"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن، ’’پنجاب یونیورسٹی میں اردو‘‘ اوراشرف یوسفی

نواز شریف پر الزامات ثابت نہیں
ہوئے‘ جلد واپس آئیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نواز شریف پر الزامات ثابت نہیں ہوئے‘ جلد واپس آئیں گے‘‘ جبکہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد تو یہ سب کچھ ثابت کرنا ویسے بھی احتسابی اداروں کا کام ہے اور قائد محترم تو ویسے بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر میرے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں تو اس سے کسی کو کیا، یہ سب نرالی باتیں نہیں لیکن الزامات ثابت کرنے کیلئے اور بھی بہت کچھ چاہئے، اگرچہ کہنے کو اور بھی بہت کچھ موجود ہے لیکن الزامات پھر بھی ثابت نہیں ہوتے۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
جی ایچ کیو کے ساتھ کھڑا ہوں: پیر پگاڑا
حروں کے روحانی پیشوا پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ ''اس صورتِ حال میں جی ایچ کیو کے ساتھ کھڑا ہوں‘‘ اور جونہی یہ صورت حال ختم ہوتی ہے‘ میں یہ اپنی جگہ پر واپس آ جائوں گا کیونکہ مجھے کئی اور جگہوں پر بھی کھڑا ہونا ہوتا ہے؛ چنانچہ چاہئے یہ کہ اس صورت حال سے جلد نکلا جائے اور مجھے فوری طور پر مطلع کر دیا جائے۔ اگرچہ کوئی بھی صورت حال نازک نہیں ہوتی؛ تاہم کبھی کبھار کسی نہ کسی بہانے مخصوص جگہ پر یا مخصوص لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونے کی سعادت بھی حاصل ہونی چاہئے اور ظاہر ہے کہ میں نے صرف روحانی طور پر ہی کھڑا ہونا ہوتا ہے کیونکہ اس پیرانہ سالی میں جسمانی طورپر کھڑا ہونا اتنا آسان کام نہیں ہوتا۔ آپ اگلے روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کر رہے تھے۔
انتشار پھیلانے کے لیے لانگ مارچ
کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''انتشار پھیلانے کے لیے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے‘‘ حالانکہ اس کے کئی اور تیر بہدف طریقے بھی موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے جو کم خرچ بھی ہیں اور بالا نشین بھی جبکہ لانگ مارچ پر اتنا پیسہ خرچ کرنے کی بھی چنداں ضرورت نہیں تھی جبکہ ہم شبانہ روز محنت سے کمائے ہوئے پیسے کو اس بیدردی سے خرچ کرنے کے سخت خلاف ہیں جو کفرانِ نعمت کی ذیل میں بھی آتا ہے جبکہ اسے ووٹوں کے حصول کے عظیم مقصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا تھا اور کیا جانا بھی چاہیے۔ آپ اگلے روز وزیراعظم کے دورۂ چین پر روانگی کے موقع پر ایک وڈیو شیئر کر رہے تھے۔
شوہر پاؤں دباتا، ناشتہ اور رات
کا کھانا بھی بناتا ہے: مہربانو
اداکارہ مہر بانو نے کہا ہے کہ ''شوہر پاؤں دباتا، ناشتہ اور رات کا کھانا بھی بناتا ہے‘‘ اور دوپہر کا کھانا ہم ہوم ڈلیور کروا لیتے ہیں ورنہ وہ اس کے لیے بھی تیار ہے لیکن آخر وہ شوہر ہے اور اس کے آرام کا بھی خیال رکھنا چاہیے بلکہ وہ تو کپڑوں، برتنوں اور گھر کی صفائی بھی خود ہی اور بڑے شوق سے کرتا ہے اور میں اس کے شوق میں دخل دینے کی کوشش نہیں کرتی اور جس سے میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ شادی سے پہلے شوہر سے یہ ساری شرطیں منوا لینی چاہئیں کہ اس سے ملازم کا خرچہ بچ جاتا ہے جبکہ مہنگائی کے اس زمانے میں ملازم رکھنا ویسے بھی ممکن نہیں ہے نیز شوہر کی صحت کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ وہ ہاتھ پاؤں چلاتا رہے۔ آپ اگلے روز کراچی سے شوہر کے بارے میں ایک ٹویٹ شیئر کر رہی تھیں۔
پنجاب یونیورسٹی میں اُردو
یہ ہمارے دوست ڈاکٹر زاہد منیر عامر کی تصنیف ہے جسے یونیورسٹی ہٰذا ہی نے زیورِ طبع سے آراستہ کیا ہے پسِ سرورق مصنف کی تصویر اور مختصر تعارف درج ہے جبکہ اندرونِ سرورق مصنف کی دیگر تصانیف کی فہرست ہے جن کی تعداد 42 ہے۔ انتساب مخدوم و محترم مولانا تاج محمودؒ کے نام ہے، اس شعر کے ساتھ ؎
اے صبا بر برگ ہائے غنچہ پا آہستہ نہہ
پاسبانِ رند گلہا صاربا خوابیدہ است
جبکہ اظہارِ تشکر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے لیے ہے۔ کتاب کو مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے جس سے اس ادارے کی زبانِ اردو کے حوالے سے خدامات کا احاطہ کیا گیا ہے اور جس سے اردو دان طبقے کی بہت سی ضروریات کو پورا کیا گیا ہے جو کہ بنیادی طورپر ایک اہم دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے اور جس پر مصنف بجا طور پر ہدیۂ تبریک کے مستحق ہیں۔ ضخامت 500صفحات، گیٹ اَپ عمدہ۔ آخر پر کتاب کے بارے مختلف مشاہیر کی توصیفی آرا درج کی گئی ہیں۔
آہ اشرف یوسفی!
ایک اطلاع کے مطابق اُردو کے باکمال شاعر اشرف یوسفی ایک طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد فیصل آباد میں انتقال کر گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ ان کے چند شعر دیکھیے:
کیا مرا خواب مرے ساتھ نہیں جائے گا
کیا یہ تصویر اسی آئنہ خانے تک ہے
٭......٭......٭
راستا بھول کے آ نکلے ہیں
ہم ترے لوگ نہیں تھے دُنیا
٭......٭......٭
ایک دو گھونٹ بس اس زیست کی شیرینی ہے
پھر یہ ساغر کسی زہراب سے بھر جائے گا
٭......٭......٭
یہ شہر چھوڑنا ہے مگر اس سے پیشتر
اُس بے وفا کو ایک نظر دیکھنا بھی ہے
٭......٭......٭
ایک ایک کر کے پرندوں نے تو ہجرت کر لی
پیڑ ہوں‘ پیڑ تو ہجرت بھی نہیں کر سکتا
آج کا مطلع
نہ گھاٹ ہے کوئی اپنا نہ گھر ہمارا ہوا
قیام اب کے سرِ رہگزر ہمارا ہوا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں