"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور نعیم ضرار

موسمیاتی تبدیلی پر عالمی ادارے
کا تعاون درکار ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''موسمیاتی تبدیلی پر عالمی ادارے کا تعاون درکار ہے‘‘ اور ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ ہر معاملہ پر عالمی اداروں سمیت دنیا بھر کے دیگر اداروں کا تعاون بھی درکار ہے جس میں معاشی تبدیلی سرفہرست ہے کیونکہ جب سے حکومت میں آئے ہیں، پیسے کی شکل دیکھنے کو ترس گئے ہیں اور پرانے وقتوں کو یاد کر کر کے ہی وقت گزار رہے ہیں جبکہ ملک سے پیسہ باہر بھیجنا تو کجا‘ ملک کے اندر بھی یہ خواب و خیال ہو کر رہ گیا ہے؛ چنانچہ خزانہ بالکل خالی ہے اور اب تو بس حکومت کے دن پورے کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
پنجاب بھر میں ماڈل قبرستان فوری
فنکشنل کیے جائیں: نگران وزیراعلیٰ
پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ''پنجاب بھر میں ماڈل قبرستان فوری فنکشنل کیے جائیں‘‘ کیونکہ اگر حکومت عوام کو ماڈل گھر نہیں دے سکتی تو کم از کم ان کے لیے ماڈل آخری آرام گاہ تو فراہم کر ہی سکتی ہے کیونکہ مہنگے اور خستہ حال قبرستانوں کی وجہ سے لوگ مرنے سے بھی لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں اور بقول شاعر ع
مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
اس لیے قبرستان ایسا ہونا چاہیے کہ ہر آدمی کا وہاں جانے کو جی چاہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
شکست کے خوف سے شہباز، زرداری اور مولانا
فضل الرحمن الیکشن سے بھاگ گئے: فرخ حبیب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''شکست کے خوف سے شہباز، زرداری اور مولانا فضل الرحمن الیکشن سے بھاگ گئے‘‘ تاہم ابھی ملک کے اندر ہی بھاگ رہے ہیں اور اگر دلیری سے کام لیتے تو ملک سے باہر بھی جا سکتے تھے جبکہ جرأت مند لوگ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور اس کے لیے بیماری کے بہانے بھی گھڑ لیتے ہیں اور اس طرح حکومت کو بے وقوف بنا جاتے ہیں حالانکہ حکومت اس معاملے میں مکمل خودکفیل ہے اور اس میں مزید کی گنجائش موجود نہیں ہے۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
مخالفین کی گالی گلوچ کا مقابلہ دلیل و
تہذیب سے کریں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''مخالفین کی گالی گلوچ کا مقابلہ دلیل و تہذیب سے کریں‘‘ اور یہ جو مخالفین کے نام رکھے ہوئے ہیں اور جو لے لے کر انہیں پکارتے ہیں‘ اس لیے ہیں کہ آدمی کے جتنے نام ہوں اس کے حوالے سے اتنی ہی سہولت رہتی ہے اور جس کی ایک زندہ اور روشن مثال چھوٹے میاں صاحب ہیں جنہوں نے مختلف چیلنجز کے حوالے سے اپنے کتنے ہی نام تبدیل کر ڈالے اور ان کی شخصیت پر ذرا بھی حرف نہیں آیا بلکہ ان کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا جس کی وجہ سے انہیں دوسروں سے ایک امتیازی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ آپ اگلے روز نوجوان پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔
شوبز کی دنیا میں میرا کوئی بیسٹ فرینڈ نہیں: عائشہ عمر
معروف اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ''شوبز کی دنیا میں میرا کوئی بیسٹ فرینڈ نہیں‘‘ بس درمیانے درجے کے اور گزارے لائق فرینڈ ہی ہیں جو بیسٹ فرینڈ بننے کی ناکام کوشش بھی کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں کچھ زیادہ گھاس نہیں ڈالتی کیونکہ پھر ان کی فرمائشیں شروع ہو جاتی ہیں جبکہ میرے سارے بیسٹ فرینڈ شوبز سے باہر کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے وہ پوشیدہ بھی رہتے ہیں اور شوبز کی دنیا میں کسی کو کانوں کان خبر تک نہیں ہوتی، اسی لیے میں شوبز کی دنیا والے فرینڈز کو ہمیشہ ایک حد تک ہی رکھتی ہوں۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر تبصرہ کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں نعیم ضرار کی شاعری:
وہی عنایتِ عرشِ بریں بھی رکھتا تھا
دعا کے ساتھ جو زادِ یقیں بھی رکھتا تھا
مقام و شرفِ رسائی اُسے ہوا حاصل
ترے حضور جو دل کی جبیں بھی رکھتا تھا
دلِ تباہ کے آثار یہ بتاتے ہیں
کبھی مکان تھا شاید مکیں بھی رکھتا تھا
گریزِ خلدِ بریں پہ میں یوں ہوا مائل
کہ زیرِ آسماں اپنی زمیں بھی رکھتا تھا
وہ میرے ساتھ تھا تو گام گام منزل تھی
قدم اٹھا کے میں چاہے کہیں بھی رکھتا تھا
٭......٭......٭
اُس نے اظہار کو لفظوں میں تھا ایسا باندھا
بہہ گیا ہر کوئی جذبات میں باندھا باندھا
اْس نے آنکھوں سے لگائی تھی گرہ ڈھیلی سی
گویا باندھا بھی مجھے اُس نے تو آدھا باندھا
میں نے جو رشتہ بھی جوڑا اُسے پورا جوڑا
جو بھی باندھا تھا بڑے زور سے دھاگا باندھا
روشنی جب بھی بکھرنے لگی اس چہرے کی
میں نے اطراف میں ہاتھوں کا کنارا باندھا
دل سے لہرا کے نکلتی ہیں دعائیں اُس کو
جس نے پرچم میں مرے چاند ستارا باندھا
اب دھڑکتا ہی چلا جاتا ہے سرپٹ بگٹٹ
دل کی گردن میں یہ کیا تم نے اشارا باندھا
آج کا مقطع
اک لہر ہے کہ مجھ میں اچھلنے کو ہے ظفرؔ
اک لفظ ہے کہ مجھ سے ادا ہونے والا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں