"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

عمران خان پر شفقت نہیں کروں گا، ان کا خط اور
مینڈیٹ‘ دونوں جعلی ہیں: آصف زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''عمران خان پر شفقت نہیں کروں گا‘ ان کا خط اور مینڈیٹ‘ دونوں جعلی ہیں‘‘ کیونکہ انہوں نے مجھ پر ذرّہ برابر بھی شفقت نہیں کی تھی۔ اگرچہ اس اندیشے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد ہم جلدی ہی آپس میں جوتم پیزار ہونے والے ہیں کیونکہ آخر ہم نے ایک دوسرے کے خلاف ہی الیکشن لڑنا ہے اور ایک بار پھر سے دوسری جانب سے سڑکوں پر گھسیٹنے اور پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کا اعلان کیا جائے گا جبکہ ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے مقدمات دائر کرنے کی تیاری بھی ابھی سے شروع کر دی گئی ہے اور سب کچھ بہت جلد سامنے بھی آنے والا ہے۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹ میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
کوئی ریکارڈ نہیں جلایا‘ خاموشی سے کام کیا: عثمان بزدار
پنجاب کے مستعفی ہونے والے سابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''کوئی ریکارڈ نہیں جلایا‘ خاموشی سے کام کیا‘ ڈھول نہیں بجایا‘‘ کیونکہ یہ بجانا ہمیں آتا ہی نہیں تھا جبکہ دوسرے کاموں کی طرح یہ بھی سیکھ رہے تھے لیکن اس دوران ڈھول کا پول کھل گیا اور پھٹا ہوا ڈھول کیسے بجایا جا سکتا ہے، ویسے بھی، ہمارے دُور کے ڈھول ہی سہانے تھے، نزدیک سے بجانے پر تو کانوں کے پردے پھٹ جاتے تھے، اس لئے ہم نے ایک ڈھولک خریدی تھی مگر اسے بجانا سیکھ ہی رہے تھے کہ وزیراعظم نے استعفیٰ مانگ لیا اور چونکہ وزیراعظم نے پہلی بار کوئی چیز مانگی تھی اس لیے انکار بھی نہیں کیا جا سکا۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔
امریکا واحد طاقت‘ جو مسائل حل کر سکتی ہے: خواجہ آصف
مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''امریکا واحد طاقت ہے جو ہمارے مسائل حل کر سکتی ہے‘‘ اس لیے ہم اقتدار میں آتے ہی اس سے درخواست کریں گے کہ براہِ کرم ہمارے مسائل حل کر دے اور وزیراعظم کو جو خط آیا ہے‘ اس کا غالباً مطلب یہی ہے کہ وہ ایک طرف ہو جائیں اور امریکا کو پاکستان کے مسائل حل کرنے دیں؛ اگرچہ اس نے افغانستان کے حوالے سے ہمارے آدھے پیسے دینے سے انکار کر رکھا ہے لیکن ہم پیسے کو ہاتھ کا میل ہی سمجھتے ہیں اور شاید ہمیں اپنے ہاتھ میلے کرنے کا موقع ایک بار پھر مل جائے۔ آپ اگلے روز دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پنجاب میں تحریک انصاف ہی کی
حکومت رہے گی: فیاض الحسن چوہان
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''پنجاب میں تحریک انصاف ہی کی حکومت رہے گی‘‘ اور اگر وفاق میں کوئی گڑ بڑ ہوئی تو پنجاب میں ہماری ہی حکومت رہے گی کیونکہ چودھری پرویز الٰہی بھی ہمارے اپنے آدمی ہیں، اگرچہ ان کی صورتحال خاصی مخدوش ہو چکی ہے لیکن وہ ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں اور سیاست ہاتھ پاؤں مارنے ہی کا نام ہے اور جہاں تک وفاق کا تعلق ہے‘ تو خان صاحب نے ترپ کا آخری پتا ابھی تک نہیں کھیلا اور نہ ہی اپنا سرپرائز دیا ہے جبکہ اب تک جو سرپرائز دیے‘ وہ معمولی نوعیت کے تھے۔ آپ اگلے روزلاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
قومی مجرم کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا: مریم نواز
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ایک قومی مجرم کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا‘‘ اور نہ ہی کسی قومی مجرم کو آج تک این آر او ملا ہے، اس لیے اس کے حصول کی کوشش کرنا بھی بے سود ہے جبکہ پہلے بھی کئی ایسی کوششیں ہوتی رہی ہیں اور پچھلے دنوں تک بھی کی جاتی رہی ہیں لیکن کسی کو این آر او نہیں ملا اور یہ بہت اچھی روایت ہے جو ملکِ عزیز میں بالآخر قائم ہو گئی ہے اس لیے امید ہے کہ اب کوئی اس کے لیے کوشش بھی نہیں کرے گا۔آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے ایک پیغام جاری کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
بُھولا کوئی خیال تھا
اپنی آپ مثال تھا
اپنا ہم سمجھے جسے
کسی اور کا مال تھا
مچھلی بچتی کس طرح
اُس کے اندر جال تھا
چھپے ہوئے جنجال کے
باہر بھی جنجال تھا
شاید مرے کمال کے
اندر کوئی زوال تھا
سوچ بہت مثبت رہی
بدحالی بھی حال تھا
مشکل تھی یہ بھی کوئی
وہ بھی ایک وبال تھا
اُس کے صاف جواب کے
اندر ایک سوال تھا
شکل تھی جیسی بھی‘ ظفرؔ
آئینے میں بال تھا
آج کا مطلع
جسم کے ریگزار میں شام و سحر صدا کروں
منزلِ جاں تو دور ہے طے یہی فاصلا کروں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں