"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن، اپیل اور سدرہ سحر عمران

عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش ہوئی
تو کارکنوں کو نہیں روک سکتے: اسد عمر
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش ہوئی تو کارکنوں کو نہیں روک سکتے‘‘ جبکہ انہیں واقعی روکنے کی ضرورت ہے لیکن ہمارے اختیار میں تو وہ شروع سے ہی نہیں اور ہم نے بھی انہیں اُن کے حال پر چھوڑ رکھا ہے کہ جائو جو مرضی کرو۔ ہم اپنے آپ کو سنبھالیں یا انہیں، اور ہم یہ بھی دعا کر رہے ہیں کہ اللہ کرے کہ وہ اپنے آپ ہی سدھر جائیں جیسا کہ ہم اپنے آپ کو سدھارنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جس میں ابھی تک ناکام چلے آ رہے ہیں؛ چنانچہ ہم ساتھ ہی ان کے سدھرنے کی دعائیں بھی مانگا کرتے ہیں۔ آپ اگلے روز دیگر رہنماؤں کے ہمراہ بنی گالا میں عمران خان کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان نے اداروں کے خلاف مہم
چلائی لیکن آج بھی لاڈلا ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے اداروں کے خلاف مہم چلائی لیکن آج بھی لاڈلا ہے‘‘ حالانکہ ہم نے زیادہ تندو تیزمہم چلائی تھی لیکن ہمیں یہ سعادت نصیب نہ ہوئی جو انصاف نہیں ہے بلکہ اب بھی مختلف سطحوں پر یہ کام جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن ہمیں اس کا صلہ کبھی نہیں ملا حالانکہ ایک وقت ایسا تھا کہ ملک بھر میں صرف ہم ہی لاڈلے ہوا کرتے تھے لیکن اب اس کی صرف سہانی یادیں ہی باقی رہ گئی ہیں یعنی ؎
وہ دن ہوا ہوئے کہ پسینہ گلاب تھا
آپ اگلے روز پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم کے عہدیداران سے ملاقات کر رہی تھیں۔
جنہیں 4سال این آر او نہ ملا‘ وہ اب کرپشن کیسز
ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں: عمر سرفراز چیمہ
سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ''جنہیں 4سال این آر او نہ ملا‘ وہ اب کرپشن کیسز ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘ اور انہیں اس نیک کام میں دیر نہیں کرنی چاہئے کیونکہ ان کی یہ مدت کسی وقت بھی ختم ہو سکتی ہے اور ایسا نہ ہو کہ کہیں وہ ہاتھ ملتے ہی رہ جائیں؛ اگرچہ عدلیہ نے اس کی حوصلہ شکنی کی ہے اور اس سلسلے میں چند اقدامات بھی کیے ہیں لیکن یہ کافی باہنراور تجربہ کار لوگ ہیں اور امید ہے کہ اس کے باوجود کوئی راہ نکال ہی لیں گے جبکہ یہ بھی امید ہے کہ اپنے قائد کی طرح کوئی نہ کوئی راہ نکال لیں گے اور کسی نہ کسی طرح منزلِ مراد کو پہنچ ہی جائیں گے‘ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور سے ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان گلی محلے اور گھر‘ گھر
لڑائی کرانا چاہتے ہیں: عطا تارڑ
مسلم لیگ نواز کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ''عمران خان گلی محلے اور گھر گھر لڑائی کرانا چاہتے ہیں‘‘ جبکہ ہم ایک ہی کام کرتے رہتے ہیں اور لڑنا بالکل بھول گئے ہیں اور مخالفین ہم پر فقرے کستے ہوئے گزر جاتے ہیں اور ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے اور دیکھتے کے دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں اور لڑنا چاہیں بھی تو ہمیں پتا ہی نہیں کہ کیسے لڑا جاتا ہے‘ ورنہ ہم بھی انہیں تسلی بخش جواب دیتے؛ چنانچہ اب اگر گلی محلوں اور گھر گھر لڑائی شروع ہوتی ہے تو ہمیں بھی یہ ہنر سیکھنے کا موقع ملے گا جس کیلئے ہمیں ان کا دلی طو رپر شکر گزار ہونا چاہئے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
دعائے صحت یابی اور امداد کی اپیل
البیلے، طرح دار اور ایسے اشعار کے خالق
یہ شہر چھوڑنا بھی ہے اور اس سے پیشتر
اُس بے وفا کو ایک نظر دیکھنا بھی ہے
فیصل آباد میں کارڈیالوجی شعبہ میں داخل شاعر اشرف یوسفی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ قارئین سے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پنجاب‘ خاص طور پر نوجوان وزیراعلیٰ میاں حمزہ شہباز شریف سے درخواست ہے کہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے وہ کسمپرسی کے اس عالم میں اس قیمتی اثاثے کی خبر لیں اور مالی تعاون فرمائیں، پیشگی شکریہ!
اور‘ اب آخر میں سدرہ سحر عمران کی نظم:
ایک آنکھ سے روایت ہے
میں تیری آنکھ سے
پرندے تراش کر
اپنے دل کو آسمان بناؤں گا
اُڑاؤں گا تیرے آنچل کی پتنگیں
خواب کی نیلگوں چھت پر
میں بارش کی بھیڑ میں
ڈھونڈتا رہوں گا
تیرے سات رنگ
تجھے مخملیں دو پہروں میں
ہوا پر پھول ٹانک کر بھیجوں گا
تیری دہلیز منور کروں گا
دو چراغوں سے
تجھے جلاؤں گا
اپنے بدن کے طاق میں
گھر کی ہر رونق سے وحشت اُٹھا کر
ہر ایک اینٹ کو شاخ کر دوں گا
اور کھلاؤں گا
تیری تصویروں کے
در و دیوار میں گلاب
آج کا مطلع
اٹھ اور پھر سے روانہ ہو ڈر زیادہ نہیں
بہت کٹھن سہی منزل سفر زیادہ نہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں