"ZIC" (space) message & send to 7575

سُرخیاں، متن اور سید عامر سہیل

کسی شریف آدمی کو وزیراعظم
بنائیں گے: زرداری
سابق صدراور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''کسی شریف آدمی کو وزیراعظم بنائیں گے‘‘ جبکہ دونوں بڑی پارٹیوں میں سے کسی شریف آدمی کو تلاش کرنے کی پوری پوری کوشش کی جائے گی، اگرچہ یہاں سارے کے سارے سیاستدان ہیں اس لئے اگر کوئی شریف آدمی ہے اور اپنے آپ کو واقعی شریف آدمی سمجھتا ہے تو وہ ہمارے پاس اپنا نام لکھوا کر ہماری یہ مشکل آسان کرے اگرچہ ہم خود بھی اس کی چھان بین کریں گے۔ آپ اگلے روز روات میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
اپوزیشن احمقوں کی جنت میں
رہ رہی ہے: ڈپٹی سپیکر
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خاں سوری نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن احمقوں کی جنت میں رہ رہی ہے‘‘ اس لئے بہتر یہی تھا کہ وہ ایسی جنت کو قبول کرنے سے انکار کر دیتی کیونکہ وہاں بھی اپنے ساتھیوں کی طرح وہ چھیڑ خانیاں ہی کرتی رہے گی اور کوئی سنجیدہ رویہ اختیار کرنے سے قاصر رہے گی، اس لئے اس کو چاہیے کہ جلد از جلد احمقوں کی جنت سے باہر نکل آئے کیونکہ کچھ ہمارے لوگ بھی ان کی دیکھا دیکھی اس جنت کے مکین ہو گئے ہیں بلکہ اشارے کر کر کے دوسرے ساتھیوں کو بھی وہاں جانے کی دعوت دے رہے ہیں۔ آپ اگلے روز کندیاں میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ نواز شریف
کی مشاورت سے ہوگا: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، نواز لیگ کے صدراور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ نواز شریف کی مشاورت سے ہوگا‘‘ اور ظاہر ہے کہ یہ موقع اگلے عام انتخابات کے بعد ہی آ سکتا ہے اس لئے دور اندیشی کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ہم بنیادی طور پر دور اندیش واقع ہوئے ہیں جبکہ بھائی صاحب کی لندن روانگی بھی اسی دور اندیشانہ سوچ کے تحت ہوئی تھی کیونکہ یہاں انہیں جیل کا کھانا ہرگز پسند نہیں تھا ورنہ وہ جیل سے گھبرانے اور ڈرنے والے ہرگز نہیں تھے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خاں کو ایک دن چین
سے بیٹھنے نہیں دوں گا: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عمران خاں کو ایک دن چین سے بیٹھنے نہیں دوں گا‘‘ کیونکہ ہم انہیں ایک دن کے لئے ہی بے چین رکھ سکتے ہیں اس لئے بہتر ہے کہ وہ خود ہی انتخاب کر کے بتا دیں کہ وہ کس دن چین سے بیٹھنا نہیں چاہیں گے کیونکہ ہم مارچ اور تحریک عدم اعتماد میں بے حد مصروف ہوں گے اس لئے وہ اپنے پسندیدہ دن سے خود ہی آگاہ کر کے ہمارا کام آسان کردیں جبکہ ویسے بھی میں انہیں زیادہ سے زیادہ ایک دن کے لئے ہی پریشان کر سکتا ہوں جبکہ اس دن وہ بیٹھنے کے بجائے کھڑے رہ کر یا لیٹ کر بھی ٹائم پاس کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز ڈی چوک اسلام آباد پہنچ کر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اپوزیشن ارکان کم ہو جائیں گے: مراد سعید
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ''اپوزیشن ارکان کم ہو جائیں گے‘‘ اور ایسے حیرت انگیز طریقے سے کم ہوں گے کہ ساری دنیا حیران رہ جائے گی جیسا کہ ہمارا اقتدار میں آنا حیرت انگیز تھا کیونکہ یہ حالات بجائے خود ایک حیرت کدہ ہیں اور ان میں محیر العقول واقعات کا ظہور پذیر ہوتے رہنا ایک معمول کی بات ہے اس لئے تحریک اعتماد میں گنتی کے موقع پر ارکان کے کم ہو جانے پر کسی کو حیران ہونے کی ضرورت نہیں جن میں سے کچھ ارکان کی گھریلو مصروفیات آڑے آئیں گی تو کچھ زیادہ ضروری کاموں میں مصروف ہوں گے کیونکہ تحریک عدم اعتماد تو وارد ہوتی ہی رہتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور، اب سید عامر سہیل کے پنجابی مجموعۂ کلام ''پندھ ہرن دی چوکڑی‘‘ میں سے یہ نظم:
کابل لئی اک نظم
یار جہیا یا بُھکھا بھانا
یا میں کابل یا فرغانہ
شہر دے کنڈھے سُرت نہ کوئی
اک دیوے تے بلدی لوئی
رُس جانا واں، ہُس جانا واں
اپنے اندر گُھس جانا واں
مینہ شرین تے ککرّ عامرؔ
خوف ہے حالی تیکر عامر
ایہہ شیطاناں دی چُدھر اہٹ
ناں کوئی کاشن نہ کوئی آہٹ
بُوہے ڈھوواں بُوہے کھولاں
میں کافر جے ہُن میں بولاں
سپّاں کھاہدا کجّل کوئی
کیوں نئیں گجدا بدل کوئی
کوئی وسّے، کوئی دسّے
سرحد پار تریہے، تسّے
شاماں دے مزدور فرشتے
بِٹ بِٹ تکن گونگے رشتے
دو مونہی تصویر کسے دی
وقت کسے دا، ہیر کسے دی
آج کا مقطع
راہ میں راکھ ہو گئیں دھوپ کی پتیاں ظفر
آنکھ بکھر بکھر گئی اپنی ہی آب و تاب سے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں