"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اورڈاکٹر ابرار احمد

خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے چوتھی سہ ماہی
میں فنڈز جاری نہیں ہوں گے: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے چوتھی سہ ماہی میں فنڈز جاری نہیں ہوں گے‘‘ اور اگر ہمیں پتا ہوتا کہ خزانہ بالکل خالی ہے تو ہم کبھی اقتدار میں نہ آتے کیونکہ پھوکے اور خالی خولی اقتدار کی نہ ہمیں عادت ہے اور نہ یہ سوٹ کرتا ہے بلکہ جو کام ہم نے کرنا تھا‘ سابقہ حکومت نے کر کے ہمارے ٹھوٹھے پر ڈانگ مار دی ہے حالانکہ ہر کسی کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے اور دوسرے کے کام میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جو کہ صریح خود غرضی اور قطع رحمی ہے اور ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں کہ اس کے سوا اور کچھ کر بھی نہیں سکتے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام
پر خودکش حملہ ہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام پر خودکش حملہ ہے‘‘ اگرچہ خودکش حملہ وہ ہوتا ہے جو کسی اور کے بجائے خود پر کیا جائے‘ اس لیے نہ تو یہ خودکش حملہ تھا نہ براہِ راست عوام پر؛ چنانچہ میں اپنے بیان کی مکمل وضاحت اپنی آنے والی تقریر میں کر دوں گا کیونکہ یہ ایک عجیب و غریب حملہ تھا جو نہ عوام پر تھا نہ ہی اپنے آپ پر بلکہ اس سے بھی پہلے میں لغت کے ذریعے تسلی کروں گا کہ خودکش کا اصل مطلب کیا ہے تاکہ اس قسم کی غلطی سے احتراز کر سکوں کیونکہ آدمی کو اپنی غلطیوں سے باخبر رہنا چاہیے تاکہ وہ دوبارہ سرزد نہ ہو جائیں۔ آپ اگلے روز منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انقلاب اپنا راستا خود بناتا ہے‘ پولیس
کے روکنے سے نہیں رُکتا: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''انقلاب اپنا راستہ خود بناتا ہے، پولیس کے روکنے سے نہیں رُکتا‘‘ اور ہم نے جو اگلے روز پولیس کے ذریعے اس کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی‘ اس سے بھی یہ بات ثابت ہو گئی تھی کیونکہ اب یہ انقلاب کچھ دنوں کے بعد دوبارہ اسلام آباد کا رُخ کرے گا جسے روکنے کا میں مشورہ نہیں دوں گی کہ انقلاب اگر آتا ہے تو اسے آنے دیا جائے کہ شاید اس انقلاب کے بعد ہی کسی اور کی گنجائش نکل آئے جو خواہ مخواہ پیدا ہی نہیں ہونے دی گئی جبکہ والد صاحب اس پر الگ پیچ و تاب کھا رہے ہیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا بیان ٹویٹ کر رہی تھیں۔
وزیراعظم نیب کے ملزم کو چیئرمین نیب
لگانے کا سوچ رہے ہیں: فیاض چوہان
سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم نیب کے ملزم کو چیئرمین نیب لگانے کا سوچ رہے ہیں‘‘ ویسے ایک لحاظ سے تو یہ اچھا ہی ہے کہ وہ خود دفتر میں جا کر اپنا دفاع بہتر انداز میں کر سکتا ہے بلکہ چاہیے تو یہ تھا کہ وزیراعظم چیئرمین نیب کا عہدہ خود اپنے پاس رکھتے کیونکہ وزیراعظم کا اپنے عہدے کے علاوہ کسی اور ادارے کا سربراہ ہونے پر کوئی قدغن میرے علم میں نہیں ہے، اسی طرح زرداری صاحب کو اگر صدر نہیں لگایا جاتا تو وہ اپنی منکسر مزاجی کے تحت ایسا کوئی مناسب عہدہ قبول کر سکتے ہیں تاکہ وہ بھی اپنے مقدمات کا دفاع مؤثر انداز میں کر سکیں۔ آپ اگلے روز لاہور سے اپنا بیان ٹویٹ کر رہے تھے۔
عمران خان اپنی ناکامیوں کا بوجھ اب
اُٹھانا شروع کر دیں: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران خان اپنی ناکامیوں کا بوجھ اب اُٹھانا شروع کر دیں‘‘ کیونکہ ہم یہ کام اگر گزشتہ 30سال سے نہایت کامیاب انداز میں کر رہے ہیں تو اب عمران خان کی باری ہے اور اپنا بوجھ دوسروں پر ڈالنے کی روش سے اجتناب کرتے ہوئے انہیں یہ بوجھ خود ہی اٹھانا چاہیے، اگرچہ ہماری ناکامیوں کی اصل وجہ احتساب کے مقدمے ہیں جو ہماری کامیابیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی ہیں، اسی لیے ہم احتسابی ادارے میں اپنا آدمی لانے کا سوچ رہے ہیں تاکہ ناکامیوں کا داغ کسی قدر دُھل سکے؛ اگرچہ اب تک کوئی ایسا ڈیٹرجنٹ ایجاد نہیں ہو سکا جو یہ داغ دھبے دُور کر سکے حالانکہ اب تک ہو جانا چاہیے تھا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میںڈاکٹر ابرار احمد کی یہ نظم:
پچھلے پہر کی دستک
ترے شہر کی سرد گلیوں کی آہٹ
مرے خون میں سرسرائی
میں چونکا
یہاں کون ہے ،میں پکارا مگر
دور خالی سڑک پر کہیں
رات کے ڈوبتے پہر کی خامشی چل پڑی
رت جگوں کی تھکاوٹ میں ڈوبی ہوئی
آنکھ سے خواب نکلا کوئی
لڑکھڑاتا ہوا
رات کے سرد آنگن میں گرتا ہوا
خالی شاخوں میں اٹکے ہوئے
چاند کی آنکھ سے ایک آنسو گرا
اور سینے میں گم ہو گیا
دھند کی نرم پوریں
مساموں میں چلنے لگیں
دو طرف ایستادہ درختوں کے نیچے
بہے آنسوؤں کی مہک میں مجھے
نیند آنے لگی
آج کا مطلع
لرزش پردۂ اظہار کا مطلب کیا ہے
ہے یہ دیوار تو دیوار کا مطلب کیا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں