عوام فیصلہ کریں خدمت کا ساتھ
دینا ہے یا فریب کا: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عوام فیصلہ کریں خدمت کا ساتھ دینا ہے یا فریب کا‘‘ البتہ پہلے ہم نے ایسے کسی فیصلے سے پہلے ہی پورے زور و شور سے خدمت شروع کر دی تھی اور اب بھی اس کا آغاز ہونے والا ہے کیونکہ پہلے اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ خدمت کن کن اطراف سے ہو سکتی ہے اور اس کے لیے کون کون سا طریقِ کار استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن وہ سارے طریقے ہمیں پہلے ہی آتے ہیں حتیٰ کہ ہماری خدمت کے حدود و قیود کا کوئی اندازہ یا مقابلہ بھی نہیں کر سکتا‘ چند ایک سیاسی خاندانوں کے‘ جو صحتمندانہ مقابلے کی ایک روشن مثال ہے۔ آپ اگلے روز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کر رہے تھے۔
غیور عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا: حسان خاور
پی ٹی آئی کے رہنما حسان خاور نے کہا ہے کہ ''غیور عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا‘‘ جبکہ سازشیں ہماری حکومت کے خلاف بھی بہت ہوئیں مگر اسے عوام نے نہیں بلکہ اس کے اتحادیوں نے ختم کیااور اسی لیے اب عمران خان نے آئندہ اتحادیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ سے توبہ کرلی ہے اور جس کی سمجھ انہیں ذرا تاخیر سے ہی آئی ہے کیونکہ کچھ چیزیں واقعی ایسی ہوتی ہیں کہ انسان چاہے کتنا بھی ذہین و فطین کیوں نہ ہو‘ ان کی سمجھ اسے دیر سے آتی ہے لیکن آضرور جاتی ہے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی کو صرف جھوٹ بولنا آتا ہے: مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کو صرف جھوٹ بولنا آتا ہے‘‘ جبکہ ہم اس طرح کے جملہ فنونِ لطیفہ سے مکمل طور پر فیضیاب ہیں، اس لیے اسے اس فراخدلی پر ناز کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور انسان کے اندر ہر طرح کی ورائٹی ہونی چاہیے کیونکہ ورائٹی ہی تو زندگی کا مزہ ہے اور آلو گوشت آپ کو کتنے بھی پسند ہوں‘ آپ ہر روز آلو گوشت نہیں کھا سکتے جبکہ ویسے بھی قدرت کی عطا کردہ سب نعمتوں سے استفادہ کرنا چاہیے لہٰذا اس اکیلے ہنر پر پی ٹی آئی کو فخر کرنے کے بجائے پشیمان ہونے کی ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے بیان کاجواب دے رہے تھے۔
پی ٹی آئی نے پرویز الٰہی کے لیے
بزدار کو قربان کر دیا: دوست مزاری
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی نے پرویز الٰہی کے لیے بزدار کو قربان کر دیا‘‘ جن کی اپنی قربانیاں بھی بے مثال ہیں مثلاً وہ اسمبلی میں اپنا ٹوٹا ہوا بازو لہرا لہرا کر اپنے ارکان کو ہلہ شیری دے رہے تھے حالانکہ ڈاکٹر انہیں بار بار منع کر رہے تھے کہ ٹوٹے ہوئے بازو کو اس طرح نہ لہرائیں، جبکہ ان کے خیال میں ٹوٹے ہوئے بازو سے بھی کام لیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے زیادہ کام لیا جا سکتا ہے اور انہوں نے کوئی لوٹا وغیرہ میری طرف نہیں پھینکا حالانکہ وہ ٹوٹے ہوئے بازو سے یہ کام بھی لے سکتے تھے۔ آپ اگلے روز عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد ٹویٹ کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف قوم کا
حقیقی سرمایہ و اثاثہ ہیں: لیگی رہنما
مسلم لیگ وزیر آباد کے رہنما مقصود ڈار نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم شہباز شریف قوم کا حقیقی سرمایہ و اثاثہ ہیں‘‘ کیونکہ ان کا سارا سرمایہ اور سارے اثاثے بھی قوم ہی کی ملکیت ہیں کیونکہ اتنا سرمایہ انہوں نے خود کیا کرنا ہے بلکہ اس طرح میاں نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کے اثاثے بھی قوم کی ملکیت ہیں حتیٰ کہ جنہوں نے ایک بار بیان دیا کہ میری نہ کوئی جائیداد ملک کے اندر ہے نہ باہر، ان کے اثاثے بھی ملک و قوم کے ہیں کیونکہ انہیں یاد ہی نہیں تھا کہ ایسے اثاثے بکثرت موجود ہیں اور یہ محض ان کی سادگی کی وجہ سے ہوا جبکہ یہ سبھی ایک دوسرے سے بڑھ کر سادہ ہیں۔ آپ اگلے روز وزیر آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب ہڈالی سے گل فراز کی غزل:
ظاہراً ایک اچھا آدمی ہوں
جانتے سب ہیں کیسا آدمی ہوں
نہیں کرتا کبھی زبردستی
میں کوئی ایسا ویسا آدمی ہوں
بول کر جھوٹ میں مکرتا نہیں
کہ جدا طرح سچا آدمی ہوں
فائدہ سا بھی ہوں کہیں کہیں پر
مگر اکثر خسارہ آدمی ہوں
آپ کو جس طرح کا چاہیے تھا
ہُو بہو اُس طرح کا آدمی ہوں
فکر اوروں کو سیدھا کرنے کی ہے
چاہے خود جتنا ٹیڑھا آدمی ہوں
یہی اک خاص بات ہے مجھ میں
عام سا اور گزارہ آدمی ہوں
کیوں نہ ہوں پھر تماش بین بہت
اچھا خاصا تماشا آدمی ہوں
آج کا مطلع
ماحول ہے کچھ اور فضا اور ہی کچھ ہے
یکطرفہ محبت کا مزہ اور ہی کچھ ہے