"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور سدرہ صدف عمران

حالات اتنے مشکل ہیں‘ اگر بتاؤں
تو رونگٹے کھڑے ہو جائیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''حالات اتنے مشکل ہیں‘ اگر بتاؤں تو رونگٹے کھڑے ہو جائیں‘‘ اور ظاہر ہے کہ اس سے مراد مالی مشکلات ہیں کیونکہ جب سے اقتدار میں آئے ہیں ایک پیسے بلکہ دھیلے اور پائی کی شکل دیکھنا بھی نصیب نہیں ہوئی اور رونگٹے اس قدر نحیف و نزار ہو چکے ہیں کہ ان میں کھڑے ہونے کی بھی سکت باقی نہیں رہی بلکہ بیٹھنے سے بھی قاصر ہیں اور ہر وقت لیٹے رہنے ہی میں اپنی عافیت محسوس کرتے ہیں؛ البتہ عوام کے رونگٹے ضرور کھڑے ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ کافی صحتمند واقع ہوئے ہیں اور صبح و شام مخالفین کے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں اور انہیں کوئی کمزوری وغیرہ بھی محسوس نہیں ہوتی۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں امریکی سفیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں
کا احتساب کریں: سراج الحق
امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کا احتساب کریں‘‘ کیونکہ عمران خان تو ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے اور وہ اسی طرح پھر رہے ہیں بلکہ احتسابی قوانین میں ترمیم سے مقدمات بھی ختم ہوتے جا رہے ہیں، حتیٰ کہ اب عمران خان کو ووٹ دینے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا‘ اس لیے ضروری ہے کہ ایک بار ہمیں آزما کر دیکھا جائے کیونکہ آزمائے ہوئے کو آزمانا عقلمندی نہیں ہے جبکہ ہمیں ایک بار ہی آزمانا کافی ہوگا جبکہ ہم خود بھی اپنے آپ کو آزمانا چاہتے ہیں اور زیادہ امکان یہی ہے کہ ہم بھی ان کا بال بیکا نہ کر سکیں گے‘ اس لیے ان کی رسّی دراز ہی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ آپ اگلے روز منصورہ میں جماعت کے مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں: سعید غنی
وزیر محنت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ ''عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں‘‘ جبکہ سیاست میں کم از کم دو ایک ہی جیسے سیاستدان تو ہونے ہی چاہئیں کیونکہ ایک کی سیاست پر گزارہ نہیں ہو سکتا جس طرح پیپلز پارٹی میں صرف ایک میں ہی سعید غنی ہوں جس سے پارٹی کا گزارہ نہیں ہو رہا اور پارٹی سمجھتی ہے کہ کم از کم ایک سعید غنی پارٹی میں اور ہونا چاہیے اور اب ایک اور سعید غنی تیار کرنے کی پرزور کوششیں جاری ہیں اور دُعا ہے کہ یہ جلد کامیاب ہو جائیں کیونکہ ایک سے پارٹی کا کام نہیں چل رہا کہ کس طرح وہ اپنے آپ کو دیگر جماعتوں کے ہم پلہ سمجھ سکے۔ آپ اگلے روز کراچی کے علاقے جمشید پورمیں سپرے مہم کا افتتاح کر رہے تھے۔
صرف سیاستدانوں کو بدنام کرنے کیلئے
احتساب کا نام نہاد سلسلہ چل رہا: شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''صرف سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے لیے احتساب کا نام نہاد سلسلہ چل رہا ہے‘‘ جبکہ ان سے بڑھ کر پاک دامن کوئی ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ بقول شاعر ع
دامن نچوڑ دیں تو فرشتے وضو کریں
اور جہاں تک کرپشن کا سوال ہے تو عوام بھی کرپشن کو بُرا نہیں سمجھتے ورنہ وہ ہر بار ایسے ہی افراد کو ووٹ کیوں دیتے؟ اس لیے احتساب کے اس سلسلے کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے، اور حکومت خود بھی ایسے اقدامات کرنے پر غور کر رہی ہے کہ یہ سلسلہ جلد بند ہو جائے۔ آپ اگلے روز جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
خواتین عمر کے بغیر تعریف
سننا چاہتی ہیں: جنیفر لوپز
معروف امریکی گلوکار ہ اور اداکارہ جنیفر لوپز نے کہا ہے کہ ''خواتین عمر کے بغیر تعریف سُننا چاہتی ہیں‘‘ کیونکہ جب سے میک اَپ میں جدت آئی ہے، خواتین سے عمر کا سوال کرنا بے معنی ہو کر رہ گیا ہے جبکہ تجربے کا بھی اپنا حسن ہوتا ہے جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور بزرگ خواتین سے دُعا بھی کرائی جا سکتی ہے جو قبول بھی جلد ہو جاتی ہے؛ چنانچہ اب تو خواتین سے عمر کا سوال کرنا ہی بے معنی ہو کر رہ گیا ہے کیونکہ ٹھیک ٹھاک میک اپ ہوا ہو تو بوڑھی خواتین بھی جوان نظر آتی ہیں، حتیٰ کہ انہیں پرپوز بھی کیا جا سکتا ہے ویسے بھی‘ جوانی اور خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتی ہیں جس سے اسے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ آپ اگلے روز نیو یارک میں ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور ‘ اب آخر میں سدرہ صدف عمران کی نظم:
خواب کا دوسرا پہر
ایک رنگ جو تمہاری آنکھوں سے
خوف کھاتے ہوئے مر گیا
میرے چہرے پر ہنستی ہوئی عورت
پینٹ کر گیا
ایک پھول
جو تمہارے سینے کی
شاخ پر اٹکا ہوا تھا
تمہارے لمس کی
خوشبو نہ ملنے سے مرجھا گیا
ایک ستارہ
جو قافلے سے بچھڑ گیا
میری ہتھیلی پر
تمہارا ساتھ اُگا سکتا تھا
لیکن
ہجر کو موت نہیں آتی
آج کا مقطع
فسادِ خلق بھی ہنگامۂ دیدنی تھا ظفرؔ
پھر ایک بار وہی شوشہ چھوڑ‘ ڈرنا کیا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں