عوام کے ساتھ کھڑی ہوں‘ پٹرول قیمت میں
اضافے کی تائید نہیں کر سکتی: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، پٹرول کی قیمت میں اضافے کی تائید نہیں کر سکتی‘‘ اور میں یہ فیصلہ کرنے والوں کو روک بھی نہیں سکتی کیونکہ وہ میرے روکنے میں آتے کہاں ہیں جبکہ میاں صاحب بھی اس کے خلاف تھے اور اجلاس ہی سے واک آئوٹ کر گئے تھے کیونکہ میری طرح وہ بھی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘ اس لیے عوام اس اضافے سے ہم دونوں کو بری الذمہ سمجھیں اور میرے اس بیان کو اپنے لیے کافی سمجھیں اور اسے محض اپنی بدقسمتی سمجھیں اور صبر و شکر کے ساتھ اسے برداشت کریں اور اسے ہی کافی سمجھیں کہ میں اور قائدِ محترم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ اسی طرح ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آپ اگلے روز پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر اپنا ردعمل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ظاہر کر رہی تھیں۔
مسلم لیگ نواز نے نفرت کی سیاست کی: فرخ حبیب
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''مسلم لیگ نواز نے نفرت کی سیاست کی‘‘ حالانکہ وہ ہماری طرح محبت کی سیاست بھی کر سکتی تھی جس کا ثبوت ہمارے آئے دن کے بیانات سے ملتا ہے اس لیے نواز لیگ جو چاہے کرتی رہے‘ ہم محبت کی سیاست کو اسی طرح جاری رکھیں گے اور اس کے رہنماؤں کو پیار بھرے ناموں سے پکارتے رہیں گے کیونکہ ہماری قیادت کی طرف سے ہمیں محبت ہی کی تلقین کی گئی ہے جبکہ ہم گالی گلوچ کے بجائے بغل گیر ہونے میں یقین رکھتے ہیں جبکہ ہماری بغل میں چھری ہوتی ہے نہ منہ میں رام رام کیونکہ چھری بغل میں رکھنے کے لیے ہوتی ہی نہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
بطور سیکرٹری جنرل میرے پاس نواز شریف کی
واپسی کی کوئی معلومات نہیں: احسن اقبال
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''پارٹی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے میرے پاس نواز شریف کی واپسی کے متعلق کوئی معلومات نہیں‘‘ اور جاوید لطیف صاحب نے ان کی ستمبر میں واپسی کی جو اطلاع دی ہے‘ وہ اس لیے کہ موصوف پہنچے ہوئے بزرگ ہیں اور انہیں اکثر ایسی باتیں از خود معلوم ہو جاتی ہیں، اگرچہ پارٹی میں سب کے سب ہی پہنچے ہوئے ہیں جن میں خاکسار بھی شامل ہے لیکن جاوید لطیف لگتا ہے کہ ہم سب سے زیادہ دور اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں پر ایسی اطلاعات خودبخود موصول ہونے لگتی ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک ٹی وی پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
جاوید لطیف اور طلال چودھری آلِ
شریف کے مہرے ہیں: فیاض چوہان
پنجاب حکومت کے ترجمان اور پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''جاوید لطیف اور طلال چودھری آلِ شریف کے مہرے ہیں‘‘ اور یہ بات انتہائی قابلِ تعریف ہے کیونکہ ہر مخلص کارکن پارٹی قیادت کا مہرہ ہو کر ہی اپنے فرائض سرانجام دے سکتا ہے اور اس وقت تک اپنی قیادت کا مہرہ رہتا ہے جب تک کہ اس کا ضمیر نہ جاگ جائے لیکن ابھی تمام مہروں کے ضمیر خوابِ خرگوش میں مست ہیں تاکہ دوڑ میں کچھوا ان سے آگے نکل جائے، اس لیے حکومت کو خرگوشوں کی نشوونما پر بھرپور توجہ دینی چاہیے کیونکہ دوسرا کوئی بھی جانور اس معیار پر پورا نہیں اتر سکتا، آزمائش شرط ہے۔ آپ اگلے روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان بہترین انٹرٹینر ہیں‘ جلسوں
سے تفریح مل جاتی ہے: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان بہترین انٹرٹینز ہیں‘ جلسوں سے تفریح مل جاتی ہے‘‘ اس لیے اگر متحدہ حکومت بھی اپنے جلسوں کی کامیابی چاہتی ہے تو ان کے رہنماؤں اور قیادت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے، اور اگر ایسا ہو جائے تو ان کے جلسوں میں بھی تل دھرنے کو جگہ نہ رہے گی جبکہ سازوں میں بانسری کو فوقیت حاصل ہے اگرچہ یہ تب زیادہ مزہ دیتی ہے جب شہر جل رہا ہو۔گٹار، حتیٰ کہ ڈھول بھی ٹھیک ہے جبکہ ناچ گانا تو سونے پر سہاگہ ہوگا اور سیاسی قیادت یہ معرکہ لندن سے آن لائن بھی انجام دے سکتی ہے۔ آپ اگلے روز کراچی میں پولیو مہم کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
غزل
ھُو ھُو دم دم بھر دے نی
مور عبادت کر دے نی
روندیاں اِٹاّں دے مزدور
حفظ خیانت کر دے نی
دھوڑ و دھوڑی ہر ہر تھاں
ساوے پانی تردے نی
پڑھ ساہواں دا چٹا نور
مکھ ٹبیاں تے مردے نی
نِیویں پا کے چلدے لوک
ویلا موڈھے دھر دے نی
عشق دا پہلا نابر میں
سوچ آوارا گردے نی
رُک جاندے سی وانگ پہاڑ
چل پیندے سی ڈردے نی
کیہڑے شاہ دے سیوک یار
کیہڑے لوک نیں گھردے نی
آج کا مطلع
میں بھی شریکِ مرگ ہوں مر میرے سامنے
میری صدا کے پھول بکھر میرے سامنے