قومی مجرم کو ریلیف ملے گا تو
ملک جلے گا: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''قومی مجرم کو ریلیف ملے گا تو ملک جلے گا‘‘ اگرچہ وہ مجرم نہیں بلکہ صرف ملزم ہے لیکن ہم اسے مجرم ہی سمجھتے ہیں؛ تاہم جن دیگر قائدین پر الزام لگتے رہے ہیں‘ ان پر انہیں مجرم نہیں کہا جا سکتا، بیشک ان کے خلاف ہر طرح کے ثبوت موجود تھے اور وہ اپنے اثاثوں کی منی ٹریل بھی نہیں دے سکے تھے اور یہ کہہ کر انہوں نے پراسیکیوشن کے دانت کھٹے کر دیے تھے کہ ہمارے بچوں سے پوچھو، جبکہ یہ تو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کیونکہ ان کے بچے بھی ملک سے باہر ہیں اور اسی لیے انہیں ملک سے باہر رکھا گیا تھا کہ پراسیکیویشن کو لاجواب کیا جا سکے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
عمران خان کو ریلیف سے
عوام کو فا ئدہ ہوگا: حامد خان
سینئر قانون دان حامد خان نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو ریلیف سے عوام کو فائدہ ہوگا‘‘ اگرچہ عوام کو کسی ریلیف کی ضرورت ہی نہیں ہے کیونکہ حکومت نے انہیں پہلے ہی اتنا ریلیف فراہم کر رکھا ہے جو ان کی ضروریات سے بھی زیادہ ہے اور وہ اسے کم کرنے کی استدعا کر رہے ہیں کہ اس ریلیف کی وجہ سے کہیں وہ بدہضمی کا شکار نہ ہو جائیں جبکہ اشیائے صرف انہیں نہایت سستے داموں مہیا ہو رہی ہیں بلکہ بعض اشیا تو انہیں مفت بھی دستیاب ہیں اور وہ اپنی نیند سوتے اور کسی کے جگانے پر جاگتے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
صرف ایک شخص کی نااہلی
13جماعتوں کا ایجنڈا ہے: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''صرف ایک شخص کی نااہلی 13جماعتوں کا ایجنڈا ہے‘‘ اور اسے کنجوسی کی انتہا ہی کہا جا سکتا ہے کیونکہ اس شخص کی جماعت میں متعدد ایسے اشخاص بھی موجود ہیں جو مبینہ نااہلی کی صورت میں اس کی جگہ لے سکتے ہیں اس لیے تیرہ جماعتوں کو اپنے ایجنڈے میں وسعت دینی چاہیے اور کم از کم 13اشخاص کو اپنا ہدف بنانا چاہیے تاکہ ان جماعتوں کے کریڈٹ پر ایک ایک شخص تو آ سکے۔ اس لیے ان جماعتوں کو چاہیے کہ اس ایجنڈے میں کچھ برکت بھی ڈالیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
پولیس شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں
سے نمٹے: نگران حکومت
پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ''پولیس شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے‘‘ اور پہلی فرصت میں اپنے ہاتھوں کی جگہ آہنی ہاتھ لگوائے تاکہ شرپسندوں کے ساتھ مؤثر طریقے سے نمٹ سکے جبکہ مارکیٹ میں آہنی ہاتھ کثرت سے دستیاب بھی ہیں اور اس کام سے فارغ ہو کر اپنے ہاتھ دوبارہ لگوائے جس کی سہولت ہمارے ہسپتالوں میں وافر مقدار میں موجود ہے اور جس کے لیے اسے چاہیے کہ اپنے اصل ہاتھوں کو سنبھال کر رکھے تاکہ بعد میں کسی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آپ اگلے روز لاہور میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کر رہے تھے۔
ٹام کروز میں کوئی
دلچسپی نہیں: شکیرا
کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے کہا ہے کہ ''ہالی وُڈ سٹار ٹام کروزمیں کوئی دلچسپی نہیں ہے‘‘ کیونکہ جب اس کام کے لیے دیگر سینکڑوں اداکار موجود ہیں تو ٹام کروز ہی کا کیوں انتخاب کیا جائے۔ البتہ ٹام کروز اگر خود کوئی دلچسپی ظاہر کرے تو اس پر غور ہو سکتا ہے کیونکہ اس مقصد کے لیے کسی خاص شخص تک محدود رہنا کنجوسی بھی ہے اور نامناسب بھی کیونکہ آدمی کو تنگ نظر نہیں ہونا چاہیے۔ آپ اگلے روز میامی فارمولا ون گرینڈ پری میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
ہونی نہ چاہیے کوئی ہمت میں اونچ نیچ
ہوتی ہی رہتی ہے یہ محبت میں اونچ نیچ
بچ کر ہی جا رہے ہیں خیانت سے‘ پھر بھی کچھ
ہو جاتی ہے جو خود ہی امانت میں اونچ نیچ
رُسوا تو خیر ہوتا ہے ہر کوئی دہر میں
ہونے نہ دیں گے ہم کبھی عزت میں اونچ نیچ
پختہ بہت ہے اپنے اُصولوں کا اور کبھی
ہونے نہیں دی اُس نے عداوت میں اونچ نیچ
ہیں جب سے آپ کے گُل و گلزار ہم سے دور
رہنے لگی ہے سیر و سیاحت میں اونچ نیچ
سمجھا لیا ہے جب سے دلِ نامراد کو
کچھ رنج میں ہوئی ہے نہ راحت میں اونچ نیچ
ہم نے ہے جب سے گھر کو بیاباں بنا لیا
پائی گئی ہے تب سے ہی وحشت میں اونچ نیچ
گریہ بھی اب تو وقت پہ ممکن نہیں رہا
کچھ اس طرح در آئی ہے فرصت میں اونچ نیچ
ہم ہیں تو سکہ بند شریف آدمی‘ ظفرؔ
لیکن ہے تھوڑی بہت شرافت میں اونچ نیچ
آج کا مطلع
پائے ہوئے اس وقت کو کھونا ہی بہت ہے
نیند آئے تو اس حال میں سونا ہی بہت ہے