"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اوریاسمین سحر

عمران خان لیگی اور اتحادی ارکان کو خریدنے
کے لیے بولیاں لگا رہے ہیں: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان لیگی اور اتحادی ارکان کو خریدنے کے لیے بولیاں لگا رہے ہیں‘‘ جو محض ہمارے اتحادیوں کی نقل اتارنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور یہ سراسر وقت کا ضیاع ہے کیونکہ ؎
جس کا کام اُسی کو ساجے
دوسرا کرے تو ٹھینگا باجے
جبکہ خاں صاحب کے پاس تو اتنے پیسے ہی نہیں ہیں کہ وہ بولیاں لگا سکیں اور اب تو دونوں حکومتیں بھی نہیں رہی ہیں‘ لہٰذا امیدواروں کو بھی چاہیے کہ کوئی بھی سودا کرنے سے پہلے سامنے والی پارٹی کی مالی حالت کی تحقیقات ضرور کر لیں۔ آپ اگلے روز چودھری وجاہت حسین اور حسین الٰہی کی لیکڈ آڈیو کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
ہر صورت گیس کی قیمت میں
اضافہ کرنا چاہئے: مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ''ہر صورت گیس کی قیمت میں اضافہ کرنا چاہئے‘‘ کیونکہ گیس جتنی آسانی سے دستیاب ہو گی‘ اتنے ہی چولہے زیادہ چلیں گے اور کھانے پینے میں اتنا ہی اضافہ ہوگا جس سے مہنگائی کا گراف بھی اوپر جائے گا جبکہ عوام کو کفایت شعاری سے کام لیتے ہوئے کم کھانا چاہیے کیونکہ جب وہ ساری عمر کھاتے ہی چلے آئے ہیں تو اب یہ کام روک دینے میں کیا حرج ہے؛ چنانچہ اس فلاحی منصوبے کے تحت گیس کی قیمت میں اضافے کی اشد ضرورت ہے جس سے مہنگائی میں بھی فرق پڑے گا جس نے حکومت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ آپ اگلے روز سینیٹ میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
بھان متی کا کنبہ اپنی موت آپ مر رہا ہے: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''بھان متی کا کنبہ اپنی موت آپ مر رہا ہے‘‘ جبکہ یہ پرلے درجے کی خود غرضی ہے کیونکہ مرنے کے وسائل ہر کسی کے پاس نہیں ہوتے اور اس طرح کے بنیادی کاموں میں دوسروں کا بھی ہاتھ بٹانا چاہئے اور اپنے ہی پیٹ پر ہاتھ پھیرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے جبکہ جو ضرورت مند واقع ہوئے ہیں اور تعاون کے خواستگار ہیں‘ ان کا بھی کچھ خیال کرنا چاہیے تاکہ مل جل کر کام چلایا جا سکے اور سب کا بھلا ہو۔ آپ اگلے روز استعفوں کی منظوری کے بعد راولپنڈی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
کرکٹر نے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''کرکٹر نے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا‘‘ اور اس کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ہم نے جو قربانیاں دی تھیں‘ ان سب پر پانی پھیر دیا جبکہ سیلاب کے بعد پانی سے ہونے والا یہ دوسرا بڑا نقصان ہے جو ملک کو پہنچا ہے‘ نیز ملک کے لیے جتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں‘ کوئی دوسرا اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا، آپ خود ہی بتائیں کہ اس سے بڑی قربانی اور کیا ہو سکتی ہے کہ جتنے اثاثے بنائے ہیں‘ ان سے کئی گنا زیادہ بنائے جا سکتے تھے لیکن ملکی مفاد کے پیش نظر ایسا نہیں کیا گیا۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
کینسر کا علاج کرانے کے بجائے
سوچا تھا کہ مر جاؤں: سنجے دت
بالی وڈ کے بابا کہلانے والے اداکار سجے دت نے کہا ہے کہ ''کینسر کا علاج کرانے کے بجائے سوچا تھا کہ مر جاؤں‘‘ لیکن پھر یہ سوچ کر ارادہ ترک کر دیا کہ جن فلموں میں مَیں نے جزوی کردار ادا کر رکھا ہے‘ انہیں مکمل کون کرے گا اور جن فلمسازوں سے ایڈوانس لے رکھا ہے وہ تو میرے گھر والوں کا جینا حرام کر دیں گے؛ چنانچہ میں نے اپنے لواحقین کو اس مصیبت سے بچانے کی غرض سے یہی فیصلہ کیا کہ مرنے کا پروگرام ذرا ملتوی کر دوں اور ابھی اپنے کیریئر پر فوکس کروں۔ آپ اگلے روز ممبئی میں سوشل میڈیا فورم کے ذریعے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں یاسمین سحر کی غزل:
دھیان رکھنا ذرا کھدائی پر
پڑنے والا ہے پائوں کھائی پر
یہ حکومت تمہارے باپ کی ہے
عیش ہیں مفت کی کمائی پر
ساری محنت کسان کی ہے‘ تم
ناچ لو فصل کی کٹائی پر
اب زباں بند رکھنی ہو گی تمہیں
کان رکھے نہیں دہائی پر
زور باہر کہیں نہیں چلتا
پل پڑے ہو تم اپنے بھائی پر
جس نے چمڑی عوام کی کھینچی
بھیج لعنت تُو اس قصائی پر
بھاگتے چور کی ہے لنگو ٹی
داد ہے ہاتھ کی صفائی پر
آج کا مقطع
اس کی بھی ادا کی ہے ظفرؔ آج تو قیمت
جو چیز خریدی نہیں بازار سے ہم نے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں