نئی نسل سچ کا ساتھ دے، ایک آدمی
کی ہٹ دھرمی کو رد کر دے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''نئی نسل سچ کا ساتھ دے، ایک آدمی کی ہٹ دھرمی کو رد کر دے‘‘ اور سچ بھی وہ جو ہمارا سچ ہے اور جو ہم نے بڑی مشکل اور کوششوں سے پروان چڑھایا ہے اور جو برسوں کی کوششوں کا مرہونِ منت ہے، اس لیے نئی نسل کو چاہیے کہ گمراہی ترک کر دے اور ہمارے راستہ پر آ جائے جو سیدھا بھی ہے اور خوشحالی سے بھرپور بھی کیونکہ نئی نسل کو سب سے پہلے خوشحال ہونے کی ضرورت ہے اور خوشحال ہونے کا خواب ہمارے ساتھ شامل ہوئے بغیر شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آپ اگلے روز لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
آئندہ دس روز سیاست کیلئے اہم ہیں: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''آئندہ دس روز سیاست کے لیے اہم ہیں‘‘ اگرچہ سیاست کے لیے تو ایک روز بھی نہایت اہم ہے لیکن میں نے دس دنوں کا مارجن اپنی دریا دلی کا ثبوت دینے کے لیے رکھا ہے، اور اب تک اس سلسلے میں جتنی پیش گوئیاں کر چکا ہوں، اگر انہیں اکٹھا شمار کیا جائے تو شمار و قطار سے باہر ہو سکتی ہیں؛ تاہم میرا کام پیش گوئی کر کے لوگوں کو خبردار کرنا ہے کہ لوگ اپنی حفاظت کے لیے کچھ سکتے ہوں تو کر لیں جبکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا بھی سکتی ہے، ہاتھ کنگن کو آرسی کیا ہے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی سے ٹویٹر کے ذریعے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
موسمیاتی تبدیلی ہمارے دور کا سب
سے بڑا مسئلہ ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ نواز کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''موسمیاتی تبدیلی ہمارے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے‘‘ جس میں سیاسی موسم کی تبدیلی سب سے زیادہ اہم اور پریشان کن ہے کیونکہ تھوڑے ہی دن آرام سے بیٹھنا نصیب ہوتا ہے کہ سیاسی موسم تبدیل ہونا شروع ہو جاتا ہے جبکہ ہم ابھی سے موسمیاتی تبدیلی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں حالانکہ ابھی ہم نے بوریا بستر کھولا ہی تھا کہ اسے دوبارہ لپیٹے جانے کی خبریں بھی آنے لگی ہیں اور ایک وزیراعظم کو گھر بھیج کر جو تبدیلی آئی ہے‘ اسی کو کافی نہیں سمجھا جا رہا۔ آپ اگلے روز او آئی سی وزرائے اطلاعات کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
کراچی کو پھر سے روشنیوں کا
شہر بنائیں گے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ''کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے‘‘ جس کے لیے ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطے میں ہیں کیونکہ کراچی کی ساری روشنیاں انہوں نے اکٹھی کر رکھی ہیں اور ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اب تک ان روشنیوں سے کافی حد تک استفادہ کر چکے ہیں اس لیے اب ان میں سے کچھ روشنیاں کراچی شہر کو واپس کر دیں تاکہ کراچی کے حوالے سے کوئی چیز ہمارے کریڈٹ پر بھی آ سکے؛ اگرچہ ہم نے ادھر ادھر سے بھی کچھ روشنیاں اکٹھی کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکے کیونکہ کوئی روشنی باقی رہ ہی نہیں گئی تھی کہ اس سلسلے میں ہم بھی کوئی حصہ ڈال سکتے۔ آپ اگلے روز ضلع شرقی میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
استحکام کے لیے تمام اداروں کو
اپنا کردار ادا کرنا چاہیے: شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''استحکام کے لیے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘‘ کیونکہ قبل ازیں اس کی عادت ہی نہیں تھی کہ دیگر کاموں میں مشغول رہے لیکن اب چونکہ دیگر کاموں کی کچھ زیادہ گنجائش نہیں ہے‘ ہم ان کی سہانی یادوں میں ضرور مشغول رہتے ہیں، اس لیے اداروں کو آگے بڑھ کر یہ کام کرنا چاہیے جیسا کہ اب تک ہوتا آیا ہے اور اب تک حکومت کی جو معاونت کی جاتی رہی ہے وہ قابلِ قدر ہے۔ آپ اگلے روز دیگر رہنمائوں کے ہمراہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری :
کیہ املی
بدل چلیے، آ راہ ملیے، تتی سرخ سویر
ڈھیر کوئی اندھیر
بدل چلیے، آ سکھ ملیے کھڑ دی فجر کنیر
ساہنواں وچ اجمیر
بدل چلیے، آ راہ ملیے
راہ ملیے اج فیر
میں مٹی دا ڈھیر
بدل چلیے دھپاں جھلیے
کیہ املی کیہ بیر
ڈھیر کوئی اندھیر
٭......٭......٭
سرگی دی تسبیح
سرگی نال سیالا لتھیا
لتھی نیند دی کھل
ہتھ وچ شام لکوہ کے ٹریے
تریے اپنے ول
نہ کوئی باتاں پائوندی لالی
ناں موراں دی چھل
گلما پھاڑ وچھوڑا لنگھے
سادھو کوئی حل!
چھڈ دنیا دیاں فکر کڑیے
کریے اپنی گل!
آج کا مطلع
ہم نے آواز نہ دی برگ و نوا ہوتے ہوئے
اور ملنے نہ گئے اس کا پتا ہوتے ہوئے