"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن اور شورکوٹ سے حبیب سعید

مسلم لیگ نون کے کسی شخص کے خلاف کرپشن
کا کوئی کیس نہیں: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''نون لیگ کے کسی شخص کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں‘‘ کیونکہ منی لانڈرنگ کو کرپشن نہیں کہا جا سکتا اور نہ ہی ایل این جی معاہدے میں ہونے والی گربڑ کو کرپشن کہا جا سکتا ہے کہ یہ سب تیز رفتار ترقی کے لوازمات ہیں، نیز جن لوگوں کے خلاف بھی کرپشن کے کیسز ہیں انہیں پارٹی سے عملی طور پر فارغ کیا جا چکا ہے اور اس سے وزارتِ عظمیٰ کا راستہ بھی ہم جیسے خاکساروں کے لیے صاف ہو چکا ہے اور اس ضمن میں پارٹی کے بزرجمہروں کا کہیں ذکر تک نہیں ہے؛ تاہم پارٹی کے لیے نعرے وغیرہ لگانا ان کے ذمے ہے اور وہ صبح‘ شام اپنا کام کرتے رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔
حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں‘‘ اور اس بات کی روزانہ گردان کرنے کی ضرورت اسی لیے پڑتی ہے کہ کوئی اس بات پر یقین ہی نہیں کرتا جبکہ اصل بات یہ ہے کہ دونوں کا نحیف و نزار ہونے کا مقابلہ جاری ہے اور وہ اس دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے پیچھے ہوتی رہتی ہیں جبکہ حکومت کی کوشش ہمیشہ آگے ہونے ہی کی ہوتی ہے اور دونوں کے بارے میں یہ کہنا انتہائی مناسب ہوگا کہ
گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو
اور یہ بھی عین ممکن ہے کہ اپنی اپنی کمزوری کے باعث یہ دیواریں ایک دوسرے پر ہی گر پڑیں۔ آپ اگلے روز اخبارات میں بخار کی دوا کی قلت پیدا ہونے کی اطلاعات پر نوٹس لے رہے تھے۔
اپوزیشن کولڑانے کی سازش کامیاب
نہیں ہوگی: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن کو لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی‘‘ کیونکہ یہ ویسے بھی ایک دوسرے کی جڑیں کھودنے میں اس حد تک مصروف ہیں کہ انہیں آپس میں لڑانے کی کسی سازش یا کوشش کی ضرورت ہی نہیں ہے اور اگرچہ ہمارے سیاستدان آپس میں بھائی بھائی ہیں لیکن برادرانِ یوسف سے کسی طور بھی کم نہیں کیونکہ ہر کوئی تحریک کو اپنے فائدے کی جانب موڑنے کوشش کررہا ہے حالانکہ سب کے سب نقصان کی جانب بڑھ رہے ہیں اور آپس کی مخاصمت سے بچنے کے لیے اپوزیشن پارٹیاں ایک دوسرے کے حق میں بیان بھی دیتی رہتی ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت کے خلاف پی پی پی اور پی ڈی ایم
کا موقف ایک ہے: یوسف رضا گیلانی
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کا موقف ایک ہے‘‘ کیونکہ موجودہ حکومت گرانے کے حق میں دونوں نہیں ہیں اور دونوں کا زور پھوکے بیانات پر ہی ہے جو حکومت کے نزدیک واقعتاً کسی مخول بازی سے کم نہیں‘ جس سے دونوں طرف کا ماحول بھی کافی خوشگوار رہتا ہے کیونکہ حکومت کے خلاف بیانات خاصے مزاحیہ ہوتے ہیں جبکہ سیاست یقینی طور پر دل پشوری ہی کا ایک سلسلہ ہے جو انسانی صحت کے لیے ویسے بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ صحت مند پارٹیاں اور قومیں ہی ترقی کر سکتی ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نکمے وزرا کو فارغ کریں: جاوید میانداد
نامور کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم نکمے وزرا کو فارغ کریں‘‘ اگرچہ خاکسار کو سیاست کا کوئی تجربہ نہیں ہے لیکن سیاست اور کرکٹ میں زیادہ فرق بھی نہیں ہے کیونکہ سیاست میں بھی چوکے چھکے لگائے جاتے ہیں اور آئوٹ کرنے کے لیے انگلی اٹھائی جاتی ہے جبکہ اس میں نوبال کی علت بھی موجود ہے اور گگلیوں کی کرشمہ کاری بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ نیز اس میں فاسٹ‘ میڈیم فاسٹ اور سپن بائولنگ کے نظارے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جبکہ سیاست میں بھی سکور کرنا پڑتا ہے اور زیرو پر آئوٹ ہو جانے کا احتمال بھی رہتا ہے‘ اس لیے کرکٹ کو سیاست سے اتنا دور بھی نہ سمجھا جائے۔ آپ اگلے دن کراچی میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
اور‘ اب شور کوٹ سے حبیب سعید کی غزل:
محشر اٹھانا صور کی آوازنے نہیں
سازندنے نے نچانا ہے‘ سرساز نے نہیں
رشتوں کو ٹھیک وقت پہ ہی مان دیجئے
دنیا نے تاج دیکھا ہے‘ ممتاز نے نہیں
کب تک رہے گا وقت کا انسان ہم قدم
چڑیا نے تھک کے گرنا ہے‘ شہباز نے نہیں
خالق سمجھ نہ لیجیے تقسیم کار کو
پیدا کیا ہے وقت گھڑی ساز نے نہیں
فتوے ترے نے جتنے ہیں کافر بنائے لوگ
مومن بنائے اتنے تیرے وعظ نے نہیں
خالی نہیں ہے خواہشِ لذت سے کوئی جسم
اظہار بعض نے ہے کیا‘ بعض نے نہیں
جاسوس اپنی ذات کا میں آپ ہی بنا
کی مخبری مری کسی ہمراز نے نہیں
آج کا مطلع
شور تھا جس کا بہت وہ انقلاب آیا نہیں
پختگی دیکھیں انہیں پھر بھی حجاب آیا نہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں