"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور ڈاکٹر ابرار احمد

چار سال لوٹنے والوں سے پنجاب
پاک ہو گیا: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال لوٹنے والوں سے پنجاب پاک ہو گیا جبکہ 70 سال خدمت کرنے والوں کی برکات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں کیونکہ عوام بھی اسی خدمت گزاری کے عادی ہو گئے تھے‘ اس لیے وہ موسم بہار آج بھی سب کو یاد ہے اور جس کے شواہد ملک کے اندر اور باہر سب کی آنکھیں روشن کر رہے ہیں اور جس کے لوٹ کر آنے کی دعائیں مانگی جا رہی ہیں چنانچہ اس عظیم خدمت گار کی وطن واپسی کا شدت سے انتظار ہے تاکہ وہ سنہری زمانہ لوٹ آئے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
پی ڈی ایم‘ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی
ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں: راشد نسیم
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم‘ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں‘ اگرچہ ایک سکے کے دو ہی رُخ ہو سکتے ہیں اور ان میں تیسرے کی گنجائش نہیں ہوتی اور اس سے محاورے کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے لیکن اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہم ایک قومی سیاسی جماعت ہوتے ہوئے اس میں ترمیم بھی کر سکتے ہیں کیونکہ ہر زبان ارتقائی عمل سے گزرتی رہتی ہے اور اس میں ہم بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور ہر لحاظ سے داد کے بھی مستحق ہیں۔ آپ اگلے روز منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
الیکشن سے نہیں گھبراتے‘ خوشی سے عوام
کے پاس جائیں گے: عمران نذیر
مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ الیکشن سے نہیں گھبراتے‘ خوشی سے عوام کے پاس جائیں گے‘ اگرچہ عوام خوشی سے ہمارا سامنا مشکل ہی سے کریں گے حالانکہ ہم نے جو کچھ کیا تھا‘ خوشی خوشی ہی میں کیا تھا جو بد قسمتی سے ان کی ناخوشی میں تبدیل ہوتا رہا جس پر انہیں اپنی قسمت ہی سے رجوع کرنا چاہیے‘ بیشک ہم دونوں اپنی اپنی قسمت ہی کا پھل کھاتے رہے ہیں جس میں عوام کے صبر کا پھل بھی شامل تھا جو ان کے لیے اب بھی فراوانی سے موجود ہے‘ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
رانا ثنا صرف بڑھکیں مار سکتے ہیں: شیخ رشید
پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا ثنا صرف بڑھکیں مار سکتے ہیں اگرچہ انہیں بڑھکیں مارتے آج تک کسی نے نہیں دیکھا جبکہ انہیں بڑھکیں مارنے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی‘ وہ جو کرنا چاہیں چپ چاپ کر گزرتے ہیں اور یہ کہ صرف گیڈر ہی ایک ایسا جانور ہے جو گیڈر بھبکیاں دینے میں مشہور ہے جبکہ شیر کی ایک دن کی زندگی کے مقابلے میں گیڈر سو سال تک جی سکتا ہے اگرچہ اس محاورے میں غلطی ضرور ہے لیکن جو کچھ میں کہنا چاہتا ہوں رانا صاحب سمجھ تو گئے ہوں گے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
9ارب ڈالر ملنا کوئی مذاق نہیں عمران
بھیک مانگنے کے عادی ہیں: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 9ارب ڈالر ملنا کوئی مذاق نہیں عمران بھیک مانگنے کے عادی ہیں‘ جبکہ ہم صرف ملک کے لیے بھیک مانگ رہے تھے اور ہمیں اپنے لیے بھیک مانگنے کی کبھی ضرورت محسوس نہیں ہوئی کیونکہ ہم اپنی ضروریات کے مطابق بلکہ ان سے بھی بڑھ چڑھ کر ملک کے اندر ہی سے پوری کر لیا کرتے ہیں کیونکہ ملکی وسائل کو اگر استعمال نہ کیا جائے تو وہ پڑے پڑے خراب اور بیکار ہو جاتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ انہیں خراب اور بیکار ہونے سے بچایا ہے‘ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک ٹی وی کو انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
اور اب آخر میں ڈاکٹر ابرار احمد کی نظم:
میرے پاس کیا کچھ نہیں
میرے پاس
راتوں کی تاریکی میں کھلنے والے
پھول ہیں اور بے خوابی
دنوں کی مرجھائی روشنی ہے اور بینائی
میرے پاس لوٹ جانے کو ایک ماضی ہے اور یاد
میرے پاس مصروفیت کی تمام تر رنگا رنگی ہے
اور بے معنویت
اور ان سب سے پرے کھلنے والی آنکھ
میں آسمان کو اوڑھ کر چلتا
اور زمین کو بچھونا کرتا ہوں
جہاں میں ہوں وہاں ابدیت اپنی گرہیں کھولتی ہے
جنگل جھومتے ، بادل برستے ، مور ناچتے ہیں
میرے سینے میں ایک سمندر نے پناہ لے رکھی ہے
میں اپنی آگ میں جلتا ، اپنی بارشوں میں نہاتا ہوں
میری آنکھوں میں
ایک گرتے ہوے شہر کا ملبہ ہے‘ ایک مستقل انتظار
اور آنسو اور ان آنسوؤں سے پھول کھلتے
تالاب بنتے ہیںجن میں پرندے نہاتے ہیں
ہنستے اور خواب دیکھتے ہیں
میری آواز میں بہت سی آوازوں نے گھر کر رکھا ہے
اور میرا لباس ، بہت سی دھجیوں کو جوڑ کر
تیار کیا گیا ہے
میرے پاس دنیا کو سنانے کے لیے کچھ گیت ہیں
اور بتانے کے لیے کچھ باتیں
میں رد کیے جانے کی خفت سے آشنا ہوں
اور پزیرائی کی دل نشیں مسکراہٹ سے بھرا رہتا ہوں
میرے پاس
ایک عاشق کی وارفتگی ، در گزر اور بے نیازی ہے
تمہاری اس دنیا میں میرے پاس کیا کچھ نہیں ہے
وقت اور تم پر اختیار کے سوا
آج کا مقطع
عداوتوں میں وہاں دھر لیا گیا ہوں ظفرؔ
جہاں کے لوگوں سے میں پیار کرنے آیا تھا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں