"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور فیصل ہاشمی

آئین کی بالادستی کے لیے کارکن کردار
ادا کریں: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''آئین کی بالادستی کیلئے کارکن اپنا کردار ادا کریں‘‘ کیونکہ اس مقصد کیلئے میں تو اپنے حصے کا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر چکا ہوں، صرف ملکی اور بیرونِ ملک موجود اثاثوں کی منی ٹریل نہیں دے سکا تھا جو شیطان کی آنت کی طرح طویل ہی اتنی تھی کہ اسے سنبھالنے یا یاد رکھنے کے بجائے وہی وقت میں نے دیگر مفید کاموں پر صرف کرنا مناسب خیال کیا جبکہ آئین کی بالادستی کیلئے ہی میں پلیٹ لیٹس کا چکر دے کر لندن چلا آیا جس کی واپسی کی ضمانت برادرِ عزیز شہباز شریف نے دی تھی اور یہ کام بھی انہوں نے آئین کی بالادستی ہی کیلئے کیا تھا حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ میں نے واپس نہیں آنا۔ آپ اگلے روز آن لائن اپنی پارٹی کے عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں کرپشن
ہوئی یا نہیں‘ مجھے پتا نہیں: مونس الٰہی
مسلم لیگ قاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں کرپشن ہوئی یا نہیں، مجھے پتا نہیں‘‘ اور جنہیں اس کا پتہ ہے یہ سوال اُن سے پوچھا جاناچاہیے؛ تاہم میرا خیال یہ ہے کہ اگر وزیراعلیٰ بزدار اور کوئی کام نہیں کر سکتے تھے تو کرپشن کیسے کر سکتے ہوں گے جس کیلئے انتہائی مہارت کی ضرورت ہے بلکہ یہ سوال ان سے پوچھنا چاہیے جو اب سے جا چکے ہیں اور جن افسران نے انہیں روکنا تھا ان سے یہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں؛ تاہم میرا خیال ہے کہ جس کی قسمت میں جو پیسہ ہو‘ وہ اسے مل ہی جاتا ہے چاہے اس کے سامنے کتنی ہی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
پیسے لے کر تبادے کے بارے میں
الزامات بے بنیاد ہیں: عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''پیسے لے کر تبادلے کرنے کے بارے میں الزامات بے بنیاد ہیں‘‘ کیونکہ اگر کوئی بات ہوتی تو اس کا علم مجھے بھی ہوتا؛ اگرچہ مجھے معاملات کا علم کچھ کم ہی رہا ہے اور جہاں تک ڈپٹی کمشنروں اور دیگر افسران کی تعیناتی کیلئے دو دو کروڑ روپے لینے کا الزام ہے تو اس کی صورت زیادہ سے زیادہ اس طرح ہو سکتی ہے کہ کسی افسر کی تعیناتی بارے دعا مانگی گئی ہو اور وہ منظور ہو گئی ہو اور افسر نے خوش ہو کر انعام کے طور پر کچھ پیسے دے دیے ہوں‘ واللہ اعلم بالصواب۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کر رہے تھے۔
پرویز الٰہی پنجاب میں عمران خان
کا کردار ادا کر رہے ہیں: حسن مرتضیٰ
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ''پرویز الٰہی پنجاب میں عمران خان کا کردار ادا کر رہے ہیں‘‘ حالانکہ جو کردار خان صاحب ادا کر چکے ہیں اس کے بعد کسی اور کردار کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی، البتہ ہمیں تو اس کا موقع ہی نہیں ملا ورنہ ہم بھی کوئی کردار ادا کرتے؛ البتہ جو کردار ہمارے قائد زرداری صاحب نے ادا کیا ہے، ہم اُسی پر گزارہ کررہے ہیں اور جو انہوں نے ارکانِ قومی اسمبلی کی دامے، درمے، سخنے امداد کر کے کارنامہ سرانجام دیا اور سندھ ہاؤس میں ان کے قیام و طعام کا بھی تسلی بخش انتظام کیا تھا‘ جو سمجھتے ہیں کہ یہی عمل اُن کے لیے کافی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب فیصل ہاشمی کے مجموعۂ کلام ''ماخذ‘‘ میں سے یہ نظم:
اَندیشہ ہائے دُور دراز
ابھی جس بات کو،
جس سانحے کو
رُونما ہونے میں شاید
عمر لگ جائے
وہ اندیشہ مجھے گھیرے ہوئے ہے
آج کیوں آخر!
ابھی جس موت کی لذت سے میں
نا آشنا ٹھہرا
میں اُس کے ذائقے کے کڑوے پن سے
کس لیے بے حال ہوتا ہوں!
میں اپنی ذات کے اندھے گُپھا میں
کچھ اندھیروں سے بنی چادر کو اوڑھے
زندگی کی بے کَراں عظمت کا، اِک
بے نام نقطہ ہوں!
یہ مَیں کن اُلجھنوں میں
عبرتوں کے جبر خانے میں مقید ہوں
غلط آثار- آوارہ چلن
بیمار و رقصیدہ
تمناؤں کے سُر اور تال کا
خُوں بار نوحہ ہوں!!
آج کا مطلع
کچھ دنوں سے جو طبیعت مری یکسو کم ہے
دل ہے بھرپور مگر آنکھ میں آنسو کم ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں