ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت
کارروائی کی جائے:شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘‘ کیونکہ مہنگائی کا سبب یہی لوگ ہیں؛ تاہم اسی سلسلے میں احتیاط کی بھی ضرورت ہے کیونکہ بعض ذخیرہ اندوزیاں بے حد مفید بھی ہوتی ہیں، مثلاً اثاثوں اور روپے پیسے کی ذخیرہ اندوزی جبکہ پیسہ ملک سے باہر بھیجنے سے یہ گردش میں رہتا ہے اور بینک اکاؤنٹس میں اس کی ذخیرہ اندوزی اس کے علاوہ ہے جس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملازموں، فالودہ اور پاپڑ فروشوں کے اکاؤنٹس کھلوائے جائیں جس سے تھوڑے عرصے کے لیے وہ بھی امیر ہو سکتے ہیں یا سمجھ سکتے ہیں کہ وہ امیر ہو گئے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
شرجیل میمن کسی دن کسی دکان پر
کباب کھا کر دکھائیں: عمران اسماعیل
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ''شرجیل میمن کسی دن کسی دکان پر کباب کھا کر دکھائیں‘‘ جبکہ کباب کھانے سے پہلے کباب کھانے کے آداب ذہن نشین کر لیں کہ کباب ہمیشہ کسی اچھے ریستوران میں کھانے چاہئیں کیونکہ دکانوں پر صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام نہیں ہوتا، علاوہ ازیں دکانوں پر ملنے والے کبابوں میں ہڈی بھی ہوتی ہے، نیز وہ جل کر کباب بنے ہوتے ہیں، سیخ کباب سیخ سمیت نہیں کھانا چاہئیں اور شامی کباب شام کے وقت کھانے سے ہی مزہ دیتے ہیں، اور یہ کہ چپلی کباب پائوں میں پہننے کے کام نہیں آتے۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم
کرائیں‘ پھر الیکشن ہوں: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم کرائیں‘ پھر الیکشن ہوں‘‘ کیونکہ احتسابی قوانین میں ترمیم کے باوجود ان کی سزائیں ختم نہیں کی جا سکیں جبکہ یہ سزائیں کسی جرم کے بغیر دی گئی تھیں اور انہیں نظر انداز کر کے اقامہ کو بنیاد بنایا گیا تھا حالانکہ منی ٹریل کا سوال ابھی تک جواب طلب ہے اور اس حوالے سے زیادہ کریدنا کہیں سنگین ہو سکتا تھا کیونکہ فلیٹس کی ملکیت برادرِ عزیز تسلیم بھی کر چکے تھے۔ آپ اگلے روز ساہیوال میں کارکنوں سے خطاب کر رہی تھیں۔
نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ''نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے‘‘ اگرچہ وہ خود جلاوطنی کے جس بحران میں پھنسے ہوئے ہیں‘ پہلے اس سے نکلنا ہے جس کی بظاہر کوئی صورت نظر نہیں آ رہی کیونکہ سزا معافی کی اپیلیں ناکام ہو چکی ہیں؛ تاہم اگروہ دنیا بھر میں موجود اثاثے بیچ ڈالیں اور اس رقم کو ملک میں لے آئیں تو نہ صرف ملک کا قرضہ کم ہو سکتا اور ملک معاشی بحران سے نکل سکتا ہے بلکہ یہ ملک دیگر ملکوں کو قرضے دینے کے قابل بھی ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روز ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
کئی بار خودکشی کی کوشش کر چکی ہوں: عرفی جاوید
بھارت کی متنازع شوبز سٹار عرفی جاوید نے کہا ہے کہ ''کئی بار خودکشی کی کوشش کر چکی ہوں‘‘ مثلاً ایک بار دریا میں چھلانگ لگائی تو وہ خشک نکلا، الٹا اس سے کافی چوٹیں ضرور آئیں لیکن وہ بھی اس مقصد کے لیے کافی نہیں تھیں اس لیے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، علاوہ ازیں ایک بار چھت کے پنکھے سے لٹکنے کی کوشش کی لیکن رسہ کمزور تھا اس لیے دھڑام سے نیچے آ رہی اور دوبارہ چوٹیں آئیں؛ تاہم ان اقدامات سے شہرت ضرور ملی جبکہ اگر یہ کوششیں کامیاب ہو جاتیں تو اس صورت میں جو شہرت ملتی وہ میرے کس کام کی تھی۔ آپ اگلے روز ممبئی میں ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں صغیر تبسم کے پنجابی شاعری کے مجموعے ''جیوندیاں مردِیاں آساں‘‘ میں سے یہ شاعری:
اکھاں اُتوں پٹی لاہ کے ہُن تے بندیا جاگ
پُھلاں دے پرچھاویں اولھے شُوکن کالے ناگ
اسماناں توں لہو دے بدل رت پئے برسان
دھرتی وچوں بھانبڑ اُٹھن سڑدے جاون باگ
تسیاں اکھاں بنجر سینے اندروں کوڑے زہر
اینے بھیڑے کدی نہ ویکھے دریاواں دے بھاگ
انج لگدا اے چڑیاں پچھے فیر شکاری آئے
اسماناں نوں سر تے چُکن رولا پا پا کاگ
اوہدی سوچ دی بُکل مار کے سانوں یار صغیرؔ
ہاڑ جیٹھ توں تَتّا لگے کورا سٹدا ماگ
٭......٭......٭
اک ہور دسمبر لنگھ گیا
ساڈے ماس دا بالن بال کے
ساڈا ہسدا جوبن گال کے
سانوں اگاں وچ اچھال کے
کوئی سولی اُتے ٹنگ گیا
اک ہور دسمبر لنگھ گیا
سانوں سفنیاں اندر رول کے
سانوں یار ملن دا بول کے
ساڈا سینہ اندروں پھول کے
کوئی بدل تھل دا کھنگ گیا
اک ہور دسمبر لنگھ گیا
سانوں اندرو اندری توڑ کے
سانوں ککھاں وانگ مروڑ کے
سانوں قبراں دے وچ روڑھ کے
کوئی ساہواں ساتھوں منگ گیا
اک ہور دسمبر لنگھ گیا
آج کا مطلع
بجلی گری ہے کل کسی اجڑے مکان پر
رونے لگوں کہ ہنس پڑوں اس داستان پر