"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور عامر سہیل

اقتدار میں آ کر ایسے اقدامات کریں گے کہ آئی ایم
ایف کے پاس نہ جانا پڑے: مفتاح اسماعیل
سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ''اقتدار میں آ کر ایسے اقدامات کریں گے کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے‘‘ لیکن اب یہ ایک خواب ہی بن کر رہ گیا ہے کیونکہ وزیراعظم نے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے اور اسمبلیاں تحلیل‘ جس کا مطلب ہے کہ ساری سرمایہ کاری ہی ختم ہو گئی ہے اور کچھ حضرات نے حلف اٹھانے کے لیے جو شیروانیاں سلوا رکھی تھی‘ انہیں دوبارہ استری بھی کروا لیا گیا تھا، اس لیے جن معززین نے جو جو مفادات ملک و قوم کی 'خدمت ‘کے لیے وصول کیے تھے وہ براہِ کرم واپس کر دیں کیونکہ بدقسمتی سے انہیں اپوزیشن کے حق میں ووٹ استعمال کرنے کا موقع نہیں ملا اور اُن کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
جلد ٹی وی پر اینکر آ رہا ہوں: شیخ رشید
(سابق) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''جلد ٹی وی پر اینکر آ رہا ہوں‘‘ اور اب جبکہ میں وفاقی وزیر بھی نہیں رہا توکیا ا س سے فارغ ہو کر مجھے پٹواری لگ جانا چاہئے؟ اورمیں چونکہ کافی دور اندیش آدمی ہوں اس لیے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا جبکہ قیمتی وقت پہلے بھی کافی ضائع کر چکا ہوں اور اب تو میرے پاس ضائع کرنے کے لیے چند گھنٹے ہی رہ گئے تھے اور وہ بھی اتنے ہی ذوق و شوق سے ضائع کیے گئے ؛چنانچہ اب ٹی وی اینکرنگ کے لیے تلاش اور کوشش شروع کر دی گئی ہے جس میں امید ہے کہ اللہ تعالیٰ کامیابی سے سرفراز فرمائیں گے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے
بزدار کی قربانی دی: رانا مشہود
مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے بزدار کی قربانی دی‘‘ اور اس سے بڑی خود غرضی اور کیا ہو سکتی ہے کہ اپنا اقتدار بچانے کیلئے ایک وزیر اعلیٰ کو قربان کر دیا جائے کیونکہ اقتدار تو آنی جانی چیز ہے، جاتی ہے تو پھر آ بھی جاتی ہے جبکہ بزدار کسی کا کیا لے رہے تھے اور اگر لے نہیں رہے تھے تو کسی کو کچھ دے بھی نہیں رہے تھے کیونکہ ان کے پاس تو دینے کیلئے کچھ ہے ہی نہیں، اس لیے ایسے بے ضرر آدمی کی خواہ مخواہ قربانی کر دینا سخت زیادتی اور ناانصافی ہے۔ آپ اگلے روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
بھکاری کبھی خوددار نہیں ہوتا: مریم اورنگزیب
مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان بھکاری ہیں، بھکاری کبھی خوددار نہیں ہوتا‘‘ کیونکہ سب سے پہلے انہوں نے کینسر ہسپتال کے لئے بھیک مانگنا شروع کی جو قدرت کے کاموں میں براہِ راست مداخلت تھی کیونکہ انسان کا جینا اور مرنا قدرت کے اختیار میں ہے اور جہاں تک ملک کے دوسرے ملکوں سے مانگنے کا سوال ہے تو اس کا مطلب صاف یہی ہے کہ پورے ملک ہی کو بھکاری بنایا جا رہا ہے اور کسی ملک کی اس سے بڑی توہین اور کیا ہو سکتی ہے؟ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
کپتان آخر کپتان‘ آج ترپ کا پتا
استعمال کریں گے: علی محمد خان
(سابق) وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ''کپتان آخر کپتان‘ آج ترپ کا پتا استعمال کریں گے‘‘ اور آخری خبریں آنے تک وہ یہ پتا استعمال کر نے کی تیاری میں ہیں جو انہوں نے اپنی جیب میں سنبھال کر رکھا ہوا ہے اور جس کے استعمال کے بعد ساری فضا ہی تبدیل ہو جائے گی اور اپوزیشن کی ساری تیاریاں دھری کی دھری رہ جائیں گی‘ اس لیے امید کرنی چاہیے کہ وہ بالآخر وہ پتا استعمال کر کے بھی دکھا بھی دیں گے کیونکہ انہوں نے اس کی خوشخبری پہلے ہی دے رکھی تھی اور قوم جس کا شدت سے انتظار کر رہی تھی۔آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
ننکانہ صاحب
جسم دا دوجا نام فقیری؍ کیہ لالچ، کیہ کھیڈ
لانگھا جانے، نانک جانے
رت دے سو سو شیڈ
کنج کنجل دی دھار گواچی؍ روندے روز بلیڈ
رُوحاں وچ سرطان اساڈے
بُوہے نال پریڈ
آل دوالے میں وی عامرؔ
آل دوالے اوہ
بھریے رُوحاں اندر نینداں
کڈھیئے رت چوں روہ
آل دوالے پاک سیالا
پانی پانی شوہ؍ ڈب ڈب تریے اپنے اندر
رب نوں لیّے کھوہ
انگل لال گلاب دی پھڑیے
جیون لیّے چو!
آج کا مطلع
میں بھی شریکِ مر گ ہوں مر میرے سامنے
میری صدا کے پھول بکھر میرے سامنے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں