"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اورقمررضا شہزاد

نواز شریف کی زندگی پاکستان سے محبت اور
خیر خواہی سے عبارت ہے: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ ''نواز شریف کی زندگی پاکستان سے والہانہ محبت اور خیر خواہی سے عبارت ہے‘‘ جبکہ انہیں ملک کی ہر چیز سے والہانہ محبت ہے اور اکثر چیزوں سے انہوں نے نہایت عقیدت مندانہ استفادہ بھی کیا اور انہیں ہمیشہ گردش میں رکھا‘ نیز اندرون و بیرونِ ملک اثاثوں کی صورت منتقل کیا تاکہ یہ محفوظ ہو جائیں اور اب وہ ملک کی خیر خواہی میں ہی لندن میں مقیم ہیں اور بوجوہ واپس نہیں آ رہے کیونکہ وہ ملک سے دور رہ کر زیادہ خیر خواہی کا ثبوت دینا چاہتے ہیں جبکہ میں بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہا ہوں اور اس سے سعادت مندی بھی ثابت ہوتی ہے۔ آپ اگلے روزمیاں نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد کا پیغام بھیج رہے تھے۔
تمام نااہل ایک اہل کو نااہل کرنے
میں لگے ہوئے ہیں: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''تمام نااہل ایک اہل کو نااہل کرنے میں لگے ہوئے ہیں‘‘ حالانکہ ایسا کرنے کے لیے سب کو اکٹھا ہو کر یہ کام کرنے کی ضرورت نہیں تھی جبکہ چند افراد کی مدد سے بھی یہ کارنامہ سرانجام دیا جا سکتا تھا اور باقی کسی ایسے ہی کام کے لیے بچائے جا سکتے تھے جبکہ اصولی طور پر ایک کام کے لیے صرف ایک ہی فرد کافی ہونا چاہیے تھا اور اس طرح لوگوں کی ناقدری بھی ہوتی ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ ایک مچھر مارنے کے لیے ایک بلکہ کئی توپوں کا اہتمام کیا گیا ہو‘ اس لیے حکومتی اراکین کو وقت اور افرادی قوت کے معاملے میں کفایت شعاری سے کام لیتے ہوئے اپنی طاقت کو اس طرح بکھرنے اور ضائع ہونے سے بچانا چاہیے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام نشر کر رہے تھے۔
عمران خان نے جھوٹ بولنے کے
سوا کچھ نہیں کیا: رانا مشہود
مسلم لیگ نواز پنجاب کے نائب صدر رانا مشہود نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا‘‘ حالانکہ آدمی اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کر سکتا ہے، مثلاً پیسہ بنانا، اسے بیرونِ ملک منتقل کرنا اور پھر اس سے اثاثے بنانا وغیرہ، جبکہ کئی ایسے شعبے ہیں جن میں طبع آزمائی کی جا سکتی ہے اور جن میں ورائٹی بھی موجود ہوتی ہے جبکہ ایک ہی کام کرتے رہنے سے آدمی نہ صرف خود بورہو جاتا ہے بلکہ دوسروں کی بوریت کا بھی سبب بنتا ہے جبکہ وہ اس سلسلے میں ہم سے بھی مدد حاصل کر سکتے تھے اور ہم ان کی پوری مدد بھی کرتے کیونکہ حریف ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ خیرسگالی کا اظہار بالکل ہی نہ کیا جائے۔ آپ اگلے روزلاہور میں قائداعظم کے یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں‘ جب بھی کوئی
پسند آ جائے‘ شادی کر لینی چاہیے: مریم نفیس
اداکارہ مریم نفیس نے کہا ہے کہ ''شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں‘ جب بھی کوئی پسند آ جائے‘ شادی کرلینی چاہیے‘‘ اور پکی عمر کے لوگوں سے شادی کرنے سے بالکل نہیں گھبراناچاہیے کیونکہ بزرگی کی ایک اپنی شان اور اپنا ایک وقار ہوتا ہے جو نوجوانوں میں خال خال ہی دستیاب ہے، نیز ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ پیرانہ سالی کی وجہ سے آپ انہیں اپنی ماتحتی اور کنٹرول میں بھی رکھ سکتی ہیں اور شادی کا عمر سے بالکل کوئی تعلق نہیں ہے، البتہ آج کل اس کا ایک تعلق جیب سے ضرور بن گیا ہے لہٰذا عمر کے بجائے زیادہ نظر اس طرف رکھنی چاہیے۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں سوالوں کے جوابات دے رہی تھیں۔
ڈریں مت! لڑکیاں خطرات مول لینے
کا حوصلہ پیدا کریں: میرا
سینئر اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ ''ڈریں مت! لڑکیاں خطرات مول لینے کا حوصلہ پیدا کریں‘‘ اور ظاہر ہے کہ یہ مشورہ لڑکیوں کے لیے ہے کیونکہ میرا تو تجربہ بھی اتنا ہے کہ ایسے تمام مراحل سے گزر چکی ہوں اور اب تو اپنے آپ کو مکمل طور پر محفوظ سمجھتی ہوں اور اب مجھے کیا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے چنانچہ میں نے لڑکیوں کومشورے دینے کا کام سنبھال لیا ہے جبکہ کسی اورکام کے کرنے کا ویسے بھی کوئی امکان نہیں ہے جبکہ میں لڑکیوں کے لیے ایک گائیڈ بھی مرتب کر کے شائع کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں کہ یہ ویسے بھی ایک اچھا اور مفید کام ہے۔ آپ اگلے روز امریکہ میں ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں قمر رضا شہزاد کی دو غزلیں:
سر پر جو فلک دھرا ہوا ہے
اس بوجھ سے دل ڈرا ہوا ہے
اک لفظ ابھی چبھا ہے دل میں
اک زخم ابھی ہرا ہوا ہے
اک اشک سے آنکھ نم ہے میری
اک رنج سے دل بھرا ہوا ہے
شدت کی ہے پیاس اور میرے
کوزے میں لہو بھرا ہوا ہے
اس شہر میں المدد نہ کہنا
ہر شخص یہاں مرا ہوا ہے
٭......٭......٭
سر پہ یہ خاک ہی اٹھا لاتے
اپنی پوشاک ہی اٹھا لاتے
تیرے سینے میں جو دھرا تھا وہ
دلِ سفاک ہی اٹھا لاتے
یہی کافی تھی نعمت ربی
خس و خاشاک ہی اٹھا لاتے
ہم تری بارگاہ سے اس بار
ہفت افلاک ہی اٹھا لاتے
دشت میں چھوڑ آئے ویرانی
اپنی املاک ہی اٹھا لاتے
شکل بننے سے پیشتر شہزادؔ
ہم ترا چاک ہی اٹھا لاتے
آج کا مقطع
ہنگامہ گرم ہے جو مرے چار سو ظفرؔ
سو بھی ہجوم سے نہیں تنہائی سے ہوا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں