آئی ایم ایف کی شرائط سے مہنگائی
میں اضافہ ہوا: احسن اقبال
مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''آئی ایم ایف کی شرائط سے مہنگائی میں اضافہ ہوا‘‘ اس لیے سارا قصور آئی ایم ایف کا ہے، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے؛ چنانچہ عوام کو عمران خان کے جلسوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے آئی ایم ایف کے خلاف سڑکوں پر نکلنا چاہیے اور یہ کام ہم خود بھی کر سکتے تھے لیکن اس کے لیے عوام کی ضرورت ہے جو اس وقت عمران خان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں؛ چنانچہ عمران خان سے بھی درخواست ہے کہ ایک دن کے لیے عوام کو ہمارے لیے فارغ کر دیں تاکہ ہم بھی آئی ایم ایف کے خلاف پرزور احتجاج کر سکیں اور مہنگائی کے الزام سے پاک صاف ہو سکیں۔ آپ اگلے روز نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
عمران خان کو جاری شوکاز نوٹس
کا جواب وکلا دیں گے: پرویز خٹک
سابق وزیر دفاع اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک نے کہاہے کہ ''عمران خان کو جاری شوکاز نوٹس کا جواب وکلا دیں گے‘‘ کیونکہ ہمارے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے جس طرح حکومتی ارکان کے پاس کوئی جواب نہیں رہا جنہوں نے اسی قسم کے بلکہ اس سے بھی سخت بیانات دیے تھے اور یہ قابل وکلا ہی کا طرئہ امتیاز ہے کہ وہ کچھ کو کچھ کر دکھانے میں یدطولیٰ رکھتے ہیں اور ہمیشہ خطاکاروں کی مدد کو آتے ہیں اور یہ کام بجائے خود ایک کارِ ثواب ہے اسی لیے ہر شخص کسی نہ کسی وکیل کے پاس پہنچ جاتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
دھمکیوں کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو
یہ رواج بن جائے گا: شیری رحمن
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ ''عمران خان کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو یہ رواج بن جائے گا‘‘ اگرچہ ہم نے بھی اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی تھی لیکن اس وقت یہ رواج نہ پڑا تھا اور اب آہستہ آہستہ رواج کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور حالیہ دھمکیوں کو سنجیدہ لینا اس لیے بھی ضروری ہے کہ ہمارے رہنمائوں کے دھمکی آمیز بیانات محض مذاق تھے جنہیں سُن سُن کر لوگ ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جاتے تھے بلکہ اکثر کے پیٹ میں تو ہنس ہنس کر بل پڑ گئے تھے جنہیں سیدھا کرانے کی وہ سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
عمران کو کوئی ہاتھ لگاکر دیکھے‘ پاکستان
کیا دنیا میں جگہ نہیں ملے گی: پرویزالٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''عمران کو کوئی ہاتھ لگاکر دیکھے‘ پاکستان کیا دنیا میں جگہ نہیں ملے گی‘‘ کیونکہ کورونا کی نئی لہر زوروں پر ہے اور آپس میں سماجی فاصلہ رکھنا بے حد ضروری ہے بلکہ ہاتھ لگانا تو نہایت خطرناک بات ہے، اول توکسی کو ہاتھ لگانے سے پہلے اسے سینٹی ٹائز کرنا ایک نہایت ضروری امر ہے اس لیے عمران خان نے اب اپنے ساتھ سینی ٹائزر کی بوتل رکھنا شروع کر دی ہے تاکہ کسی کا ہاتھ لگنے سے پہلے اسے سینٹی ٹائز کر سکیں کیونکہ دیگر معاملات میں نہ سہی‘ انہوں نے اس سلسلے میں کافی احتیاط برتنا شروع کر دی ہے۔ آپ اگلے روز مختلف وفود اور صحافیوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
ایک شخص اقتدار کے نشے میں، اداروں‘ حکومت
کو اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''ایک شخص اقتدار کے نشے میں پاگل‘ اداروں اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے‘‘ اور یہ عجیب نشہ ہے جو اقتدار کے بغیر ہی کسی کو دیوانہ بنا رہا ہے اور اگر اس نے ایسا کیا بھی ہے تو اسے اس کے فوراً بعد کہیں اور چلے جانا چاہیے تھا جیسے اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان دے کر میں دبئی چلا گیا تھا اور معاملہ ٹھنڈا پڑنے کے بعد ہی واپس آیا تھا؛ اگرچہ اس سے پہلے دیے جانے والے ایسے بیانات پر کسی کو کارروائی کرنے کا خیال نہیں آیا تھا اور اب یہ دیر آید درست آید ہی کے زمرے میں آتا ہے۔ آپ اگلے روز سندھ کے وزراء سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی نظم:
شاہ حُسینا
میں تیرے پنجرے دی مینا
شاہ حُسینا
لعل قلندر
چنبہ چنبہ ماس دے اندر
لعل قلندر
جال فریدا
لمّے لمّے وال فریدا
جال فریدا
ہِک خدا اے
ہِک زمین تے بلھے شاہ اے
ہِک خدا اے
زُلف نمازی
سجدے، شاہ عبداللہ غازی
زُلف نمازی
آج کا مطلع
وہی مرے خس و خاشاک سے نکلتا ہے
جو رنگ سا تری پوشاک سے نکلتا ہے