"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ،متن اور اوسلو سے فیصل ہاشمی

مشکل فیصلوں کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنا
پڑے گی: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''مشکل فیصلوں کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑ ے گی‘‘کیونکہ اگر آئی ایم ایف کی بات کرتے ہیں تو سبسڈیزختم کرنے پر مہنگائی کا طوفان ہم سب کو بہا لے جائے گا اور اگر نہیں مانتے تو دیوالیہ ہونے کا خطرہ بلکہ یقین ہے اور اگر فوری الیکشن کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہمارا ویسے ہی صفایا ہوجائے گا؛ چنانچہ اب یہ سوچ رہے ہیں کہ حکومت گرانے کا مشورہ کس ستم ظریف نے دیا تھا جس کے بعد ساری مصیبتیں ہمارے گلے میں آ پڑی ہیں ورنہ یہ سارا کچھ سابق حکومت جھیل رہی ہوتی اور رخصتی سے اس کی تو لاٹری نکل آئی ہے۔ آپ اگلے روز احتساب عدالت میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
جلسے میں عمران خان کے موبائل فونز
چوری کروائے گئے: شہباز گل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ''جلسے میں عمران خان کے موبائل فون چوری کروائے گئے‘‘ اور معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے مستند پیشہ ور جیب تراشوں کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں جنہوں نے یہ گل کھلایا ہے؛ نیز عمران خان کی جیب میں اس وقت اور کچھ تھا ہی نہیںورنہ مکمل صفایا ہوجاتا اور جب انہیں اس واردات کا پتا چلا تو فرطِ غم سے ان کی ساری تقریر ہی بے ربط ہو کر رہ گئی؛ چنانچہ سب سے پہلے تو انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کی جیب کی تلاشی کروائی کہ کہیں ان میں سے کسی کے پاس ہی یہ موجود نہ ہوں ۔ آپ اگلے روز ٹویٹر پر یہ افسوسناک پیغام جاری کررہے تھے۔
عمران خان کو جان کا نہیں‘ جیل جانے
کا خطرہ ہے: فیصل کریم کنڈی
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو جان نہیں‘ جیل جانے کا خطرہ ہے‘‘ لیکن موجودہ صورتحال میں انہیں اس طرح کے ہر خطرے سے باہر نکل آنا چاہئے کیونکہ جیل بھیجنے والوں کا اپنا بوریا بستر گول ہونے والا ہے اور بہت جلد انہیں اپنی پڑ جائے گی کیونکہ آج کل میں بڑے فیصلے ہونے والے ہیں جو ان کے لیے بہت خطرناک ثابت ہوں گے اور وہ اپنا سارا بوجھ اٹھا کر ایک طرف ہوجائیں گے اور جان کا خطرہ بھی انہیں نہیں ہونا چاہئے کہ سیاست میں اختلاف کو حدود کے اندر ہی رہنا چاہیے اس لیے نہ تو انہیںجان کا خطرہ ہے اور نہ جیل جانے کا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان نے موبائل فونز بیچ
دیے ہوں گے: قادر پٹیل
وفاقی وزیر صحت اور پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے موبائل فونز بیچ دیے ہوں گے‘‘ کیونکہ مالی صورتحال کے پیش نظر وہ یہی کچھ کرسکتے تھے اور خدشہ ہے کہ بہت جلد کہیں اپنے کپڑے وغیرہ بھی بیچنا نہ شروع نہ کردیں جس طرح شہباز شریف صاحب نے کہا ہے اور عمران خان نے اگر اپنے چار سالہ دور میں تھوڑی ہوشیاری دکھائی ہوتی تو برے وقتوں کے لیے وہ چار پیسے اکٹھے کرلیتے اور انہیں یہ دن دیکھنا نہ پڑتے اور جس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ان میں مستقبل کے بارے میں کوئی پیش بندی کرنے کا بھی فقدان ہے؛ چنانچہ یہ کوئی عجیب اور انہونی بات نہیں ہے اور ایسے آدمیوں کے ساتھ یہی کچھ ہونا چاہئے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان کو گرفتار کرنے والا
کمبوڈیا کا پاسپورٹ بنوا لے: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو گرفتار کرنے والا کمبوڈیا کا پاسپورٹ بنوالے‘‘ کیونکہ اتنا بڑا کام کرنے کے بعد اسے سر چھپانے کی بھی ضرورت ہو گی اور کمبوڈیا ایسا ملک ہے کہ پاکستان سے شاید ہی اب تک کوئی وہاں گیا ہو کیونکہ باقی ملکوں میں تو آنا جانا لگا ہی رہتا ہے اور جس سے سیاحت کا شوق بھی پورا ہوسکتا ہے؛ نیز کمبوڈیا کے شہریوں کے لیے یہ خیر سگالی کا ایک زبردست پیغام بھی ہوگا اور دونوں ملکوں کے دوستانہ مراسم کو ایک نئی جہت ملے گی اور اس طرح خان صاحب کو گرفتار کرنے والا ایک خدمت بھی سر انجام دے رہا ہوگا اور ایسی سعادت ہر آدمی کو نصیب بھی نہیں ہوتی۔ آپ اگلے روز سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں فیصل ہاشمی کی یہ نظم
رگوں میں بھرتا خوف
محصور ہوئے اک گھر کے اندر
قدرے قدیمی تہ خانے میں
پتھریلی دیوار پہ ابھریں
گہری سرخ لکیریں
اور اکھڑتے رنگ و روغن
جن سے ٹکراتا ہے
آوازوں کا شور مسلسل
بیچ میں میرے اکڑے بدن کی
تھکی تھکی سی حرکت
اور سمے کے کم ہونے کا
رگوں میں بھرتا خوف
آج کا مطلع
جہاں نگار سحر پیرہن اتارتی ہے
وہیں پہ رات ستاروں کا کھیل ہارتی ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں