زرداری کا نام لے کر پی ٹی آئی سیاسی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہے: سید حسن مرتضیٰ
سینئر صوبائی وزیر پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ''زرداری کا نام لے کر پی ٹی آئی سیاسی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہے‘‘ یہ زرداری جیسے نیک کام‘ پارسا اور سیدھے سادے آدمی کے ساتھ سخت زیادتی ہے اگرچہ یہ پی ٹی آئی کی مجبوری بھی ہے کیونکہ اس کا لیڈر عمران خان ایک گمنام آدمی ہے جسے کوئی نہیں جانتا‘ اس لیے یہ زرداری جیسی نامور ہستی کا نام لے کر مشہور ہونے کی کوشش کر رہی ہے حالانکہ اسے چاہیے کہ اپنے لیڈر عمران خان کو عوام اور دنیا میں متعارف کرانے کی کوشش کرے اور ایسے منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے سے گریز کرے اور زرداری کا نام لے کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش نہ کرے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
پرویز الٰہی نئے وزیراعلیٰ، زرداری نے
بھائیوں کو لڑانے کی کوشش کی: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ''پرویز الٰہی نئے وزیراعلیٰ، زرداری نے بھائیوں کو لڑانے کی کوشش کی‘‘ حالانکہ اس کی قطعاً ضرورت نہیں تھی کیونکہ پہلے ہی ایک کا منہ ایک طرف تھا اور دوسرے کا دوسری طرف اور وہ حال ہی میں اس کا مصمم ثبوت بھی فراہم کر چکے ہیں جبکہ بڑا بھائی وفاقی وزارتوں کے مزے لے رہا ہے اور برادر خورد لوگوں کے درمیان شرمسار ہو رہا ہے، نیز دونوں بھائی کافی وضعدار واقع ہوئے ہیں اس لیے اپنی اپنی پوزیشن تبدیل کرنا افورڈ نہیں کر سکتے۔ البتہ بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو دلاسہ ضرور دے سکتا ہے کہ بیٹا چڑھ جا سولی، رام بھلی کرے گا۔ آپ اگلے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار حسن مرتضیٰ
ہوتا تو پیسے ضرور لگاتا: زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار حسن مرتضیٰ ہوتا تو پیسے ضرور لگاتا‘‘ کیونکہ آدمی اپنے امیدوار پر ہی پیسے لگاتا اچھا لگتا ہے کیونکہ اگر وہ بے حساب پیسے کماتا ہے تو اسے رفاہِ عامہ کے معاملات میں پیسے لگانا بھی چاہئیں اور میں غیر لوگوں پر پیسے لگا کر اپنی نیک کمائی کی توہین نہیں کرنا چاہتا جبکہ میں سیاست میں غلط سرمایہ کاری میں یقین نہیں رکھتا کیونکہ غلط کاموں سے بدنامی ہوتی ہے اور میں اپنی نیک نامی کو داؤ پر نہیں لگا سکتا اور نہ ہی میرے جیسے آدمی سے اس کی توقع کرنی چاہیے۔ آپ اگلے روز پیپلز پارٹی کے پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے ملاقات کر رہے تھے۔
وزیراعظم غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں
عمران خان کو گرفتار کیا جائے: فضل الرحمن
جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم غیرضروری شرافت دکھا رہے ہیں، عمران خان کو گرفتار کیا جائے‘‘ کیونکہ اگر ان کے نام میں شریف آتا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ شرافت کا بھی مظاہرہ کریں حالانکہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ یہ شخص جلسوں کے ذریعے بھولے بھالے عوام کو کس طرح گمراہ کر رہا ہے، کیا وزیراعظم کو اس وقت ہوش آئے گا جب عمران خان سارے پاکستان کو اپنے پیچھے لگا لے گا؟ جبکہ عوام بھی پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں گمراہ ہونے سے بچایا جائے لیکن وزیراعظم ٹس سے مس نہیں ہو رہے حالانکہ وہ اگر ٹس ہو سکتے ہیں تو مس کیوں نہیں ہو سکتے؟ آپ اگلے روز بنوں میں رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
زرداری پنجاب کی سیاست کو
آلودہ کر رہے ہیں: فیاض چوہان
سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''زرداری پنجاب کی سیاست کو آلودہ کر رہے ہیں‘‘ حالانکہ یہ پہلے ہی آلودگی سے بھری ہوئی ہے اور اس میں مزید آلودہ ہونے کی گنجائش ہی نہیں ہے‘ آخر کالے رنگ کو مزید کالا کیسے کیا جا سکتا ہے‘ تاہم زرداری ہر فن مولا ہیں اُن سے ہر کام کی توقع کی جا سکتی ہے اگرچہ اس سلسلے میں ہماری کاوشیں بھی کسی سے کم نہیں ہیں بلکہ یہ ایک مقابلے کی دوڑ ہے جس میں ہر کوئی دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ جو چیز پہلے ہی آلودہ ہے، اسے مزید آلودہ کرنا کوئی غلط کام نہیں ہے اس لیے دونوں فریق صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔ آپ اگلے روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں یہ تازہ غزل:
زمیں رُکی ہوئی ہے، آسماں روانہ ہے
کہ عقل سے بہت آگے گماں روانہ ہے
ذرا سی دیر میں پنڈال ہو گیا خالی
کہ لوگ اُٹھ گئے ہیں، داستاں روانہ ہے
قیام کر نہیں سکتا ہے کوئی بھی یکسر
یہاں روانہ ہے کوئی وہاں روانہ ہے
کہ اپنا اپنا سبھی بوجھ ہیں اُٹھائے ہوئے
کوئی سبک ہے تو کوئی گراں روانہ ہے
ہوا ہے جو بھی، ہوا ہی کے اختیار میں تھا
کہ ناؤ ڈوب چکی، بادبان روانہ ہے
سب اپنی اپنی ہی پہچان ہیں بنائے ہوئے
مٹی ہوئی ہے نشانی، نشان روانہ ہے
یہاں پہ سانس بھی لینا محال ہے اب تو
کہ آگ سرد ہے لیکن دھواں روانہ ہے
میں ایک عمر سے تنہا کہیں نہیں جاتا
جو میرے ساتھ ہی میرا بیاں روانہ ہے
ٹھہر گیا ہوں ظفرؔ راستے کے بیچ کہیں
یہ لگ رہا ہے کہ سارا جہاں روانہ ہے
آج کا مقطع
انکساری میں مرا حکم بھی جاری تھا ظفرؔ
عرض کرتے ہوئے ارشاد بھی خود میں نے کیا