"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور نوحہ

مخیر حضرات سیلاب زدگان کی مدد کریں:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''مخیر حضرات دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کریں‘‘ اور ساتھ ہی حکومت کا بھی خیال رکھیں کیونکہ اس کی حالت تو سیلاب زدگان سے بھی قابلِ رحم ہو چکی ہے جبکہ ہماری اپنی پارٹی کے کئی افراد کا کہنا ہے کہ اگر حالات اسی قابل تھے تو یہ بیڑا کیوںاٹھایا گیا اور اگر یہ بیڑا نہ اٹھایا جاتا اور اس سے غفلت کا ارتکاب کیا جاتا تو یہ براہ راست بیڑے کی توہین تھی جبکہ ہم نہایت مہذب واقع ہوئے ہیں اور کسی کی توہین کا تصور تک نہیں کر سکتے جبکہ اسی طرح ہم نے اپنے ادوار میں وسائل کی توہین کرنے کے بجائے انہیں سینے سے لگایا اور اس طرح ان کی قدر افزائی کی۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان کی نااہلی کا سوچنے والے
احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''عمران خان کی نااہلی کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں‘‘ اور اس لحاظ سے وہ خوش قسمت ہیں کیونکہ احمقوں کی تو پھر کوئی جنت ہے؛ البتہ اس بات کا پتا لگانا نہایت ضروری ہے کہ احمقوں کی یہ جنت کہاں ہے، اگر یہ ملک کے اندر ہی ہے تو اس کا سراغ لگانا بہرحال ضروری ہے تاکہ اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں کہ اس میں کیا کیا سہولتیں موجود ہیں اور اس میں داخل ہونے کے لیے کیا کیا شرائط مطلوب ہیں، نیز اس کے لیے کس درجے کا احمق ہونا ضروری ہے کیونکہ تھوڑا بہت بیوقوف تو ہر کوئی ہوتا ہی ہے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
بھاگ کر لندن نہیں آیا، نواز شریف کی واپسی
ڈاکٹر کی اجازت سے ہو گی: حمزہ شہباز
مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''میں بھاگ کر لندن نہیں آیا، نواز شریف کی واپسی ڈاکٹرز کی اجازت سے ہو گی‘‘ اگرچہ لندن بھاگ کر جانے کی متعدد درخشاں مثالیں پہلے سے موجود تھیں اور مجھے فوری طور پر بڑے گھر جانے کا بھی کوئی خطرہ درپیش نہیں تھا‘ورنہ بھاگ کر یہاں آنا کوئی ایسا مشکل کام نہیں اور جہاں تک تایا جان کی لندن سے واپسی کا تعلق ہے تو وہ ڈاکٹرز کی اجازت سے ہی واپس آئیں گے اوران کی اجازت کے بغیر ڈاکٹرز انہیں واپسی کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں اس لیے ڈاکٹرز شاید کبھی بھی انہیں واپس آنے کی اجازت نہ دیں اور ہم ملک میں ان کی خدمت سے ہمیشہ محروم ہی رہیں۔ آپ اگلے روز لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مونچھوں کے بغیر دو فلمیں کیں، دونوں
ہی فلاپ ہو گئیں: انیل کپور
بالی وُڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے کہا ہے کہ ''مونچھوں کے بغیر دو فلمیں کیں، دونوں ہی فلاپ ہو گئیں‘‘ اس لیے میں نے فوری طور پر دوبارہ مونچھیں رکھ لی ہیں کیونکہ میں اپنی مزید فلمیں فلاپ ہوتے نہیں دیکھ سکتا؛ چنانچہ اب میں نے سلمان خان اور شاہ رخ خان کے علاوہ دیگر کلین شیو اداکاروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی آئندہ فلموں کو فلاپ ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر مونچھیں رکھ لیں ۔ ''پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی‘‘۔ اور میں نے انہیں پنجابی کا یہ قول بھی سنایا ہے کہ ''مُچھ نہیں تے کچھ نہیں‘‘۔ آپ اگلے روز ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان کو بچانے والوں نے اس
کے سر سے ہاتھ اُٹھا لیا ہے: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو بچانے والوں نے اس کے سر سے ہاتھ اُٹھا لیا ہے‘‘ اور اب وہ ہاتھ ہمارے سر پر رکھنے کی دیر ہے کیونکہ ہاتھ اگر کسی کے سر پر نہ رکھا جائے تو بیکار پڑے پڑے اس کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ ہمارا سر بھی کسی ہاتھ کے فراق میں حواس باختگی کا شکار ہے اور اس ہاتھ کو ہمارے سر پر رہنے کا طویل تجربہ بھی ہے اور یہ سر کے لیے ٹوپی کا کام دیتا ہے اور دھوپ وغیرہ سے بچائے رکھتا ہے اور ہمارے جیسے گرم ملک میں سر کو ٹوپی کے بغیر رکھنا بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لہٰذا اس ہاتھ کو چاہیے کہ اپنی اصل جگہ پر آ جائے۔ آپ اگلے روز نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب آخر میں اقتدار جاوید کی نظم:
نوحہ
والد کا خواب زار ہے یا سات باغ ہیں
یعنی کہ خواب گاہ میں ٹھنڈے چراغ ہیں
ان دونوں بستیوں کو ہمارا سلام ہے
اب شور مت کرو کہ علی ہم کلام ہیں
تیرے جمالِ نو سے زمیں سرفراز ہوں
عمریں دراز ہوں تری نیندیں دراز ہوں
لالی لبوں کی آگ ہے جادو کی روپ ہے
باغوں کے درمیان میں جاڑے کی دھوپ ہے
طوفان کی زد پہ آیا تو پانی اُچھل پڑا
لہروں کی چادروں سے جزیرہ نکل پڑا
تم ہی تو ہو جہاں میں رسولِ خدا کے بعد
چھایا ہوا سروں پہ ہے بادل ہوا کے بعد
تجھ سے ولایتیں ہیں، ترا انتظام ہے
مامون ہے جو اب ترا قائم مقام ہے
جو ماورائے عقل ہے وہ تیرا راز ہے
اک تجھ سے اس اثاثے کا سارا جوازہے
سورج کی اندھی کوکھ سے نکلی ہوئی دوپہر
دشتِ سیاہ رنگ کی نگلی ہوئی دوپہر
افلاک ہیں کہ بن گئے صورت حباب کی
چڑھتا ہے آسمان پہ کہیں ماہتاب کی
ان پانیوں میں ماہِ منور جھلک پڑے
لبریز کوئی جھیل نہ باہر چھلک پڑے
عکسِ رسولؐ ہو یا عین مین ہو
تم کوئی آئینہ ہو کہ سچ مچ حُسین ہو
دیکھو رسول زادی کے رونے کا وقت ہے
پیچھے ہٹو‘ حسین کے سونے کا وقت ہے
آج کا مطلع
یوں تو ہے زیر نظر ہر ماجرا دیکھا ہوا
پھر نہیں دیکھا ہے وہ رنگ ہوا دیکھا ہوا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں