ہوتی ہے اور وہ معمولی سا اضافی چارج کر کے بھنگ کے پکوڑے مہیا کر سکتا ہے حتیٰ کہ کھاتے وقت بالکل پتا نہیں چلتا کہ آپ بھنگ کے پکوڑے کھا رہے ہیں۔ فی الحال ہم سیاسی مخالفین کے دانت بھنگ کے پکوڑے کھلا کر ہی کھٹے کر سکتے ہیں اور اسی سے مزید کامیابی کی راہیں بھی کھلیں گی۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
نابالغ حکومت نے عوام کا حقہ پانی بند کردیا:پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''نابالغ حکومت نے عوام کا حقہ پانی بند کر دیا‘‘اور حقے سے محروم ہو کر اب وہ مجبوراً سگار اور سگریٹ پر آ گئے ہیں لیکن ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ وہ حقہ تازہ کرنے کی زحمت سے بچ گئے ہیں کیونکہ سگار اور سگریٹ کو تازہ کرنے کی زحمت نہیں اٹھنا پڑتی اور سادہ پانی کے بجائے وہ کولڈ ڈرنکس پر گزارہ کر رہے ہیں، اور حکومت کو دعائیں بھی دے رہے ہیں کہ اس طرح اس نے انہیں آلودہ پانی پینے کی مصیبت سے چھٹکارا دلا دیا ہے؛ تاہم حکومت کو سب سے پہلے اپنی بلوغت کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام دوبارہ نارمل زندگی کی طرف آ سکیں۔ آپ اگلے روز لاہورمیں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی نعت رسول مقبولؐ:
وہی تھا در، اُسی دہلیز پر جا ٹھہرا
یہ خوش نصیبی ہے میری غبارِ پا ٹھہرا
جو کوئی سر تھا جہاں پر وہیں جھکا ٹھہرا
ہوئی اذاں تو رستے میں قافلہ ٹھہرا
وہ سب جہانوں کا والی وہ مرکزِ اجرام
وہ میری آنکھ کی پتلی میں رونما ٹھہرا
زباں پہ اسمِ محمدؐ تھا جب شروع کیا
اس ایک بات پہ میں کیا تھا اور کیا ٹھہرا
میں ابتدا سے ترا عاشقِ کامل ہوں
ترا ہی ذکرِ ثنا میری انتہا ٹھہرا
مجھے تو دھوپ کے صحرا سے تُو نے فرصت دی
تراہی سایہ اتر کر مری جگہ ٹھہرا
تُو اپنی رُوح پہ قہرِ منافقت جھیلا
ترا غبار کہیں پاسِ کربلا ٹھہرا
ہمیشگی کی طرف تو ہی ہم کو لے آیا
ترے ہی آنے سے اندیشۂ فنا ٹھہرا
جو لہجے لہجے میں پیوستِ خود خماری ہیں
جو لمحے لمحے میں لب سے نکل اٹھا ٹھہرا
کہاں کہاں تری آواز نے سہارا دیا
کہاں کہاں پہ نہ ہونے کا مرحلہ ٹھہرا
تری حرارتِ صحرا سے ہو گیا دریا
جو برف زاروں میں اپنی جگہ جما ٹھہرا
تقدسِ دلِ جذبات کو کیا تشکیل
جمالِ جامۂ عریاں ہوا قبا ٹھہرا
جو اجتہاد کی تُو نے روش بنا ڈالی
مگر جو نقطے پہ مرکوز ہو گیا‘ ٹھہرا
جلالِ صدقِ ابد بازگشت آئی ہے
جو صدقے ہو ئے ترے مہرِ کربلا ٹھہرا
یہ تیری رمزِ عطا تھی جو اب بھی قائم ہے
ہزاروں بار بگاڑا گیا‘ بنا ٹھہرا
وہ رازِ راہ محبت جو ہم ہی جانتے ہیں
جو برملا نہ چلا اور نہ برملا ٹھہرا
میں سب سے چھپ کے اُسے یاد کر رہا تھا نویدؔ
مگر ہجوم ملائک وہاں بھی آ ٹھہرا
آج کا مقطع
کیا زبردست آدمی ہو ظفرؔ
عیب کو بھی ہنر بنا دیا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں