اسحاق ڈار کے تجربے سے فائدہ
اٹھانا چاہیے: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''اسحاق ڈار کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے‘‘ اگرچہ منی لانڈرنگ اور کرپشن پہلے بھی بہت ہو چکی ہے اور کچھ لوگ اس فن میں اس قدر طاق ہو چکے ہیں کہ کسی اور کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہوتی جبکہ میدانِ سیاست میں مناسب ترین بات یہ ہے کہ خاکسار کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے کیونکہ ابھی تک اس کا فائدہ صرف میں خود ہی اٹھا رہا ہوں؛ تاہم دوسروں کو بھی اس نعمتِ غیر مترقبہ سے سود مند ہونے کی سعادت حاصل کرنی چاہیے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
ظہور الٰہی کی اگلی برسی پر سب
اکٹھے ہوں گے: پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''ظہور الٰہی کی اگلی برسی پر سب اکٹھے ہوں گے‘‘، اگرچہ اس برسی پر بھی سب اکٹھے ہی تھے مگر ہم نے کہیں اور دعا کرائی اور بڑے چودھری صاحب نے کسی اور جگہ، جس کا مقصد ان میں ذرا ورائٹی پیدا کرنا تھا ، نیز یہ دیکھنا بھی مقصود تھا کہ کس کی دعا جلد قبول ہوتی ہے؛ اگرچہ ہم دونوں ہی کافی پہنچے ہوئے لوگوں میں شامل ہیں لیکن بھائی صاحب اس ضمن میں حد سے زیادہ فاصلہ طے کر چکے ہیں حالانکہ خاکسار بھی کسی سے ہرگز کم نہیں ہے بلکہ بعض معاملا ت میں باقی سب کو کوسوں پیچھے چھوڑ چکا ہے اور اس پرکبھی فخر بھی نہیں کیا۔ آپ اگلے روز چودھری ظہور الٰہی کی برسی پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
سیلاب متاثرین کے لیے سب کو کردار
ادا کرنا چاہیے: قمر زمان کائرہ
وزیراعظم کے مشیربرائے امور ِکشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''سیلاب زدگان کے لیے سب کو کردار ادا کرنا چاہیے‘‘ جو ابھی تک ہم سب سے زیادہ ادا کر رہے ہیں لیکن ذرا اپنے طریقے سے کر رہے ہیں جو سب کو معلوم بھی ہے، نیز امدادی سامان جلد از جلد لوگوں تک پہنچانے کی سعی بھی کر رہے ہیں اور کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں رکھی جا رہی اور جن لوگوں تک بھی امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے‘ ہمارے نزدیک وہ سیلاب متاثرین ہی ہیں، یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ حضرات اس سامان کو راستے ہی میں لوٹ لیتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ بھی چونکہ ضرورت مند ہیں‘ اس لیے صرفِ نظر بہتر ہے کہ وہ بھی حقدار ہیں اور عرض کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ سامان کہیں ضائع نہیں ہورہا اور تمام مستحقین تک پہنچ رہا ہے۔ آپ اگلے روز متاثرین کی مدد کے لیے منعقد ایک کرکٹ میچ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈار کے ساتھ نوازشریف بھی آئیں: غلام احمد بلور
اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ''اسحاق ڈار کے ہمراہ نوازشریف بھی آئیں‘‘ تاکہ ملک کے ساتھ جو کچھ مزید ہونا ہے وہ قسطوں میں ہونے کے بجائے ایک ساتھ ہی ہو جائے اگرچہ اس کے لیے پی ڈی ایم اکیلی ہی کافی ہے؛ تاہم نواز شریف کے آنے سے سونے پر سہاگا ہو جائے گا بلکہ اب تو نواز شریف کے خلاف مقدمات بھی ختم کیے جا رہے ہیں جس کے بعد وہ مکمل طور پر آزاد ہو جائیں گے اور امید ہے کہ اب ان کے ڈاکٹر بھی انہیں سفر کی اجازت دے دیں گے۔ آپ اگلے روزپشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔
دلیپ کمار سے ملاقات کے وقت میرے
ہاتھ کانپ رہے تھے: جاوید شیخ
سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ ''دلیپ کمار سے ملاقات کے وقت میرے ہاتھ کانپ رہے تھے‘‘ حالانکہ اصولی طور پر میری ٹانگوں کو کانپنا چاہیے تھا جس سے محاورے پر بھی عملدرآمد ہو جاتا جس کی جدید صورت ''کانپیں ٹانگنا‘‘ ہے اس لیے اس کی صورت اب تبدیل ہو گئی ہے جو ہاتھ کانپنا کی شکل اختیار کر گیا ہے اور جس پر دلیپ کمار نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا اور مجھ سے پوچھا بھی تھا کہ کیا آپ کی ٹانگیں واقعی اتنی کمزورہیں کہ وہ کانپ بھی نہیں سکتیں حتیٰ کہ جب میں ان سے ہاتھ ملا رہا تھا تو وہ اس زور سے کانپ رہے تھے کہ خود دلیپ کمار کے ہاتھوں نے بھی کانپنا شروع کر دیا تھا۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخرمیں ڈاکٹر عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
اوہدی حمد
نام لواں تے بدل کھڑدے
مکھ ویکھاں تے مینہ
اوہدے نال جہان دا چنبہ
اوہدے نال شرینہ
اوہدے نال بہشتاں، جنت
جنگل، بیلے، شینہ
٭......٭......٭
گلما اوس دا
ہور طراں دا کلمہ اوس دا
گلما اوس دا
مکہ اوس دا
ویلا گیڑے چکّا اوس دا
مکہ اوس دا
پیرس اوس دے
روہی روہی ٹیرس اوس دے
پیرس اوس دے
سکھ تر ہائے
امبڑی ساڈے مکھ ترہائے
سکھ ترہائے
تارے پھڑیے
گملے گملے جامن جڑیے
تارے پھڑیے
آج کا مطلع
کھڑی ہے شام کہ خوابِ سفر رکا ہوا ہے
یقین کیوں نہیں آتا اگر رکا ہوا ہے