"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے علی صابر رضوی

بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ سچ
کا ساتھ دیا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا‘‘ اور سچ ہی کا ساتھ دینا چاہیے جس کی تازہ ترین مثال جام پور کا ضمنی الیکشن ہے اور امید ہے کہ اسی طرح ہمارا پورا ملک سچ کا ساتھ دینا شروع کر دے گا جبکہ جھوٹ کو بھی جھوٹ نہیں بلکہ سیاسی بیان کہنا چاہیے، نیز کسی کی علالت کو سچ ثابت کرنے کے لیے کئی طریقے اور ذرائع موجود ہیں جبکہ لندن سے پاکستان واپسی بھی سچ ہی کا ساتھ دینے کی ایک کوشش ہو گی، وہ الگ بات کہ وہاں پہنچنے کے بعد جو کچھ ہونے کی توقع ہے‘ اس کے پیشِ نظر احباب اس اقدام سے منع کر رہے ہیں اور جو ہو گا وہ بھی صاف اور سچ نظر آ رہا ہے۔ آپ اگلے روز لندن سے کوئٹہ پریس کلب سے آڈیو خطاب کر رہے تھے۔
مریم نواز کو شہباز شریف کی حمایت
کرنی چاہیے: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''مریم نواز کو شہباز شریف کی حمایت کرنی چاہیے‘‘ اور حکومت کے خلاف باتیں کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ آخر کار وہ ملک کے وزیراعظم ہیں اور جو وہ ہر جگہ مدد مانگ رہے ہیں‘ اس پر انہیں اتنا تو کرناہی چاہیے۔ ممکن ہے کہ حکومت سنبھالنے یا کم از کم اس عہدے کے لیے ان کی رضا مندی نہ ہو مگر اب انہیں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے بلکہ میں جو سابق وزیراعظم ہوں‘ دل پر پتھر رکھ کر میری بھی حمایت کرنی چاہیے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
معاشی استحکام کے لیے مردم شماری
ناگزیر ہے: فاروق ستار
ایم کیو ایم کے مرکزی کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ''معاشی استحکام کے لیے مردم شماری ناگزیر ہے‘‘ تاکہ عام انتخابات چند سال کے لیے ملتوی ہو جائیں اور اپنی صفوں کو درست کرنے کا موقع مل سکے کیونکہ اس وقت الیکشن کے لیے بالکل تیار نہیں ہیں جبکہ ضمنی انتخابات کے لیے بھی تیار نہیں تھے ورنہ ان میں ضرور حصہ لیتے جبکہ اس ضمن میں دیر آید درست آید کے مقولے پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ یہ حکمت کے ایسے موتی ہیں جو بزرگوں نے عنایت کر رکھے ہیں بلکہ ہمارے لیے تو 'سہج پکے سو میٹھا ہو‘ زیادہ سودمند ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روز کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اداروں کو نیب قوانین میں بڑی دلچسپی ہے
معلوم نہیں کیا خرابی نظر آئی: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ'' اداروں کو نیب قوانین میں بڑی دلچسپی ہے‘ پتا نہیں کیا خرابی نظر آئی‘‘ حالانکہ اس میں سب سے بڑی خرابی یہی ہے کہ یہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے علاوہ اثاثے بنانے کے بھی خلاف ہیں اور جو سراسر زیادتی کی بات ہے کیونکہ کرپشن عوام میں ایک پسندیدہ اسلوب کی حیثیت اختیار کر چکی ہے اور ہمارے اتحادیوں کے بقول ترقی کے لیے ایک لازمے کی حیثیت رکھتی ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو لوگوں کو ایسے افراد کو منتخب بھی نہیں کرنا چاہیے جو ابھی تک عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کر سکے اور جن کی قابلیت کی داستانیں اندرون و بیرونِ ملک پھیلی ہوئی ہیں۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
جب وقت آئے گا شادی بھی
ہو جائے گی: بابر اعظم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ''جب وقت آئے گا تو شادی بھی ہو جائے گی‘‘ کیونکہ اچھا اور برا‘ دونوں وقت کسی سے پوچھ کر نہیں آتے اور ویسے بھی آئی ہوئی کو کون ٹال سکتا ہے جبکہ شادی کا خیال بھی دل میں لانے سے میرے کھیل پر برا اثر پڑتا ہے اور جب بھی کم سکور پر آئوٹ ہوتا ہوں، یہی خیال ڈسٹرب کر رہا ہوتا ہے اس لیے کوشش یہ ہوتی ہے کہ یہ خیال بھی اپنے پاس پھٹکنے نہ دوں تاکہ سکون سے کھیلتا اور سکور کرتا رہوں۔ آپ اگلے روز ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔
اور‘ اب اوکاڑہ سے علی صابر رضوی کی غزل:
ستارے راکھ ہوئے آسمان ٹوٹ گیا
میں تجھ کو سوچ رہا تھا کہ دھیان ٹوٹ گیا
ترے جمال پہ سجدہ گزار ہوتے ہوئے
نہ جانے کتنے خداؤں کا مان ٹوٹ گیا
ذرا سی چوٹ نے بالوں سے بھر دیا شیشہ
ذرا سی بات سے اک خاندان ٹوٹ گیا
مری دعا نے مجھے خوش گمان رکھا ہے
میں کیا کروں گا اگر یہ گمان ٹوٹ گیا
میں کس طرح سے کہوں اے خدائے ابرِ کرم
تری عطا سے مرا سائبان ٹوٹ گیا
ترے جمال کو دیکھوں گا کرچی کرچی میں
اگر یہ شیشہ نام و نشان ٹوٹ گیا
شکستِ ضبط سے بنیاد میں دراڑ پڑی
صدا کی چوٹ سے سارا مکان ٹوٹ گیا
جنہیں کھلایا تھا صدیوں کی آبیاری سے
مرے گلوں سے وہی زعفران ٹوٹ گیا
ہماری ناؤ بھی ساحل سے ہم کنار ہوئی
ہوا کے زور سے جب بادبان ٹوٹ گیا
آج کا مقطع
جا کے سمجھائیں کیا اسے کہ ظفرؔ
تُو بھی تو درگزر نہیں کرتا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں