"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اورافضال نوید

عمران خان جیل بھرو تحریک کا آغاز
زمان پارک سے کریں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''عمران خان جیل بھرو تحریک کا آغاز زمان پارک سے کریں‘‘ اور سب سے پہلے ان سینکڑوں کارکنوں کو جیل بھجوائیں جو وہاں ان کی حفاظت کے بہانے عیش کر رہے ہیں اور خود وہ بنی گالا چلے جائیں‘ جہاں ان کی حفاظت کا پورا پورا انتظام موجود ہے کیونکہ کئی احباب نے جیل جانے کے بجائے بیرونِ ملک جا کر سانس لیا تھا اور حکومت دیکھتی کی دیکھتی رہ گئی تھی اور آج تک انہیں اجازت دینے پر پچھتا رہی ہے۔ آپ اگلے روز ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہی تھیں۔
گورنرز اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ
پر فٹ بال کھیل رہے ہیں: سرفراز چیمہ
سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ''گورنرز اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ پر فٹ بال کھیل رہے ہیں‘‘ حالانکہ انہیں دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے مثلاً ہاکی جو ہمارا قومی کھیل ہے اور عرصہ دراز سے نظر انداز چلا آ رہا ہے، اس کی زبوں حالی پر ترس کھانا بھی ضروری ہے جبکہ کرکٹ جو ہمارا مقبول ترین کھیل ہے‘ اس کی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جس میں ٹی ٹونٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ سمیت ہر طرح کے فارمیٹ کی پوری پوری گنجائش موجود ہے، علاوہ ازیں کبڈی‘ جو ہمارا جدی پشتی کھیل ہے‘ اس کی سرپرستی بھی ہونی چاہئے۔ آپ اگلے روز زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
امن کے لیے منصوبہ نہ دیا تو عوام کا سمندر
حکمرانوں کے دفاتر تک پہنچ جائے گا: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''امن کے لیے منصوبہ نہ دیا تو عوام کا سمندر حکمرانوں کے دفاتر تک پہنچ جائے گا‘‘ جہاں وہ قید ہو کر رہ جائیں گے اور باہر نکلنے سے بھی قاصر ہوں گے‘ اس لیے ان کے لیے بہتر ہے کہ یا تو اپنے دفاتر کا رُخ ہی نہ کریں یا باہر نکلنے کے لیے کشتی وغیرہ کا بندوبست کر لیں‘ بصورتِ دیگر اپنے دفاتر ہی میں مستقل رہائش کا بندوبست کریں کیونکہ اس سمندر کو بھی ایک مستقل حیثیت حاصل ہو گی ع
ہم نیک و بد حضور کو سمجھائے دیتے ہیں
آپ اگلے روز پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
مہنگائی سے دماغی مریضوں کی
تعداد بڑھ گئی ہے: حکومت سندھ
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ''مہنگائی سے دماغی مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے‘‘ جس کا سب سے آسان علاج یہ ہے کہ لوگ مہنگائی کے بارے سوچنا ہی چھوڑ دیں اور اسے ایک قدرتی آفت سمجھتے ہوئے نظر انداز کرکے صبر و شکر سے کام لینا شروع کر دیں؛ حکومت بھی اس آفت سے گلوخلاصی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کر رہی ہے لہٰذا عوام بھی اس پر دماغ سوزی کرنا چھوڑ دیں اور یہ بھی سوچ سوچ کر اپنا وقت ضائع نہ کریں کہ سیلاب اور دیگر فنڈز اور قرضوں کی مد میں باہر سے آنے والا پیسہ کہاں جاتا ہے۔ آپ اگلے روز سندھ اسمبلی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔
موٹاپے کے ڈر سے 9ماہ تک کھانا
پینا چھوڑ دیا تھا: مشال خان
اداکارہ مشال خان نے کہا ہے کہ ''میں نے موٹاپے کے ڈر سے 9ماہ تک کھانا پینا چھوڑ دیا تھا‘‘ لیکن اس دوران میرا وزن مزید بڑھ گیا کیونکہ معلوم ہوا کہ کھانا پینا چھوڑنے سے بھی وزن بڑھ جاتا ہے؛ چنانچہ میں نے دوبارہ ڈٹ کر کھانا پینا شروع کر دیا اور موٹاپے سے قطعاً بے نیاز ہو گئی کیونکہ زیادہ وزن والی اداکاراؤں کا کیریئر مستقل طور پر تاریک نہیں ہوتا جبکہ فلموں میں کبھی کبھار کشتیاں بھی کرائی جاتی ہیں یا لڑائی اور مارکٹائی کے تناظر میں بھی صحتمند ہونے کی ضرورت پڑتی ہے اس لیے مایوس ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
شیرازۂ نایافت مری خاک ہوئی ہے
تُو کون ہے تیری ہی یہ خاشاک ہوئی ہے
کس رنگ کا سبزہ ہے ہم آغوشِ دروبام
کس نام پہ ٹہنی مری نمناک ہوئی ہے
کس باغ میں پھرتا ہے کوئی رتجگے لے کر
کس خواب کی خوشبو ہے جو بے باک ہوئی ہے
شہنائی سی بجتی ہے حنابندیٔ شب میں
ہم بخیہِ انجم کوئی پوشاک ہوئی ہے
شاخِ شبِ مشکل مِری انگشتِ نمو سے
نکلی ہے تو کچھ خستۂ پیچاک ہوئی ہے
الزامِ مسلسل سے جو بچ جائیں وگرنہ
کچھ دیر کی قدغن تو طربناک ہوئی ہے
رخنہ جو نکالا ہے کبھی اپنی خبر کا
آخر کو وہی رخنۂ ادراک ہوئی ہے
اِک روز دفینہ تھی کسی ارضِ کہن کا
اب روح مری خالیٔ املاک ہوئی ہے
ملتی جو نہیں ہم کو نویدؔ اپنی خبر کچھ
لگتا ہے کہ پروردۂ افلاک ہوئی ہے
آج کا مطلع
وہ ایک طرح سے اقرار کرنے آیا تھا
جو اتنی دور سے انکار کرنے آیا تھا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں