"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور نعیم ضرار

بلوچستان کی ترقی تک چین سے
نہیں بیٹھوں گا: شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''بلوچستان کی ترقی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا‘‘ کیونکہ عمران خان نے چین سے تو ویسے بھی نہیں بیٹھنے دینا، چلو اسی بہانے یہ بے چینی بلوچستان کی ترقی کے کھاتے میں بھی ڈال دی جائے یعنی ایک پنتھ دو کاج‘ جبکہ ملک کے دیگر حصوں کی ترقی سے تو پہلے ہی عہدہ برآ ہو چکے ہیں جو بھائی صاحب کے بقول تیز رفتار ترقی تھی اور جس کے لوازمات بھی انہوں نے ایک ایک کر کے گنوا ئے تھے تاکہ سند رہیں‘ اور اگر کوئی کسر رہ گئی ہو تو موقع ملنے پر اس کی تلافی بھی کی جا سکتی ہے جبکہ فی الحال تو جو موقع ملا ہے‘ اسی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ آپ اگلے روز دورئہ بلوچستان کے موقع پر کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
خدمت ترجیح‘ ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی: پرویز الٰہی
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''خدمت ترجیح‘ ہمیشہ عوامی حقوق کی جنگ لڑی‘‘ جس کا تازہ ترین ثبوت وہ جنگ ہے جو اگلے روز اسمبلی ہال میں لڑی گئی تھی جب ڈپٹی سپیکر کی دھلائی کے موقع پر میں اپنا ٹوٹا ہوا بازو لہرا لہرا کر عوام کی حوصلہ افزائی کر رہا تھا حتیٰ کہ میرے بازو کے ٹوٹنے کا راز بھی فاش ہو گیا جو اپنی جگہ پر ایک بڑی قربانی تھی اور میرا بازو اگر زخمی نہ ہوتا تو میں اس عوامی جدوجہد میں خود بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا۔ اسے عوامی حقوق کی جنگ کے علاوہ خدمت بھی کہہ سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز کامل علی آغا اور چکوال کے سیاسی عمائدین سے ملاقات کر رہے تھے۔
بلاول نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''بلاول نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا‘‘ اور جہاں تک زرداری صاحب کو صدر بنانے کا سوال ہے تو یہ مطالبہ نہیں بلکہ بچپنا تھا کیونکہ ہم اپنی باگ کسی کے ہاتھ میں کیسے دے سکتے ہیں کیونکہ جتنے مقدمات میں نے زرداری صاحب پر اور جتنے مقدمات انہوں نے میرے خلاف قائم کیے‘ وہ ہم دونوں کو اچھی طرح سے یاد ہیں اور یہ شوق دوبارہ بھی اور کبھی بھی سر اٹھا سکتا ہے بلکہ میں جتنی بار انہیں جیل بھیج چکا ہوں وہ مجھے بھی اب اچھی طرح یاد نہیں اور پرانے زخم کسی وقت بھی دوبارہ جاگ سکتے ہیں اور اسی لیے زرداری کو صدارت دے کر ہم اپنی باگ ان کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ آپ اگلے روز لندن میں بلاول سے ایک اور ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
بلاول چند روز تک حلف اٹھائیں گے: قمر زمان کائرہ
مشیرِ امور کشمیر، گلگت و بلتستان اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''بلاول چند روز تک وزیر خارجہ کا حلف اٹھائیں گے‘‘ کیونکہ ان کا موقف یہ تھا کہ جب تک زرداری صاحب کو صدرِ مملکت نہیں بنایا جاتا‘ وہ حلف نہیں اٹھائیں گے اور اسی لیے وہ لندن بھی گئے تھے لیکن نواز شریف بھی کچی گولیاں نہیں کھیلتے جنہوں نے دو تین ملاقاتوں اور ضیافتوں میں ساری خوش فہمی دور کر دی اور اب وہ سابقہ تنخواہ پر ہی کام کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیں گے تاکہ کہیں اس سے بھی نہ جائیں۔ آپ لندن میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
روزے میں اکثر بھول کر پانی پی
لیتی، کھانا بھی چکھ لیتی ہوں:متھیرا
پاکستان کی معروف ماڈل متھیرا نے کہا ہے کہ ''میں اکثر بھول کر روزے میں پانی پی لیتی اورکھانا بھی چکھ لیتی ہوں‘‘ جبکہ تین چار بار بھول کر پانی پینے سے اور کھانا چکھنے سے روزے کی شدت ویسے بھی ختم ہو جاتی ہے اور بھول چوک چونکہ معاف ہوتی ہے اس لیے بھول کر یہ سب کچھ کر لینا بھی قابلِ معافی ہوتا ہے جبکہ کھانے میں نمک وغیرہ چکھنا ہو تو مجھے ہی زحمت دی جاتی ہے کہ بھول کر ذرا کھانا تو چکھ دو۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور، اب آخر میں نعیم ضرار کی شاعری:
جدھر کہو گے اُدھر رہوں گا جو تم کہو تو
نہ ہو کے بھی میں مگر رہوں گا جو تم کہو تو
نہیں ہے منزل نصیب میں تو مری بلا سے
میں مبتلائے سفر رہوں گا جو تم کہو تو
میں ابتدا سے یہی تو تم کو بتا رہا تھا
تمہارا ہوں گا‘ اگر رہوں گا جو تم کہو تو
یہ لوگ مجھ میں تلاش کرتے رہیں گے تم کو
تمہاری میں ہی خبر رہوں گا‘ جو تم کہو تو
تم کہتے تھے نہ آ سکو گے‘ مجھے خبر ہے
میں عادتاً منتظر رہوں گا جو تم کہو تو
٭......٭......٭
رکھی ہے مقابل‘ پسِ دالان نہیں کی
اک تیری طلب داخلِ سامان نہیں کی
اوروں کی طرح میں نے ابھی اپنی جوانی
ڈھلتی ہوئی اس عمر پہ قربان نہیں کی
میں عشق سفر میں کبھی تھک کر نہیں بیٹھا
منزل کوئی شرمندئہ امکان نہیں کی
یادوں کی بسانی تھی نعیمؔ ایک جو بستی
خود ہو گئے ویران‘ وہ ویران نہیں کی
آج کا مقطع
ہمارا عشق رواں ہے رکاوٹوں میں ظفرؔ
یہ خواب ہے کسی دیوار سے نہیں رکتا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں