ثاقب نثار کے خلاف کارروائی
ہونی چاہیے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے‘‘ کیونکہ اگر کسی ایک کے خلاف کارروائی ہو جائے گی تو باقی کو نصیحت بلکہ عبرت حاصل ہو جائے گی، نیز اس سے ان کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی جو ہمارے لیے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں اور نیز اس اقدام کے بعد میری لندن سے واپسی کی بھی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں، ہاتھ کنگن کوآرسی کیا ہے۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا کے روبرو اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
نوجوانوں کو ریاست کے خلاف کرنے کی
مہم چلائی جا رہی ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''نوجوانوں کو ریاست کے خلاف کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے‘‘ جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ نوجوانوں کو بہلا پھسلا کر عمران خان کے پیچھے چلنے کا موقع دیا جا رہا ہے جو سراسر ہمارے خلاف ہے اور اگر یہ ہمارے خلاف ہے تو دراصل ملک کے بھی خلاف ہے جبکہ سوال یہ ہے کہ یہ سارے بچے اتنی جلدی جوان کیسے ہو گئے ہیں اور نوجوان اتنی تیزی سے بوڑھے کیوں ہو گئے ہیں جو یقینا کسی سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے جبکہ مہنگائی کی وجہ سے اگر کھانے کو کچھ نہیں مل رہا ہے تو عمریں تیزی سے بڑھنے کی یہ خوفناک تبدیلی کیسے دونا ہو رہی ہے؟ آپ اگلے روز پارٹی کے نوجوان ممبر سازی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔
نگران حکومت میرے خلاف روز
نئے مقدمات بنوا رہی ہے:پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی میرے خلاف روز نئے مقدمات بنوا رہے ہیں‘‘ جس سے دوسرے کاموں میں حرج واقع ہو رہا ہے اس لیے اعتدال سے کام لیتے ہوئے انہیں چاہیے کہ مقدمات بنوانے میں اگر زیادہ نہیں تو ایک‘ دو دن کا ناغہ کر لیا کریں یعنی اگر روزانہ دو مقدمات بنواتے ہیں تو ایک دن چھوڑ کر اگلے روز چار مقدمات بنوا لیا کریں تاکہ وقت کم لگا کرے کیونکہ پھر میرے گھروں پر چھاپے بھی مارنے ہوتے ہیں، اس لیے وقت کی کفایت شعاری سے کام لیں‘ اس طرح ان کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
عدلیہ بھی حساب دے، پارلیمنٹ ہتھیار
نہیں ڈالے گی: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''عدلیہ بھی حساب دے، پارلیمنٹ ہتھیار نہیں ڈالے گی‘‘ کیونکہ ہم نے ہتھیار ڈالنے کیلئے نہیں اٹھا رکھے اور وقت آنے پر انہیں استعمال بھی کر سکتے ہیں جبکہ ہماری روایات میں بھی یہ چیز شامل ہے اور عملے کے لیے دیگیں پکوا کر لے جانے والے اب بھی موجود ہیں، عرض کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے ہاتھ سب نے دیکھے ہوئے ہیں اور وہ اچھی طرح واقف بھی ہیں، اس لیے عقلمند کے لیے اشارہ ہی کافی ہے اور جو اشارہ نہ سمجھے اس کے عقلمند ہونے میں سو طرح کے خدشات جنم لے سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز قومی اسمبلی میں عدلیہ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
مرد 56 سال کی عمر میں ہیرو آتا ہے، خاتون
کو ماں بنا دیتے ہیں: ماہ نور بلوچ
معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ نے کہا ہے کہ ''مرد 56 برس کی عمر میں ہیرو آتا ہے اور خاتون کو ماں بنا دیتے ہیں‘‘ اگر خواتین 40 سال کی عمر میں ہی عمر رسیدہ لگنے لگتی ہیں تو بوڑھے ہیرو کے ساتھ بوڑھی ہیروئن کیوں نہیں آ سکتی بلکہ اصل خطرہ تو یہ ہے کہ کہیں سینئر خواتین کو دادی اماں کے طور پر پیش کرنا نہ شروع کر دیا جائے حالانکہ خواتین 55 برس کی عمر میں بھی 45 برس کی لگ سکتی ہیں جس میں کافی کردار فلم بنانے والوں کا بھی ہوتا ہے جبکہ اب تو میک اَپ کے کئی جدید طریقے بھی متعارف ہو چکے ہیں، پھر کیا امر مانع ہے؟ آپ اگلے روز لاہور میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب کراچی سے احمد ذوہیب کا کلام:
یہ راز روح و بدن کے کتھارسس میں کھلے
کہ سانپ پھرتے رہے ہیں مرے قفس میں کھلے
کھلیں جہانِ ہنر پر رموزِ رنگ و روش
اگر وہ حسن کبھی میرے کینوس میں کھلے
سواریوں کا اترنے کو دل نہیں کرتا
وہ بال چھوڑ کے آتی ہے روز بس میں کھلے
یہ ایک پیڑ کہ جس کی تھکان مجھ سی تھی
یہ وہ جگہ تھی جہاں خود بخود ہی تسمے کھلے
کبھی کھلے نہ تھے دروازے مجھ پہ خوابوں کے
پھر ایک رات تجھے دیکھنے کی چس میں کھلے
٭......٭......٭
اُس کو بتائو جا کے جو حالت اپن کی ہے
گولی اسی کے پرس میں اتنی تھکن کی ہے
تم نے گلاب ٹانکے ہوئے تو ہیں زلف میں
یارا! مگر جو خوشبو تمہارے بدن کی ہے
امکانِ شعر سے بھری رہتی ہے جس قدر
لگتا نہیں وہ آنکھ اسی کم سخن کی ہے
پائل پہن کے آئی تری یاد کی ہوا
زنجیر نے مری بھی چھنا چھن چھنن کی ہے
مجھ کو بھلا رہا ہے پہ اس کو خبر نہیں
اس کارِ خیر میں بھی ضرورت لگن کی ہے
آج کا مقطع
مسئلہ اتنا بھی آسان نہیں ہے کہ ظفرؔ
اپنے نزدیک جو سیدھا ہے وہ الٹا ہی نہ ہو