عمران خان ملک کے لیے خطرناک‘ سب
سے بڑی چوری پکڑی گئی: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''عمران خان ملک کے لیے خطرناک‘ سب سے بڑی چوری پکڑی گئی‘‘ اگرچہ ملک کے اندر جو چوری پکڑی گئی ہے یہ اُس کا عشر عشیر بھی نہیں ہے؛ تاہم ملک کے اندر جو کچھ ہے وہ ملک والوں ہی کا ہے اس لیے اسے چوری نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ زیادہ سے زیادہ سینہ زوری کے زمرے میں آئے گا جبکہ سینہ زوری اقتدار میں آنے والوں کی مجبوری بھی بن جاتی ہے کیونکہ اسے پکڑنے اور سزا دینے والے بھی وہ خود ہی ہوتے ہیں، اور وہ ملک کے لیے خطرناک بھی نہیں ہوتے کیونکہ وہ سب کچھ سمیٹ کر ملک سے باہر لے جاتے ہیں اور ملک اُن کے خطرے سے بچا رہتا ہے جس کی کئی درخشاں مثالیں بھی موجود ہیں۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
حلفیہ کہتا ہوں نواز شریف نے
اُسامہ سے پیسے لیے: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''حلفیہ کہتا ہوں کہ نواز شریف نے اُسامہ بن لادن سے پیسے لیے‘‘ اور حلفیہ اس لیے کہنا پڑا ہے کہ حلف کے بغیر کوئی میری بات پر یقین ہی نہیں کرتا؛ اگرچہ حلف پر بھی لوگ کم ہی یقین کرتے ہیں اور یہ اُن کے یقین کی کمزوری ہے اس لیے لوگوں کو اپنے یقین کی اس کمزوری کو دُور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یقین کی مضبوطی ہی مکافاتِ عمل کا ذریعہ بن سکتی ہے کیونکہ آدمی تو بنیادی طور پر خطا کا پتلا ہوتا ہے جبکہ میں یہ بھی بتا سکتا ہوں کہ نواز شریف نے اُسامہ سے کتنے پیسے لیے تھے لیکن اس لیے نہیں بتا رہا کہ لوگ اس کا بھی یقین نہیں کریں گے۔ آپ اگلے روز فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران کو نااہل قرار دے کر پی ٹی آئی پر
پابندی لگائی جائے: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''عمران کو نااہل قرار دے کر پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے‘‘ ورنہ وہ اسی طرح لوگوں کو اپنی پیچھے چلاتے اور ہماری سیاست کو مشکل بناتے رہیں گے اور ہمیں بھی اسی صورت سُکھ کا سانس لینا نصیب ہوگا کیونکہ دوسرے طریقوں سے تو انہیں قابو کرنا محال ہو کر رہ گیا ہے بلکہ اگر کسی طرح انہیں ملک سے باہر بھیج دیا جائے تو اور بھی اچھا ہوگا کیونکہ میاں نواز شریف کی طرح ملک سے باہر رہ کر وہ ملک کی زیادہ خدمت کر سکیں گے اور ملک میں عوام کی خدمت کے لیے صرف ہم رہ جائیں گے جس کا تصور کر کے لوگ ابھی سے خدشات کا شکار ہو گئے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
تحریک انصاف کو نظریاتی کارکنوں
کے حوالے کیا جائے: اکبر ایس بابر
پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ''تحریک انصاف کو نظریاتی کارکنوں کے حوالے کیا جائے‘‘ جبکہ خاکسار سے بڑا نظریاتی کارکن اور کون ہو سکتا ہے کیونکہ جب سے میں پارٹی سے کچھ نہ ملنے پر منحرف ہوا ہوں‘ سب سے زیادہ پارٹی کی نظریاتی خدمت کر رہا ہوں؛ اگرچہ میں یہ مطالبہ بھی کر چکا ہوں کہ اس پر پابندی لگا دی جائے لیکن اب میں اپنا وہ مطالبہ واپس لیتا ہوں کیونکہ اگر پارٹی پر پابندی لگ گئی تو اسے میرے حوالے کیسے کیا جا سکتا ہے اور اس صورت میں میرے نظریات بھی دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اس لیے بہتر ہوگا کہ کوئی مناسب اور درمیانی راستہ نکالا جائے۔ آپ اگلے روز کیس کا فیصلہ آنے کے بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان صادق نہ امین‘ اکاؤنٹس
چھپانا جرم ہے: بلاول بھٹو
وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عمران خان صادق نہ امین‘ اکاؤنٹس چھپانا جرم ہے‘‘ حالانکہ اس کا بہترین طریقہ جعلی اکاؤنٹس کی تھیوری ہے جس سے اکاؤنٹس چھپتے بھی نہیں اور پکڑے بھی نہیں جاتے اور اگر عمران خان میں تھوڑی سی بھی دانشمندی ہوتی تو وہ اس سلسلے میں ہمارے اکابرین سے مشورہ کر کے اپنی اس مشکل کو آسان بنا سکتے تھے؛ اگرچہ یہ ایک بہت پیچیدہ عمل ہے اور احتسابی ادارہ بھی چکرا کر رہ جاتا ہے لیکن:
ہمت کرے انسان تو کیا ہو نہیں سکتا
آپ اگلے روز شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں آصف ہاشمی کی نظم:
دُور صدیوں پرے
دُور...
صدیوں پَرے
اک خریدے ہوئے
کرب میں مبتلا
جسم کے اُس طرف
رُوح کی دُھند میں
اپنے کاندھے پہ خود کو
اُٹھائے ہوئے
چیختا ہی رہا
''میں یہاں ہوں یہاں‘‘
''میں یہاں ہوں یہاں‘‘
آج کا مقطع
کہاں چلی گئیں کرکے یہ توڑ پھوڑ ظفرؔ
وہ بجلیاں مرے اعصاب سے گزرتے ہوئے