عہدہ لے کر پھریں گے مگر کوئی وزیراعظم
نہیں بنے گا: خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور نواز لیگ کے مرکزی و سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''یہ عہدہ لے کر پھریں گے مگر کوئی وزیراعظم نہیں بنے گا‘‘ کیونکہ جو سلوک انہوں نے ایک سابق وزیراعظم کے ساتھ کیا ہے اور جس طرح اسے پارٹی عہدے سے فارغ کیا گیا ہے‘ اس کا نتیجہ یہی نکلنا ہے‘ اوّل تو اس کی نوبت ہی نہیں آئے گی کیونکہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں ووٹوں کی اکثریت حاصل کرنے سے بنتا ہے اور اگر ایسا ممکن ہی نہیں ہے اور جو صاف نظر بھی آ رہا ہے تو عہدہ لے کر پھرنے کی نوبت ہی کہاں سے آئے گی۔ آپ اگلے روز پاکستان ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال سے گفتگو کر رہے تھے۔
سیاسی جماعتیں ملک کے لیے اتفاقِ رائے
پیدا کریں: چودھری شجاعت حسین
(ق) لیگ کے سربراہ اور بزرگ سیاسی رہنما چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ''سیاسی جماعتیں ملک کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کریں‘‘ جس کی ابتدا میں نے کر دی ہے اور میری ہی مساعی جمیلہ کی وجہ سے (ق) لیگ چودھری پرویز الٰہی کی رہنمائی میں پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے جا رہی ہے جس سے دونوں جماعتوں کا اتحاد عمل میں آئے گا‘ اسی طرح نواز لیگ میں جو دھڑے بندی جا ری ہے اس کے نتیجے میں بھی لازم ہے کہ کوئی نیا اتحاد اور اتفاق معرض وجود میں آ جائے گا۔ آپ اگلے روز اپنی رہائش گاہ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کر رہے تھے۔
عالمی برادری ترکیہ بحالی میں اپنا کردار ادا
کرے: شہباز شریف
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عالمی برادری ترکیہ بحالی میں اپنا کردار ادا کرے‘‘ اور ساتھ ہی ہمارا بھی خیال رکھے جو اپنے منہ سے کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ہماری حالت زار سارا معاملہ واضح کر رہی ہوتی ہے بلکہ اسے چاہیے کہ ہماری موجودہ صورتحال کا ہمارے ماضی سے مقابلہ کر کے دیکھے کہ تب کیا تھا اور اب ہم کیا بھگت رہے ہیں چنانچہ میں نے عہد کر دکھا ہے کہ خود سے کچھ نہیں کہوں گا اور سارا کچھ اپنی زبانِ حال ہی پر چھوڑ رکھا ہے‘ اس لیے عقلمند کو اشارہ ہی کافی ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گفتگو کر رہے تھے۔
مٹھی بھر عناصر امن تباہ نہیں کر سکتے: وزیراعلیٰ پنجاب
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ''مٹھی بھر عناصر امن تباہ نہیں کر سکتے‘‘ اور اگر وہ اس مقصد میں واقعی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی تعداد کو مناسب حد تک بڑھانا ہوگا کیونکہ اس کم تعداد سے اتنے بڑے صوبے کا امن تباہ نہیں کیا جا سکتا اور وہ خواہ مخواہ جگ ہنسائی کا موجب بنیں گے چنانچہ جو کام کرنا ہو اس کے لیے مناسب تعداد اور طاقت اکٹھا کرنا پڑتی ہے جس کے لیے عقلمندی اور دور اندیشی بے حد ضروری ہوتی ہے‘ اس لیے یہ بنیادی طور پر دور اندیشوں اور عقلمندوں ہی کا کام ہے۔ آپ اگلے روز گورنر سندھ سے ملاقات کر رہے تھے۔
ہمیشہ اپنے مقصد پر نظر رکھتی
ہوں: حریم فاروق
اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ ''میں ہمیشہ اپنے مقصد پر نظر رکھتی ہوں‘‘ تاہم دوسروں کے مقاصد پر کڑی نظر رکھنا بھی ضروری ہے کیونکہ زمانہ خراب ہے اور ایسے عناصر کی طرف سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں کیونکہ ایسی کوتاہیوں سے سنگین نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں لیکن ایسے پچھتاوے سے بھی کیا فائدہ ہے۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور اب آخر میں بھارت سے صابر کی غزل:
بھانپ لیتا ہوں کہ وہ کیوں مرے گھر آتا ہے
ہم سفر بننے کی خواہش میں سفر آتا ہے
خشک داماں ہیں سبھی منتظرِ ابر یہاں
اُڑتی اُڑتی سی خبر ہے کہ ادھر آتا ہے
بے ارادہ وہ چلا آتا ہے اپنی دُھن میں
اُس کو آنا نہیں ہوتا ہے مگر آتا ہے
اب یہاں جانتا کوئی بھی نہیں ہے اُس کو
جانے کس آس میں آتا ہے، اگر آتا ہے
اُس کا آنا ہے نہ آنے کی طرح میرے لیے
جب میں جاتا ہوں اُدھر تب وہ ادھر آتا ہے
اتنا آسان نہیں ہے یہاں گزراں کرنا
پہلے تُو سوچ سمجھ لے کہ کدھر آتا ہے
ہم ترے خواب میں آ کر ہیں بہت شرمندہ
تُو یہاں بھی وہی محتاط نظر آتا ہے
تیری باتوں میں بھی اُلجھا نہ زمانہ صابرؔ
ہم سمجھتے تھے کہ تجھ کو یہ ہنر آتا ہے
آج کا مقطع
اس کا ہونا ہی بہت ہے وہ کہیں ہے تو سہی
کیا سروکار اس سے ہے مجھ کو ظفرؔ کیسا ہے وہ