"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اسد اعوان

عوام پی ٹی آئی کی مجرمانہ غفلت کا خمیازہ
بھگت رہے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عوام پی ٹی آئی کی مجرمانہ غفلت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں‘‘ جبکہ ہم نے کبھی ایسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا کہ جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے اور اپنا کام اس قدر دلجمعی سے کرتے رہے کہ حالات یکسر تبدیل ہوتے چلے گئے اور خدمت کا یہ عالم تھا کہ کشتوں کے پشتے لگا دیے؛ البتہ عوام اگر خمیازہ بھگت رہے ہیں تو یہ ان کی اپنی بدقسمتی ہے جبکہ ہر انسان اپنی قسمت ساتھ لے کر آتا ہے اور جو قسمت ہم اپنے ساتھ لے کر آئے تھے اس کے شواہد دور دور تک پھیلے ہوئے صاف نظر آ رہے ہیں۔ آپ اگلے روز توانائی کے منصوبوں پر ہدایات جاری کر رہے تھے۔
جعلی حکومت نے ملک میں
مصنوعی بحران پیدا کیا: مراد سعید
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ ''جعلی حکومت نے ملک میں مصنوعی بحران پیدا کیا‘‘ بلکہ اگر تھوڑی کوشش اور کرتے تو یہ بحران اصلی بھی ہو سکتا تھا لیکن وہ خود تو اصلی ہے مگر اصلی بحران پیدا کرنے میں سراسر ناکام رہی اور اس کام میں کامیابی کے لیے وہ ہم سے رابطہ کر سکتی ہے اور ملکی مفاد کی خاطر ہم ان کاموں کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں بلکہ ہمارے تعاون سے وہ ا س مصنوعی بحران کو اب بھی اصلی بحران میں تبدیل کر سکتی ہے اور ہمارے مشورے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ آپ اگلے روز سوات میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
باوقار اور مہذب معاشرے کیلئے خواتین کو برابر
کے حقوق دینا ضروری ہے: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''باوقار اور مہذب معاشرے کیلئے خواتین کو برابر کے حقوق دینا ضروری ہے‘‘ کیونکہ ہم اپنی کوششوں سے معاشرے کو مہذب اور باوقار تو بنا چکے ہیں‘ اب صرف خواتین کو برابر کے حقوق دینے کا کام باقی ہے جبکہ ضمیروں کو جگانے کا کام باقاعدگی سے ہوتا ہوا اب نقطۂ عروج کو پہنچ چکا ہے حتیٰ کہ جہاں بھی کسی سوئے ہوئے ضمیر کی اطلاع ملتی ہے اسے جھنجھوڑ جھنجھوڑ کر جگانے کے لیے موقع پر پہنچ جاتے ہیں‘ چاہے اس کے لیے کتنا ہی خرچہ اٹھانا پڑے اور نیک نیتی سے جو کام بھی کیا جائے‘ قدرت کی طرف سے بھی اس میں آسانی ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز خواتین کے عالمی دن پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان کے انتخابی مہم پر نکلتے ہی مخالفین
گیڈر کی طرح بھاگتے نظر آئیں گے: پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے ''عمران خان کے انتخابی مہم پر نکلتے ہی مخالفین گیڈر کی طرح بھاگتے نظر آئیں گے‘‘ اگرچہ گیڈروں کا کام بھاگنا نہیں بلکہ گیڈر بھبکیاں دینا ہوتا ہے کیونکہ وہ بھاگتے اس وقت ہی ہیں جب کوئی ان کے پیچھے بھاگ رہا ہو؛ اگرچہ وہ یہ دونوں کام بیک وقت بھی کر سکتے ہیں یعنی بھاگ بھی سکتے ہیں اور گیڈر بھبکیاں بھی دے سکتے ہیں اور انہیں اپنی گیڈر سنگھی کی حفاظت بھی مطلوب ہوتی ہے، نیز چونکہ شیر کے مقابلے میں ان کی عمر سوسال ہوتی ہے‘ اس لیے وہ سارے کام بیک وقت بھی کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
ہم مہنگائی پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے: مریم نواز
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ہم مہنگائی سے آنکھیں بند نہیں کرسکتے‘‘ کیونکہ کھلی آنکھوں سے مہنگائی کے نظارے بخوبی دیکھ رہے ہیں اور اس نے عوام کو ٹھیک جگہ رکھا ہوا ہے اور انہیں اپنے کیے کا اجر ملنا ہی چاہیے جنہیں مخالفین نے حکومت سے بدظن کر دیا ہے اور جو اب آنکھ اٹھا کر دیکھنے کو بھی تیار نہیں ہیں جبکہ ان کی طبیعت کی درستی کے لیے آئی ایم ایف ہی کافی ہے۔ آپ اگلے روز میڈیا کے ساتھ غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اسد اعوان کی غزل:
بیٹھا ہوا ہے کون سرِ انجمن اداس
دیکھے کوئی تو آج رخِ گلبدن اداس
تُو نے گلاب توڑا تھا اک بار شاخ سے
اب تک ہے اُس کے ہجر میں سارا چمن اداس
ہر بوالہوس کو دیکھا گیا ہے ترے قریب
پھرتے ہیں تیرے شہر میں اہلِ سخن اداس
بزمِ طرب میں سب کی نظر ہے مری طرف
سب کی نظر کے سامنے ہے بوسہ زن اداس
مدت کے بعد آئی ہے پھر رونقِ بہار
تیرے لیے ہوا ہے ترا بے وطن اداس
لیلیٰ کے آج ہجر میں مجنوں ہے مضطرب
شیریں کے واسطے ہے کوئی کوہکن اداس
اب شوخیٔ جمال نہیں مہ لقائوں میں
ہر خوبرو جوان کا ہے بانکپن اداس
میداں میں کون سامنے آیا ہے دفعتاً
زینِ فرس پہ دیکھا ہے شمشیر زن اداس
چرچے ہوئے ہیں جب سے نئے عشق کے اسدؔ
میں نے سنا ہے سارے ہیں وعدہ شکن اداس
آج کا مقطع
یہی ہے فکر کہیں مان ہی نہ جائیں ظفرؔ
ہمارے معجزۂ فن پہ گفتگو ہے بہت

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں