"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور مسعود احمد کی پنجابی شاعری

چاہتے ہیں کہ ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''چاہتے ہیں ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو‘‘ اور ترقی سے زیادہ ضروری تیز رفتار ترقی ہے کیونکہ ہم سست رفتار ترقی میں یقین نہیں رکھتے کہ اس کا کوئی فائدہ ہی نہیں اور یہ مجھے وزیراعظم بنائے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی اور اگر ابھی الیکشن ہوئے تو میرے وزیراعظم بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ لندن میں بیٹھے بیٹھے وزیراعظم نہیں بن سکتا جبکہ واپسی پر مقدمات میرا انتظار کر رہے ہیں‘ اسی لیے واپسی کا بھی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آپ اگلے روز مدینہ منورہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
سیاستدان مل کر نہ بیٹھے تو خالی جگہ
کوئی اور پُر کرے گا: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر ''سیاست دان مل کر نہ بیٹھے تو خالی جگہ کوئی اور پُر کرے گا‘‘ اور سکول کے زمانے میں ہمیں یہ سوال خاص طور پر دیا جاتا تھا کہ خالی جگہوں کو پُر کریں جبکہ خالی جگہ ویسے بھی بری لگتی ہے اور اس کا پُر ہونا ضروری ہوتا ہے کیونکہ خالی جگہ چھوڑنے کا مطلب ہی یہ ہوتا ہے کہ آ بیل مجھے مار اور اگر بیل کو مارنے کی خود دعوت دی جائے تو اس کا کیا قصور ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بیل جگہ خالی ہونے کا ہی انتظار کر رہا ہو اور اس بیل کی مار ویسے بھی کئی کئی سال نکال جاتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان انتخاب نہیں‘ انتشار چاہتے ہیں: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''عمران خان انتخاب نہیں‘ انتشار چاہتے ہیں‘‘ کیونکہ انتخاب کا مطلب ہی انتشار ہے اور ابھی انتخاب ہوا بھی نہیں اور اس کی باتیں ہی ہو رہی ہیں تو ملک بھر میں افراتفری کا عالم ہے‘ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انتخاب کے بعد انتشار اور افراتفری کا کیا عالم ہوگا اور جب تک یہ اونٹ کسی کروٹ بیٹھ نہ جائے‘ اس سے یہ کیسے پوچھا جا سکتا ہے کہ اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی؟ آپ اگلے روز دیگر لیگی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
گرفتاریاں اور مذاکرات ساتھ
ساتھ نہیں چل سکتے: پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''گرفتاریاں اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے‘‘ اس لیے یا تو گرفتاریاں پہلے کر لیں اور بعد میں مذاکرات، یا پہلے مذاکرات کر لیں اور گرفتاریوں کو فی الحال ملتوی کر دیں کیونکہ ایک وقت پر ایک ہی کام اچھا لگتا ہے، یا اگر حکومت زیادہ انتظار نہیں کر سکتی تو مذاکرات کے ختم ہوتے ہی گرفتاریوں کے فریضے سے سبکدوش ہو جائے کیونکہ اس صورت میں نہ تو اسے مطلوبہ اشخاص کو تلاش کرنا پڑے گا اور نہ چھاپے مارنا پڑیں گے کیونکہ سب لوگ موقع ہی پر موجود ہوں گے۔ آپ اگلے روز لاہور میں مختلف پارٹی رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کر رہے تھے۔
قومیں سڑکوں پر آنے سے نہیں‘ تعلیم
سے بنتی ہیں: گورنر پنجاب
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ''قومیں سڑکوں پر آنے سے نہیں‘ تعلیم سے بنتی ہیں‘‘ اس لیے اگر عمران خان اس قوم کو واقعتاً قوم بنانا چاہتے ہیں تو اسے اپنے پیچھے لگانے کے بجائے سکولوں میں داخل کرا دیں جبکہ موجودہ صورتحال میں وہ شاید وزیراعظم تو بن جائیں لیکن قوم ناخواندہ کی ناخواندہ ہی رہے گی اور اسے کسی طرح بھی قوم نہیں کہا جا سکے گا‘ اس لیے ایک ناخواندہ قوم کا وزیراعظم بننے کے بجائے انہیں چاہیے کہ قوم کو پہلے زیورِ تعلیم سے آراستہ کریں۔ آپ اگلے روز ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں مسعود احمد کی پنجابی شاعری
ایویں تے نئیں وڈے ہوئے
سولی اُتے گڈے ہوئے
پچھدے کی او پتا ٹھکانا
دیسوں ملکوں کڈے ہوئے
میں تے میرا دکھ دوویں ای
آمنے سامنے وڈے ہوئے
دور دریڈا پینڈا اُتوں
ہونیاں نے منہ اڈے ہوئے
آسماناں تو لمک رہے آں
پاویں ہتھ نے چھڈے ہوئے
پباں بھار حیاتی لنگھی
پیراں دے وچ کھڈے ہوئے
رولا دو گز مٹی دا سی
تھاں تھاں ساڈے پھڈے ہوئے
٭......٭......٭
تو وی جے نئیں جان دا مینوں
اوتھے کون سہیان دا مینوں
میں منگیا نا ہونی دِتا
رستہ واپس آن دا مینوں
شِکر دوپہرے وی نئیں لگیا
سورج میرے ہان دا مینوں
ماں موئی تے فیر نئیں بھلیا
رستہ قبرستان دا مینوں
بھائیاں فیر ارادہ کیتا
کھوہ دے وچ لمکان دا مینوں
جد وی کیتا اپنا کیتا
فیدا کی نقصان دا مینوں
آج کا مقطع
مجھ سے چھڑوائے مرے سارے اصول اس نے ظفرؔ
کتنا چالاک تھا مارا مجھے تنہا کر کے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں