نوازشریف مہذب اور باکردار لیڈر ہیں: مریم نواز
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نوازشریف مہذب اور باکردار لیڈر ہیں‘‘ اور جو کچھ انہوں نے اپنے ادوارِ حکومت میں کیا‘ وہ اب ہماری تہذیب کا حصہ بن چکا ہے، نیز انہوں نے نہایت خاموشی اور متانت آمیز طریقے سے اپنا کردار ادا کیا اور اپنی نیک کمائی کو غلط اور قابلِ اعتراض کاموں پر خرچ نہیں کیا اور اس طرح اپنی خوش کرداری کا ثبوت دیا، اور اب وہ مہذب طریقے سے لندن گئے اور ایک تہذیب یافتہ شہری کی حیثیت سے وہاں مستقل قیام کر رکھا ہے، اس لیے کوئی دشمن بھی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
عمران خان کے قریبی ساتھی ہماری
پارٹی میں آ رہے ہیں: منظور وسان
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ''عمران خان کے قریبی ساتھی ہماری پارٹی میں آ رہے ہیں‘‘ کیونکہ ان کا ضمیر ایک بڑی سی انگڑائی لے کر جاگ اُٹھا ہے اور یہ میرا ایک سچا خواب ہے کیونکہ اب ایک عرصے سے مجھے جھوٹے خواب آنا بند ہو چکے ہیں کہ آخر کوئی کب تک جھوٹے خواب دیکھ سکتا ہے اور اب اگر کوئی جھوٹا خواب آتا بھی ہے تو میں اسے دیکھنے سے انکار کر دیتا ہوں اور اسی وقت بیدار ہو جاتا ہوں حالانکہ خواب دیکھنے کی میری عادت کافی پختہ ہو چکی تھی اور اب لوگوں نے میرے خوابوں پر باقاعدہ باتیں بنانا شروع کر دی تھیں جو میرے لیے ناقابلِ قبول تھیں۔ آپ اگلے روز سندھ ہائیکورٹ سے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
حکومت کو عمران خان کے
علاوہ کچھ نظر نہیں آ رہا: فرخ حبیب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''امپورٹڈ حکومت کو عمران خان کے علاوہ کچھ نظر نہیں آ رہا‘‘ کیونکہ ملک کا ہر فرد عمران خان کی شکل اختیار کر چکا ہے اس لیے انہیں ہر طرف عمران خان کا نظر آنا ایک قدرتی بات ہے؛ چنانچہ انہیں اپنی بینائی پر اعتبار کر کے صبر و شکر سے کام لینا چاہیے جبکہ ان لوگوں میں ان کے اپنے بھی شامل ہیں جنہیں وہ شک و شبہ کی نظروں سے دیکھنے لگ گئے ہیں، حتیٰ کہ اب خواب میں بھی ان کو عمران خان ہی نظر آتا ہے اور وہ ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھتے ہیں، حتیٰ کہ کچھ حکومتی ارکان نے تو سونا ہی بند کر دیا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
حکومت پکڑن پکڑائی، پی ٹی آئی
چھپن چھپائی کھیلنا بند کرے: حسن مرتضیٰ
پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ''حکومت پکڑن پکڑائی‘ پی ٹی آئی چھپن چھپائی کھیلنا بند کرے‘‘ بلکہ اگر ایک فریق ہی یہ کام بند کر دے تو بھی کافی ہے کیونکہ اگر حکومت پکڑن پکڑائی بند کر دے تو پی ٹی آئی کو چھپن چھپائی کی ضرورت نہیں رہے گی اور اگر پی ٹی آئی چھپن چھپائی بند کر دے تو حکومت گرفتاریوں کے اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائے گی ا ور پکڑن پکڑائی اور چھپن چھپائی کا یہ کھیل بند ہو جائے گا اور اس طرح ان دونوں پارٹیوں کے ساتھ ساتھ قوم کا قیمتی وقت بھی بچ سکتا ہے اور وہ اس وقت کو دوسرے فضول کاموں میں صرف کیا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
میں نے آج تک اپنا کوئی ڈرامہ نہیں دیکھا: نادیہ افگن
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ ''میں نے آج تک اپنا کوئی ڈرامہ نہیں دیکھا‘‘ کیونکہ ناظرین کی تویہ مجبوری ہوتی ہے کہ انہوں نے پیسے خرچ کیے ہوتے ہیں جبکہ اداکاروں کی یہ مجبوری نہیں ہوتی کہ وہ خود کو خواہ مخواہ کی اس خود اذیتی میں مبتلا کرتے پھریں کیونکہ ان کے لیے وہ آزمائش ہی کافی ہوتی ہے جس سے وہ شوٹنگ کے دوران دوچار ہوتے ہیں جبکہ میں تو گھر والوں کو بھی اپنا کام دیکھنے کی زحمت نہیں دیتی کیونکہ وہ ویسے ہی مجھے دیکھ دیکھ کر کافی سیراب ہو چکے ہوتے ہیں اور یہ اُن کے لیے ضروری بھی ہے کہ انہیں اس سے ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جائے۔ آپ اگلے روز انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کے سوالوں کا جواب دے رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی غزل:
روتا ہوں دوسروں کو ہنسانے کے واسطے
یعنی میں جی رہا ہوں زمانے کے واسطے
اب اُس کے ساتھ میرا تعلق نہیں‘ مگر
رکھتا ہوں اُس کو یاد بھلانے کے واسطے
جز خون و خاک کچھ بھی میسر نہیں ہمیں
پیسے کے واسطے نہ ہی کھانے کے واسطے
آتا نہیں ہے یاد ہمیں کچھ دنوں سے تُو
آیا ہوں تجھ کو یاد دلانے کے واسطے
حامی ہے انقلاب کا ہر آدمی‘ مگر
طاقت کہاں ہے شور مچانے کے واسطے
آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بس گھورتے رہو
جب کچھ نہیں ہے پاس بتانے کے واسطے
آج کا مقطع
یہ معجزے سے کوئی کم نہیں ظفرؔ اپنا
جو کام اس بت چالاک سے نکلتا ہے