"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور پشاور سے محمد اسحاق وردگ

آئندہ الیکشن میں سفارش، رشوت
برداشت نہیں: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''آئندہ الیکشن میں سفارش، رشوت برداشت نہیں‘‘ کیونکہ سفارش اور رشوت ایک ہی دفعہ برداشت کی جا سکتی تھی؛ اگرچہ وزیروں‘ مشیروں نے اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ دلا کر اپنوں نے حقوق کا ثبوت دیا جبکہ ہمسائے کا حق بھی تسلیم کیا گیا ہے اور اس طرح انہوں نے اچھا کام کیا ہے لیکن بہتر یہی ہے کہ وہ اسی کو کافی سمجھیں اور مزید اچھائی کے لالچ میں نہ پڑ جائیں کیونکہ لالچ بڑی بلا ہے۔ البتہ ان کے ساتھ دلی ہمدردی بھی ہے کیونکہ ان کے رشتہ داروں میں سے ایک بھی کامیاب نہیں ہو سکا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ماڈل پناہ گاہوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے علاوہ نارویجن سفیر سے ملاقات کر رہے تھے۔
اپنا منشور بتا دیتا تو مجھے کبھی اقتدار
میں نہ آنے دیتے: آصف زرداری
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''اپنا منشور بتا دیتا تو مجھے کبھی اقتدار میں نہ آنے دیتے‘‘ کیونکہ جو کچھ اقتدار میں آنے کے بعد ہوا‘ اگر اس کی بھنک بھی کسی کو پڑجاتی تو اقتدار کے قریب بھی نہ جانے دیا جاتا مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور یہ حقیقت ہے کہ دینے والا جب دیتا ہے تو چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے اور آدمی کے دن پھرنے میں دیر نہیں لگتی، اس کے لیے اسباب وغیرہ خود بخود ہی پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ آپ اگلے روز بلاول بھٹو،یوسف رضا گیلانی، سینیٹر مگسی اور دیگران سے ملاقات کر رہے تھے۔
نواز‘ شہباز کے بعد میں خود وزیراعظم
کا امیدوار ہوں: رانا ثناء اللہ
سابق وزیر قانون پنجاب اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ''نواز‘ شہباز کے بعد میں خود وزیراعظم کا امیدوار ہوں‘‘ امید ہے کہ نوازشریف واپس نہیں آئیں گے اور شہبازشریف اپنے کیسز میں مصروف رہیں گے، اس لیے وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار خاکسار ہی رہ جاتا ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی پہلے ہی اس عہدے کے مزے لے چکے ہیں، اب بس ذرا کیسز سے بری ہونے کی دیر ہے اور ساتھ ہی اثاثوں وغیرہ کے کیسز بھی نمٹ جائیں‘ جس کے بعد اس عہدے کے لیے میں ہی رہ جاتا ہوں اور خواب میں کئی بار اس کا اشارہ بھی ہو چکا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
ہم چاہے ہار جائیں‘ نظام میں تبدیلی
ضرور لائیں گے: عندلیب عباس
تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ '' ہم چاہے ہار جائیں‘ نظام میں تبدیلی ضرور لائیں گے‘‘ اور یہ تبدیلی اس لیے بھی یقینی ہے کہ ہماری شکست کچھ زیادہ غیر یقینی نہیں، اگر جیتنے کے بعد کچھ نہیں کر سکے تو ہارنے کے بعد ہی سہی‘ جبکہ جو حکومت بھی اس نظام کو تبدیل کرے گی‘ وہ ہمارے دبائو کے تحت ہی کرے گی اور ہمارا دبائو کوئی معمولی نہیں ہوگا کیونکہ یہ اتنا زیادہ ہے کہ خود ہم سے بھی برداشت نہیں ہو رہا‘ آنے والی حکومت اسے کیسے برداشت کر پائے گی۔ اگرچہ کے پی کے بلدیاتی الیکشن کے بعد ہم تبدیلی کا یہ ٹاسک پہلے ہی پورا کر چکے ہیں جبکہ مزید تبدیلی کی گنجائش بھی اب زیادہ نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھیں۔
جب پارٹی درخواست کرے گی‘ نوازشریف
تب واپس آئیں گے: سعد رفیق
سابق وزیر ریلوے اور نواز لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''جب پارٹی درخواست کرے گی تب نوازشریف واپس آئیں گے‘‘ اور پارٹی کبھی ایسا نہیں کرے گی کیونکہ ان کی غیر موجودگی کی وجہ سے پارٹی کافی پھل پھول رہی ہے اور ہر شخص وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار بنا ہوا ہے جبکہ رانا صاحب نے اس کا اظہار بھی کر دیا ہے اور اگر وہ بھی کیسز میں دھر لیے گئے تو اس کے بعد میں ہی پارٹی میں اس عہدے کیلئے باقی بچتا ہوں؛ اگرچہ میرے خلاف کیسز کا فیصلہ کسی بھی وقت ہو سکتا ہے جس کے بعد نیا امیدوار سامنے آئے گا، البتہ ایک بات طے ہے کہ پارٹی میں اس عہدے کے امیدواروں کی کمی نہیں ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب پشاور سے ڈاکٹر محمد اسحاق وردگ کی غزل:
انا کی قید سے اکثر نہیں نکلتے لوگ
یہ دائرے میں ہمیشہ سے تیز چلتے لوگ
مری پکار یہ ماضی کی سمت جا نکلے
مرے خیال کے فٹ پاتھ پر ٹہلتے لوگ
یہ کارخانۂ قدرت کے خاص پرزے ہیں
فلک پہ روز ابھرتے‘ زمیں پہ ڈھلتے لوگ
وہ کائنات کی تمثیل کو نہیں سمجھے
حصارِ ذات کی تکمیل سے بہکتے لوگ
زیاں کے کھیل میں عمریں گزار آئے ہیں
یہ دوسروں کو گراتے ہوئے سنبھلتے لوگ
سکون کی نیند بھی اس خوف سے نہیں آتی
سنا ہے خواب کی مٹی پہ ہیں پھسلتے لوگ
قدم ملا نہیں سکتے یہ دل کی دھڑکن سے
زمیں کے ساتھ بہت تیز تیز چلتے لوگ
جوئے کے کھیل میں بس دھوپ ہی سمیٹیں گے
یہ چھائوں کے لیے اپنی جگہ بدلتے لوگ
یہ روشنی کی علامات سے نہیں واقف
بجھے چراغ کی خوش فہمیوں پہ پلتے لوگ
آج کا مطلع
سماں دھوپ کی دھار کا
چہرہ سورج مارکہ

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں