"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور سید عامر سہیل

عمران کے پاس پانچ ارکان کو خریدنے
کے لیے پیسہ کہاں سے آیا: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عمران کے پاس پانچ ارکان کو خریدنے کے لیے پیسہ کہاں سے آیا‘‘ اس لیے ایسے مبالغہ آمیز دعووں سے پرہیز کرنا چاہیے، کیونکہ جن کے پاس پیسہ ہوتا ہے ان کے پاس لاتعداد جائیدادیں، اثاثے اور بینک اکائونٹس بھی ہوتے ہیں جبکہ کئی افراد کے پاس جتنا پیسہ ہے ‘ اس سے وہ سارے کے سارے ارکان کو خرید سکتے ہیں لیکن اپنی عاجزانہ طبیعت کے باعث انہوں نے کبھی اس کا دعویٰ نہیں کیا، چنانچہ دعویٰ وہ کرنا چاہیے جسے لوگ تسلیم بھی کر لیں اور اس طرح کے جھوٹے دعوے کر کے انہوں نے اپنا ہی مذاق بنایا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
10 اکتوبر کو لانگ مارچ کا
بگل بج جائے گا: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''10 اکتوبر کو لانگ مارچ کا بگل بج جائے گا‘‘ اور یہ تاریخ بھی گزر گئی ہے مگر یہ بگل ابھی تک نہیں بجا اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ ہمارے کہنے سے نہیں‘ اپنی مرضی سے بجے گا اور اگر اس وقت تک عمران خان حکومت کے مہمان بن گئے ہوئے تو یہ بگل بجانے والا کام میں کروں گا جس کے لیے میں نے ٹریننگ بھی حاصل کر لی ہے کیونکہ اس کا کوئی مستقل بندوبست بھی ہونا چاہیے اور ہر قسم کے وقت کے لیے تیار رہنا چاہیے اور یہ بھی میری دوراندیشی کا تقاضا تھا کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں کسی نے تو یہ کام کرنا ہی تھا جبکہ مہنگائی کے اس زمانے میں سینے پر پتھر رکھ کر میں نے بگل خرید بھی لیا ہے تاکہ کسی قسم کی محتاجی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے اور جس سے عمران خان خود بھی پوری طرح مطمئن ہیں۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
نواز شریف نے میڈیا کے سامنے
دل کھول کر رکھ دیا: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ''نواز شریف نے میڈیا کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھ دیا‘‘ لیکن انہوں نے ابھی تک فلیٹس کے بارے میں لب کشائی نہیں کی اور اس کی ضرورت ہی نہیں تھی کہ دنیا بھر کو اس کا اچھی طرح سے علم ہے اس لیے وہ فضول باتوں میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے جن کا کوئی فائدہ نہ ہو اور انہوں نے ہمیشہ اپنے فائدے کو مدنظر رکھا اس لیے کہ ان کا فائدہ سارے پاکستان کا فائدہ ہے اور اس طرح وہ پاکستان کو اتنا فائدہ پہنچا چکے ہیں کہ اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آپ اگلے روز لندن میں صحافیوں کو نواز شریف کے انٹرویو کے بارے میں بریف کر رہی تھیں۔
عمران خان کو سیاست میں منافقت کا
طریقہ چھوڑنا ہو گا: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو سیاست میں منافقت کا طریقہ چھوڑنا ہو گا‘‘ کیونکہ سیاست تو خلق خدا کی خدمت کا نام ہے جس کے لیے سرمایہ بھی چاہیے ہوتا ہے اور کبھی یہ اکٹھا کرنے کام براہ راست کیا جاتا ہے اور اس میں کسی قسم کی منافقت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اگر عمران خان ایسی خدمت نہیں کر سکتے تو پھوکی سیاست کا کیا فائدہ جبکہ عوام کے مسائل اور ان کے مستقبل کا خیال ایک سیاستدان کو پہلے ہونا چاہیے کہ یہی سیاست کے اعلیٰ مقاصدکاتقاضا بھی ہے جس سے عمران خان ابھی تک نابلد چلے آ رہے ہیں حالانکہ ساری روشن مثالیں ان کے سامنے تھیں۔ آپ اگلے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب اور جرمن میڈیا کو انٹرویو دے رہے تھے۔
جوانی میں تضحیک اور تشدد برداشت کیا: عتیقہ اوڈھو
سینئر ٹی وی اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ ''میں نے جوانی میں تضحیک اور تشدد برداشت کیا‘‘ کیونکہ جوانی میں ہی یہ سب کچھ برداشت کیا جا سکتا ہے اور یہ سب کچھ ہوتا بھی جوانی ہی میں ہے ورنہ بڑھاپے میں کسی نے تشدد کر کے کیا لینا ہے؛ چنانچہ میں اب ذرا بھی تشدد برداشت نہیں کر سکتی کیونکہ میں اپنا حصہ جوانی میں ہی برداشت کر چکی ہوں جبکہ بڑھاپے میں تو تشدد کرنے کے بجائے بزرگوں سے دعائیں لینی چاہئیں اور جو مجھ سے دعا نہیں بھی مانگتا میں اسے بھی دعا دے دیتی ہوں کہ یہ صدقۂ جاریہ ہے اور نجات کا ذریعہ بھی۔ آپ اگلے روز انسٹاگرام پر اپنی سٹوری شیئر کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی شاعری:
اڈ چڑیے نی
اڈ ساہنواں وانگوں کھڑیے نی
اڈ چڑیے نی
انہونی اے
او سب لجے توں سوہنی اے
انہونی اے
اکھ سوندی نئیں
اوہ موہرے بہ کے روندی نئیں
اکھ سوندی نئیں
کوہ قاف کڑے
پڑھ ست لجے دی ناف کڑے
کوہ قاف کرے
دکھ بُنیا سی
کل رات میں سورج اُنیا سی
دکھ بُنیا سی
آج کا مقطع
دل میں کوئی چیز چمکتی بجھتی رہتی ہے جو ظفرؔ
فکر مند بھی رہتا ہوں میں اسی دھات کے بارے میں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں