"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور افضال نوید

حکومت دو ماہ میں عوام کو ریلیف دے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''حکومت عوام کو دو ماہ میں ریلیف دے‘‘ لیکن دو ماہ سے پہلے ریلیف دینے کی غلطی نہ کرے بلکہ اس وقت تک انتظار کرے تاکہ انہیں آنکھیں بند کر کے عمران خان کے پیچھے چلنے کا کچھ تو مزہ آئے، اور اگر حکومت چاہے تو اس ریلیف کو دو ماہ سے آگے بھی لے جا سکتی ہے تاکہ مزید اچھے نتائج برآمد ہو سکیں کیونکہ انہیں اگر جلدی ریلیف مل گیا تو یہ مزید بدظن ہو جائیں گے بلکہ بہتر تو یہ ہے کہ میری واپسی تک یہ ریلیف مؤخر کر دیا جائے تاکہ وہ اسے میری واپسی کا تحفہ سمجھیں اور سب اس ریلیف کے لیے میری طرف رخ کر لیں۔ آپ اگلے روز لندن میں ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ
کھڑے ہیں: چودھری شجاعت
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ''مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘ اور جونہی یہ مشکل وقت ختم ہوگا ہم اپنی سہولت کے مطابق کسی اور کے ساتھ بھی کھڑے ہو سکتے ہیں اور یہ مشکل وقت دراصل ہم پر بھی آن پڑا ہے کہ خاندان میں دھڑے بن گئے ہیں اور لوگوں کے مذاق کا نشانہ بھی بنے ہوئے ہیں، پھر ایمانداری کی بات یہ بھی ہے کہ عمر کے اس حصے اور صحت کی موجودہ صورتحال میں اگر کھڑا ہونا بھی چاہوں تو آخر کتنی دیر تک کھڑا رہ سکتا ہوں اس لیے تقاضا ہے کہ میرے آرام و آسائش کا خیال رکھا جائے اور زیادہ دیر تک کھڑے رہنے پر اصرار نہ کیا جائے۔ آپ اگلے روز وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کر رہے تھے۔
آنے والے دنوں میں روپیہ
مزید مضبوط ہو گا: اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ''آنے والے دنوں میں روپیہ مزید مضبوط ہو گا‘‘ اور عوام مزید کمزور ہوں گے کیونکہ جوں جوں روپیہ مضبوط ہوتا جاتا ہے توں توں مہنگائی میں اضافہ ہوتا جاتا ہے اور عوام کی رہی سہی قوتِ خرید بھی ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ قوت خواہ کوئی بھی ہو‘ بالآخر ختم ہونے کے لیے ہی ہوتی ہے، اور اگر یہ زیادہ دیر تک چلتی رہے تو مزید خرابی کا باعث بن سکتی ہے لیکن یہ حکومت عوام کو ایسی تمام خرابیوں سے نکالنے کا تہیہ کر چکی ہے اور میری آمد کا اصل مقصد بھی یہی تھا۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے۔
جعلی مقدمے بنا کر مارچ سے
نہیں روکا جا سکتا: فرخ حبیب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''جعلی مقدمات بنا کر مارچ سے نہیں روکا جا سکتا‘‘ کیونکہ اگر اصلی مقدمات کے لیے کافی مواد موجود ہو تو جعلی مقدمات بنانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ جعلسازی ویسے بھی کوئی اچھی چیز نہیں ہے، اور حکومت کے پاس ایسے طریقے وافر مقدار میں موجود بھی ہیں جنہیں آزمایا جا سکتا ہے بصورت دیگر کسی سے مشورہ لیا جا سکتا ،اور اس کام کے لیے خاکسار ہر وقت دستیاب ہے اور ملکی مفاد میں یہ خدمت بلامعاوضہ ادا کرنے کے لیے تیار بھی ہے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
عمران خان کنٹینر پر بیٹھ کر لوگوں
کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں: شیری رحمن
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ ''عمران خان کنٹینر پر بیٹھ کر لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں‘‘ حالانکہ یہ کنٹینر کا کوئی درست استعمال نہیں ہے کیونکہ اگر کنٹینر پر بیٹھے بغیر ہی یہ کام مختلف طریقوں سے کیا جا سکتا ہو تو کنٹینر کو درمیان میں لانے کی کیا ضرورت ہے نیز کنٹینر اگر اس کام کے لیے استعمال ہونے لگے تو وہ کام کون کرے گا جو کنٹینر کر سکتا ہے۔ اول تو عمران خان لوگوں کی پہلے ہی اس قدر ذہن سازی کر چکے ہیں کہ اب مزید کی گنجائش ہی نہیں ہے اور یہ خواہ مخواہ غلط روایات ڈالنے کے مترادف ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
مکاں جو چپ ہے یہاں کوئی رہ گیا ہو گا
کسی جگہ پر دھواں کوئی رہ گیا ہو گا
گزشتہ گونج کسی گفتگو کی ہو گی کہیں
رہینِ بام نشاں کوئی رہ گیا ہو گا
زیادہ کا نہیں معلوم ہو گا ہم کو کبھی
عیاں بھی ہو کے نہاں کوئی رہ گیا ہو گا
یہ کائنات کی سربستگی یہ عقدہ کشا
نہ علم ہو کہ کہاں کوئی رہ گیا ہو گا
مرا نہ ہونا زیادہ ہے میرے ہونے سے
اسی میں کارِ زیاں کوئی رہ گیا ہو گا
میں ساحلوں پہ بھی اب دیر تک نہیں رہتا
یہ سوچ کر کہ کہاں کوئی رہ گیا ہو گا
کسی بہائو میں کھو کر نکلنے کا موقع
اسی ندی میں ہی رواں کوئی رہ گیا ہو گا
جو شہر ہٹتا نہیں ہے بیان بازی سے
کسی طرف سے بیاں کوئی رہ گیا ہو گا
نویدؔ ہم تو نکل آئے شہرِ امکاں سے
نہیں خیال وہاں کوئی رہ گیا ہو گا
آج کا مقطع
ہم پہ دنیا ہوئی سوار ظفرؔ
اور ہم ہیں سوار دنیا پر

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں