غیر متنازع شخص کو متنازع بنانا
پی ٹی آئی کا منشور ہے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''غیر متنازع شخص کو متنازع بنانا پی ٹی آئی کا منشور ہے‘‘ اور اگر میرے جیسے شخص کو ہی متنازع بنانے کی کوشش کی جائے تو اس سے بڑی زیادتی اور کیا ہوگی کیونکہ زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح ہے جس کا مطالعہ اگرچہ کچھ ایسا فرحت انگیز نہیں ہے؛ تاہم اندرون و بیرونِ ملک اثاثوں کی شکل میں جو کچھ بنایا ہے‘ وہ سب کے سامنے ہے اور اس میں کسی قسم کے تنازع پیدا کرنے کا کوئی شائبہ نہیں ہو سکتا۔ آپ اگلے روز لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔
(ن) لیگ میں شمولیت کا فیصلہ آزادانہ
الیکشن لڑنے کے بعد کروں گا: چودھری نثار
سینئر سیاست دان اور سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ میں شمولیت کا فیصلہ آزادانہ الیکشن لڑنے کے بعد کروں گا‘‘ کیونکہ اگر اس کے اپنے پلّے ہی کچھ نہ ہوا تو اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیسے کر سکتا ہوں جبکہ اگر اس کے اپنے پاس ہی کچھ نہیں ہوگا تو وہ مجھے کیا دے گی جبکہ اس پارٹی سے میرے نکلنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ میں سچی بات سب کے سامنے کہہ دیتا تھا جو قائدِ محترم کو سخت ناپسند تھی؛ تاہم اب میں اپنے اندر کچھ نرمی پیدا کرنے کی کوشش کروں گا جس میں بظاہر کامیابی کا زیادہ امکان نظر نہیں آتا۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
ملک الیکشن کا متحمل نہیں‘ صورت حال
بگڑے گی: حنیف عباسی
مسلم لیگ نواز کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ''ملک الیکشن کا متحمل نہیں‘ صورت حال بگڑے گی‘‘ کیونکہ اگر الیکشن کے بعد شکست ہو گئی تو صورت حال میں اس سے زیادہ بگاڑ اور کیا ہو سکتا ہے، نیز احتساب مقدمات میں بے گناہ قرار دیے جانے والے افراد کے مقدمات دوبارہ کھولنے کا عندیہ بھی مل رہا ہے اور صورت حال میں جو اصلاح ہو چکی ہے‘ وہ خواب و خیال ہو کر رہ جائے گی اس لیے سبھی جماعتوں کو اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے بجائے الیکشن کی کھل کر مخالفت کرنی چاہیے اور عقلمندی کی بات بھی یہی ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
سب کو مل کر معیشت کو ٹھیک
کرنا ہے: چودھری شجاعت
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ''سب کو مل کر معیشت کو ٹھیک کرنا ہے‘‘ جس کا دور دور تک کوئی امکان نظر نہیں آتا کیونکہ نہ سب اکٹھے ہوں گے اور نہ ہی یہ ٹھیک ہو گی حتیٰ کہ خود (ق) لیگ بھی اکٹھی نہیں ہو پا رہی اور صرف تحریک انصاف ہی اکٹھی ہونے جا رہی ہے اور میں اپنی پارٹی کو اکٹھا کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہوں جس کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی چہ جائیکہ پوری قوم کے اکٹھے ہونے کی خوش فہمی میں مبتلا ہو کر اپنا قیمتی وقت ضائع کیا جائے۔ آپ اگلے روز ملک میں سیاسی صورت حال پر گفتگو کر رہے تھے۔
ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار
بنانا ضروری ہے: گورنر پنجاب
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ''ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے‘‘ کیونکہ مردوں کو بااختیار بنانے کا نتیجہ ہم نے دیکھ لیا ہے اور اگر خواتین بااختیار ہوتیں تو ملک اس حالت کو کبھی نہ پہنچتا، اس لیے اگر ملکی ترقی مطلوب ہے تو باگ ڈور خواتین کے ہاتھوں میں دے دی جائے اور اگر یہ کام پہلے کر لیا جاتا تو ملک جو ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا ہے‘ اس کی حالت کبھی ایسی نہ ہوتی جبکہ اب خواتین کی باری ہے اور وہ اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے پُرجوش بھی ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اوسلو (ناروے) سے فیصل ہاشمی کی تازہ نظم:
جست
اور زمیں کی الماری میں
اس نے میرے جسم کو رکھ کر
مجھ سے کہا تھا:
ڈوبنے والے سارے سورج‘ سب تہذیبیں
سچے جھوٹے‘ اچھے برے سب لوگ
یہاں سے نکلیں گے
پھر وہ رات کے پل سے پار اتر کر
خالی پن کے افسردہ خاموش خلا میں
آ جائیں گے!
تم کو بھی اس پار اترنا ہوگا
ایک اندھیرا‘ روشنیوں کے بھیس میں آکر
تم سے ملے گا... اور کہے گا:
ادھر ہماری جانب آئو
زہرکدوں سے آنے والے
یہاں قیام کیا کرتے ہیں!
اور پھر اس نے یہ بھی کہا تھا:
کیچڑ کیچڑ روحوں کے ظلمات میں
اپنی نپی تلی حکمت کے دم پر‘ تھپ تھپ چلتے
ارض وسما کی گردش سے کچھ دور نکلتے
اجنبیوں کی صورت جب تم
اپنی جانب دیکھو گے
تب اس دل میں بجھ جائیں گی
ازل ابد کی
سان گمان میں آنے والی ساری باتیں‘ سارے خدشے
جن کی بابت تم نے
ڈرتے ڈرتے اس پاتال کی تاریکی میں
آنکھیں میچ کے جست بھری تھی!!
آج کا مطلع
دل کا یہ دشت عرصۂ محشر لگا مجھے
میں کیا بلا ہوں رات بڑا ڈر لگا مجھے