"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور علی صابر رضوی

امن و امان کی صورتحال انتہائی
خراب‘ کوئی محفوظ نہیں: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور نواز لیگ کے اہم رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب‘ کوئی بھی محفوظ نہیں‘‘ حتیٰ کہ ہمارے غریبانہ اثاثوں پر بھی ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے امن و امان کو سخت خطرہ لاحق ہو گیا ہے، حتیٰ کہ ہمارے بینک اکائونٹس بھی محفوظ نہیں رہے جن میں زیادہ تر ایسے ہیں جن کا ہمیں کوئی اتا پتا نہیں کہ یہ پیسے ان میں کون ڈال گیا ہے اور جس سے عوام میں ہماری مقبولیت کا ایک اور ثبوت مہیا ہو گیا ہے اور اگر ہمارا نہ سہی تو حکومت ان ریڑھی والوں اور چھوٹے ملازمین ہی کا کچھ خیال کرتی جو ہمارے نادیدہ محسن ہیں۔ ان کے احسان کو بھی مٹی میں ملایا جا رہا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں بلال یٰسین کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر رہے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی
کا سفر روکنے کی کوشش کی: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ''اپوزیشن جماعتوں نے ترقی کا سفر روکنے کی ہر مواقع پر کوشش کی‘‘ حالانکہ وہ پہلے ہی چیونٹی کی رفتار سے رواں دواں تھا ‘جس کا چیونٹیوں نے بھی برا منایا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو حشرات الارض کے جذبات کا ہی کچھ خیال کرنا چاہئے حالانکہ ہماری صورتِ حال بھی ان سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے نیز اپوزیشن جماعتوں کو ایسا کرنے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کیونکہ اگر ہمیں کچھ حاصل نہیں ہو رہا تو اپوزیشن اس سے کسی فائدے کی کیا امید رکھ سکتی ہیں؟ اگرچہ دنیا امید پر ہی قائم ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
شہزاد اکبر شہبازشریف کے خلاف ثبوتوں کے
صندوق لے کر عدالت نہ پہنچ سکے: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''شہزاد اکبر شہبازشریف کے خلاف ثبوتوں کے صندوق لے کر عدالت نہ پہنچ سکے‘‘ اور یہ زیادہ صندوقوں ہی کی وجہ سے ہے کیونکہ ثبوت جتنے بھی زیادہ ہوں ایک بڑے صندوق میں بھی آ سکتے ہیں جو کسی بھی گاڑی پر لاد کر لایا جا سکتا ہے اور اتنے صندوقوں کا خرچہ اٹھانے کے بجائے کفایت شعاری سے بھی کام لیا جا سکتا تھا جس کیلئے انہیں ہماری مثال ہی سے فائدہ اٹھانا چاہئے تھا جو کہ ہمارے قائدین نے خود اتنا بڑا تکلف اٹھانے کے بجائے فالودہ اور پاپڑ فروشوں کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں اور چپڑاسیوں سے بھی کام لیا۔ آپ اگلے روز لاہور میں وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبر کی گمشدگی کا اشتہار چھپوانے کا ارادہ ظاہر کر رہی تھیں۔
ہمارے تو 3سال ہوئے‘ تین تین باریاں لینے
والے ملک کی حالت کے ذمہ دار ہیں: شاہوانہ بشیر
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہوانہ بشیر نے کہا ہے کہ ''ہمارے تو تین سال ہوئے، تین تین باریاں لینے والے ملک کو اس حالت تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں‘‘ اگرچہ ہماری کوشش تو یہی تھی کہ ہم تین سال ہی میں سارا حساب برابر کر دیں، اور کسی حد تک اس میں کامیاب بھی رہے، کمر توڑ مہنگائی جس کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اگر وزیراعظم عوام کو نہ گھبرانے اور صبر کرنے کی تلقین نہ کرتے تو صورت حال اس سے بھی خراب ہونی تھی جبکہ اب بھی وقت ہے کہ عوام ہر طرح کی خریداری بند کر دیں تو کچھ ریلیف مل سکتا ہے کیونکہ اس طرح انہیں آٹے دال کے بھائو کی بھی خبرنہیں ہو گی۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
اور‘ اب اوکاڑہ سے علی صابر رضوی کی غزل:
آخری پیڑ ہوں اور آخری پتھرائو ہے
اس سے آگے تو فقط رِستا ہوا گھائو ہے
میرا بیٹا جو بنا سکتا ہے دیواروں پر
ڈوبنے والو مرے پاس وہی نائو ہے
وہ جو ہر طاق میں روشن ہے چراغوں کی طرح
صبح صادق بھی اسی نور کا پھیلائو ہے
سارا دن ماپتا رہ جاتا ہے خورشید جسے
سرخیٔ شام اُ سی زخم کا گہرائو ہے
کیا مری آنکھ میں اس بار بھی اظہار نہیں
کیا مری بات میں اس بار بھی الجھائو ہے
اس نے جس موج سے تالاب کو ہلچل بخشی
اب اسی موج سے ہر موج کا ٹکرائو ہے
جب سے اس شخص نے بازار سے منہ موڑ لیا
شہر میں تب سے ہر اک چیز اسی بھائو ہے
آج کا مقطع
مجھ سے چھڑوائے مرے سارے اصول اُس نے‘ ظفرؔ
کتنا چالاک تھا‘ مارا مجھے تنہا کر کے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں